شہباز شریف اور ایردوآن کی ملاقات: بھارت کے خلاف ’دو ٹوک حمایت‘ پر ترکی کا شکریہ
👁️ 149 بار دیکھا گیا
شہباز شریف اور ایردوآن کی ملاقات: بھارت کے خلاف ’دو ٹوک حمایت‘ پر ترکی کا شکریہ
انقرہ (ڈیلی اردو/ڈی پی اے/ اے ایف پی) پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ترکی کی جانب سے پاکستان کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر بھی زور دیا ہے۔
انہوں نے یہ شکریہ اپنے دورہ انقرہ کے دوران ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔
شہباز شریف ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا، ”حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کی بھرپور حمایت پر ترک صدر کا شکریہ ادا، جس کے نتیجے میں پاکستان کو فیصلہ کن کامیابی حاصل ہوئی۔‘‘
ترک ایوانِ صدر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے ”توانائی، ٹرانسپورٹ، دفاع اور انسداد دہشت گردی میں معلومات و ٹیکنالوجی کے تبادلے سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔‘‘
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ُاس چار روزہ جھڑپ کے بعد دو ہفتے قبل جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا، جس میں سرحد پار میزائل، ڈرون اور توپ خانے کی فائرنگ کے نتیجے میں 70 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔
یہ جھڑپیں بھارتی زیر انتظام کشمیر میں ایک ہلاکت خیز حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیے جانے کے بعد اس وقت شروع ہوئی تھیں، جب بھارت نے پاکستان اور پاکستان کےزیر انتظام کشمیر میں مختلف مقامات پر میزائل داغے تھے۔ ترکی نے دونوں ممالک سے مکمل جنگ سے گریز کی اپیل کی تھی۔
دوطرفہ مضبوط تعلقات
ترکی اور پاکستان دونوں مسلم اکثریتی ممالک اور تاریخی طور پر قریبی تعلقات رکھتے ہیں۔ پاکستانی وزیرِاعظم شہباز شریف نے اپنے چار ملکی دورے کے لیے اپنی پہلی منزل کے طور پر ترکی کا انتخاب کیا، جہاں انہوں نے اتوار 25 مئی کو صدر ایردوان سے ملاقات کی۔
اسلام آباد میں وزیراعظم آفس سے جاری کردہ ایک اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات، بشمول مسئلہ جموں و کشمیر، پر اصولی حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے ترک صدر سے ملاقات کے دوران مشترکہ منصوبوں اور دو طرفہ سرمایہ کاری کے فروغ کی وکالت کی۔ انہوں نے قابلِ تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، دفاعی پیداوار، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور زراعت کو باہمی تعاون کے کلیدی شعبوں کے طور پر اجاگر کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں 13 فروری کو اسلام آباد میں منعقدہ ہائی لیول اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل (HLSCC) کے ساتویں اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا گیا۔ فریقین نے سالانہ پانچ ارب ڈالر کی باہمی تجارت کا ہدف حاصل کرنے کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا۔
دو طرفہ امور کے علاوہ، وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ایردوآن نے علاقائی اور عالمی صورتِ حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے غزہ میں انسانی المیے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور متاثرہ فلسطینی عوام تک بلا رکاوٹ امدادی رسائی کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستانی وزیرِاعظم کے ہمراہ دورہ کرنے والے اس وفد میں چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجودہ تھے، جنھوں نے جنوبی ایشیا میں حالیہ واقعات کے دوران پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر ترکی کی حکومت اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے ترکی کے اصولی مؤقف اور ترک عوام کے جذبہ خیرسگالی کو پاکستان کے لیے حوصلہ اور تقویت کا باعث قرار دیا۔
پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی نیوز کے مطابق، اس ملاقات میں ڈپٹی وزیرِاعظم اور وزیرِخارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیرِ اطلاعات عطااللہ تارڑ اور معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی بھی شریک تھے۔ بعد ازاں دونوں رہنماؤں نے وفود کی سطح پر مذاکرات کی مشترکہ صدارت بھی کی۔
چار ملکی دورہ
ترکی کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وزیرِاعظم شہباز شریف رواں ہفتے ایران، آذربائیجان اور تاجکستان کا بھی دورہ کریں گے۔
ان دوروں کے دوران وہ ان ممالک کی جانب سے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران دی جانے والی حمایت کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ باہمی تعلقات اور علاقائی و عالمی اہمیت کے امور پر وسیع تر بات چیت کریں گے۔ دفترِ خارجہ کے بیان کے مطابق، وزیرِاعظم چاروں ممالک کے رہنماؤں سے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی و عالمی اہمیت کے امور پر گفتگو کریں گے۔
پاکستانی میڈیا گروپ ڈان کے مطابق وزیرِاعظم اپنے دورے کے آخری مرحلے میں تاجکستان جائیں گے، جہاں وہ 29 اور 30 مئی کو دارالحکومت دوشنبے میں ہونے والی بین الاقوامی گلیشیئر کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان امریکی ثالثی سے جنگ بندی طے پائے دو ہفتے گزر چکے ہیں۔ کشیدگی کے دوران ایرانی وزیرِ خارجہ نے دونوں ممالک کا دورہ کرکے ثالثی کی کوشش کی تھی۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
پاکستان کسی فوجی یا جرنیل کی جاگیر نہیں، ہم سب کا ہے، مولانا فضل الرحمان
28/October/2026 👁️ 36 بار دیکھا گیا
بنوں میں پولیس کی کارروائی، 3 دہشتگرد ہلاک
28/October/2026 👁️ 36 بار دیکھا گیا
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی دو کارروائیاں، بی ایل اے کے 9 دہشتگرد ہلاک
28/October/2026 👁️ 44 بار دیکھا گیا
ایران کے خلاف جنگ پر امریکی اخراجات 47 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے، گولہ بارود کی خریداری پر 29 ارب ڈالر خرچ
28/October/2026 👁️ 84 بار دیکھا گیا
شام میں دمشق۔حمص شاہراہ پر ڈرون حملہ، القاعدہ سے منسلک سابق تنظیم کا کمانڈر سمیت 3 افراد ہلاک
28/October/2026 👁️ 96 بار دیکھا گیا
جنوبی وزیرستان میں سرحد پار سے گولہ باری، ایک شہری ہلاک، 5 زخمی؛ پاکستانی فورسز کی جوابی کارروائی
28/October/2026 👁️ 94 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
ٹرمپ کا ایران کو آخری الٹی میٹم، ڈیل نہ ہوئی تو تباہ کن کارروائی کی دھمکی
04/August/2026 👁️ 26407 بار دیکھا گیاایران میں موساد کیلئے جاسوسی کا الزام، دو افراد کو پھانسی دے دی گئی
04/August/2026 👁️ 15645 بار دیکھا گیاحوثیوں کا سعودی عرب کے نجران ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ
05/August/2026 👁️ 11945 بار دیکھا گیاجنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 9307 بار دیکھا گیایمن میں حوثی باغیوں کے میزائل اور ڈرون حملے، 36 فوجی اہلکار ہلاک
07/August/2026 👁️ 7559 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 5531 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C