18/December/2024

روسی جنرل ایگور کیریلوف کے قتل کے الزام میں ماسکو سے ازبک شہری گرفتار

👁️ 50 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
روسی جنرل  ایگور کیریلوف کے قتل کے الزام میں ماسکو سے ازبک شہری گرفتار

روسی جنرل ایگور کیریلوف کے قتل کے الزام میں ماسکو سے ازبک شہری گرفتار

ماسکو (ڈیلی اردو/بی بی سی) روس کی سکیورٹی سروس کا کہنا ہے کہ ازبکستان سے تعلق رکھنے والے ایک 29 سالہ شخص کو ماسکو میں سینئر جنرل ایگور کیریلوف اور ان کے معاون کے قتل کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔

نیوکلیئر، بائیولوجیکل، کیمیکل ڈیفینس افواج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایگور کیریلوف منگل کی علی الصبح ایک رہائشی عمارت کے باہر تھے جب ایک الیکٹرک سکوٹر میں نصب ایک دھماکہ خیز ڈیوائس پھٹ گئی۔

سرکاری میڈیا ایجنسیوں کے مطابق روسی سکیورٹی سروس کا کہنا ہے کہ نامعلوم مشتبہ شخص کو یوکرین کی انٹیلی جنس نے بھرتی کیا تھا۔

بی بی سی کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق یوکرین کی سکیورٹی سروس پہلے ہی دعویٰ کر چکی ہے کہ اس قتل کے پیچھے ان کا ہاتھ ہے۔

قتل سے ایک روز قبل پیر کے روز یوکرین نے 54 سالہ کیریلوف پر غیر موجودگی میں فرد جرم عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ’ممنوعہ کیمیائی ہتھیاروں کے بڑے پیمانے پر استعمال کا ذمہ دار ہیں۔‘ تاہم روس کی جانب سے یوکرین کے ان الزامات کی تردید کی گئی تھی۔

روسی فیڈرل سکیورٹی سروس (ایف ایس بی) کے تعلقات عامہ کے مرکز نے بدھ کے روز کہا کہ حراست میں لیے گئے 29 سالہ شخص پر ’دہشت گردی کی کارروائی میں ملوث ہونے کا شبہ‘ تھا۔

ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’تفتیش کے دوران انھوں نے وضاحت کی کہ انھیں یوکرین کی سپیشل سروسز نے بھرتی کیا تھا۔‘

ایف ایس بی کی جانب سے جاری کی جانے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مبینہ مشتبہ شخص کے سر کے بال سیاہ ہیں اور انھیں ہتھکڑیاں لگی ہوئی ہیں اس دوران وہ کیمرے کی جانب دیکھتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’کیریلوف کو قتل کرنے کے بدلے میں انھیں ایک لاکھ ڈالر انعام اور یورپی یونین جانے کی اجازت دی گئی تھی۔‘

ایف ایس بی نے مزید کہا کہ ’یوکرین کی ہدایت پر وہ ماسکو پہنچے اور انھیں ایک گھریلو ساختہ دھماکہ خیز ڈیوائس ملی۔ انھوں نے دھماکہ خیز مواد ایک الیکٹرک سکوٹر میں نصب کیا جسے انھوں نے اُس رہائشی عمارت کے داخلی راستے پر کھڑا کر دیا تھا جہاں کریلوف رہتے تھے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C