بھارت اگلے 24 گھنٹوں میں حملہ کر سکتا ہے، پاکستان
👁️ 104 بار دیکھا گیا
بھارت اگلے 24 گھنٹوں میں حملہ کر سکتا ہے، پاکستان
اسلام آباد (ڈیلی اردو/رائٹرز/اے ایف پی) پاکستان کے وزیر اطلاعات نے بدھ کی صبح کہا کہ اسلام آباد کو ایسی “معتبر خفیہ اطلاعات” ہیں کہ بھارت اگلے 24 سے 36 گھنٹوں کے اندر ایک ناگزیر فوجی حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
ان کا یہ بیان اس پس منظر میں آیا ہے، جب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کی شام کو اپنے ملک کی مسلح افواج کو متنازعہ کشمیر میں گزشتہ ہفتے ہونے والے ایک ہلاکت خیز حملے کا مبینہ طور پر جواب دینے کا اختیار دیا اور کہا کہ وہ جس طرح مناسب سمجھیں آپریشن انجام دیں۔
بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے پہاڑی قصبے پہلگام کے قریب حملہ آوروں نے 26 سیاحوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
پاکستان کے وزیر اطلاعات نے مزید کیا کہا؟
پاکستان کے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ نئی دہلی گزشتہ ہفتے شہریوں پر حملے کو مزید فوجی کارروائی کے لیے “بہانے” کے طور پر استعمال کرنا چاہتا ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، “پاکستان کے پاس قابل اعتماد انٹیلیجنس ہے کہ بھارت پہلگام واقعے میں ملوث ہونے کے بے بنیاد اور من گھڑت الزامات کے بہانے اگلے 24-36 گھنٹوں میں پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پہلگام حملے کی “غیر جانبدار کمیشن کی طرف سے معتبر، شفاف اور آزاد تحقیقات” میں تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا، “پاکستان اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ بھارت کی طرف سے ایسی کسی بھی فوجی مہم جوئی کا یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔”
ان کا مزید کہنا تھا کہ اب بین الاقوامی برادری کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جنگ سے ہونے والے تباہ کن نتائج کی ذمہ داری صرف اور صرف بھارت پر عائد ہو گی۔
مودی نے بھارتی آرمی چیف سے کیا کہا؟
رائٹرز اور اے ایف پی نیوز ایجنسیوں نے حکومتی ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ منگل کی شام کو مودی نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، قومی سلامتی کے مشیر اور سینیئر جرنیلوں سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق انہوں نے فوجی سربراہوں کو “دہشت گردی کے حملے کے جواب کے لیے، طریقہ کار، اہداف اور وقت کے بارے میں فیصلہ کرنے کی مکمل آپریشنل آزادی دی۔”
بھارت پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر لگاتا ہے اور اس کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسلام آباد کشمیر میں عسکریت پسندی کی مالی معاونت اور حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ اسلام آباد اس الزام کی تردید کرتا ہے اور اس کا اصرار ہے کہ وہ مسلم اکثریتی کشمیر کے حق خود ارادیت کے لیے انہیں محض اخلاقی اور سفارتی حمایت فراہم کرتا ہے۔
دریں اثنا بھارت اور پاکستانی فوجیوں کے درمیان سرحد پار سے فائرنگ کا سلسلہ پانچویں دن بھی جاری رہا۔ بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے راتوں رات متعدد پاکستانی پوزیشنوں سے “بغیر اشتعال انگیز چھوٹے ہتھیاروں کی فائرنگ” کا جواب دیا۔
پاکستانی فوج نے کسی ایسی فائرنگ کی تصدیق نہیں کی، جس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم سرکاری ریڈیو نے منگل کو اطلاع دی تھی کہ ایل او سی پر فوج نے ایک بھارتی ڈرون کو مار گرایا ہے۔
رائٹرز کے ذرائع کے مطابق نئی دہلی نے ابھی تک اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے، تاہم بھارتی حکام نے یہ دعویٰ ضرور کیا ہے کہ پاکستان میں مقیم ہیکرز کی جانب سے بھارتی فوج سے منسلک ویب سائٹس میں دراندازی کی کوششوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
کشیدگی کم کرنے پر زور
اس دوران برطانیہ اور امریکہ سمیت کئی ممالک نے بھارت اور پاکستان سے تحمل سے کام لینے کی نصیحت کی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے بتایا ہے کہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے امریکی حکومت پاکستان اور بھارت دونوں سے رابطے میں ہے۔
واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کی طرف سے انہیں بتایا گیا ہے کہ بھارت اور پاکستان سے رابطہ کیا جا رہا ہے اور دونوں ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ کشیدگی نہ بڑھائیں۔
ٹیمی بروس کا کہنا تھا کہ مارکو روبیو جلد ہی اپنے پاکستانی اور بھارتی ہم منصبوں سے بات کریں گے۔ امریکی وزارتِ خارجہ کی ترجمان کے مطابق مارکو روبیو نے دیگر قومی رہنماؤں اور وزرائے خارجہ پر بھی زور دیا ہے کہ وہ بھی اس مسئلے پر پاکستان اور بھارت سے رجوع کریں۔
کشمیری شہریوں نے بنکر مضبوط کرنے شروع کر دیے
جوہری ہتھیاروں سے لیس پڑوسیوں کے درمیان کشمیری، جو ایل او سی پر اکثر گولہ باری میں پھنس جاتے ہیں، نے اپنے زیر زمین بنکروں کو مضبوط کرنا شروع کر دیا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان لڑائی کی صورت میں کہاں چھپنا ہے اس کے انتظام میں لگے ہیں۔
ایک 51 سالہ کسان اعوان نے اے ایف پی نیوز ایجنسی کو بتایا، “ہم نے سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کو برداشت کیا ہے، جو کہ ایک مشکل تجربہ رہا ہے، اور ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے بچے بھی اس سے گزریں۔”
اعوان نے بتایا کہ وہ اور ان کے بچوں نے ایک بنکر کو صاف کیا ہے، جسے وہ عام طور پر بھوسے کو ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
چکوٹھی گاؤں میں، لائن آف کنٹرول سے تقریباً تین کلومیٹر کے فاصلے پر، ڈی فیکٹو کشمیر بارڈر کے پاس اعوان اور اس کے کزن شبیر ایک بنکر تیار کر رہے ہیں، جو انہوں نے سن 2017 میں تقریباً تین لاکھ پاکستانی روپے کی لاگت سے بنایا تھا۔ غریب علاقے میں یہ ایک اہم رقم ہے۔
ریٹائرڈ سپاہی شبیر نے کہا، “ہر روز، بھارت مختلف دھمکیاں دیتا ہے، کہتا ہے کہ وہ یہ اور وہ کریں گے۔ اسی لیے ہم آج ان بنکروں کی صفائی کر رہے ہیں، تاکہ ضرورت پڑنے پر ہم ان کا استعمال کر سکیں اور اپنی زندگیوں کو محفوظ بنا سکیں۔”
ہمالیہ کے پہاڑوں میں بنائے گئے بنکر تقریباً 2.5 میٹر گہرے، 3.5 میٹر چوڑے اور 3.5 میٹر لمبے (آٹھ بائی دس بائی دس فٹ) کے ہیں۔ کچھ کنکریٹ کے ساتھ مضبوط ہیں، جو لوگ اس کی استطاعت نہیں رکھتے وہ بچنے کے لیے صرف مٹی کی دیواریں استعمال کرتے ہیں۔
چار بچوں کی ماں، 40 سالہ سلیمہ بی بی نے کہا، “ہماری بنیادی تشویش اپنے بچوں کی حفاظت ہے۔ ان کی حفاظت ہماری سب سے بڑی ترجیح ہے۔”
بیشتر مقامی لوگ کھیتی باڑی کے علاوہ، خوبصورت علاقے میں سیاحت کی صنعت پر بہت زیادہ انحصار کرتے ہیں، لیکن روئٹرز کی طرف سے دیکھی گئی ایک سرکاری دستاویز کے مطابق، مقامی حکام نے 87 اہم سیاحتی مقامات میں سے 48 کو بند کر دیا ہے۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
کراچی میں آپریشن، کالعدم بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کے 5 دہشت گرد گرفتار
17/June/2026 👁️ 53 بار دیکھا گیا
ایران میں حکومتی تبدیلی کی کبھی پروا نہیں کی، امریکی صدر ٹرمپ
17/June/2026 👁️ 72 بار دیکھا گیا
چارسدہ میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، ٹی ٹی پی کے 3 مطلوب دہشت گرد ہلاک
17/June/2026 👁️ 69 بار دیکھا گیا
ماسکو میں روسی آئل ریفائنری کو یوکرینی ڈرون حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی
17/June/2026 👁️ 57 بار دیکھا گیا
پنجاب: اٹک میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک، خودکش جیکٹ برآمد
16/June/2026 👁️ 66 بار دیکھا گیا
اسرائیل نے لبنان پر حملے بند نہ کیے تو سخت جواب دیا جائے گا، ایران
16/June/2026 👁️ 92 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8828 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4560 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3270 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2449 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2094 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ نے پولیس افسر قیصر حسین کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرلی
26/August/2025 👁️ 1897 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C