پاکستان میں ایک ہفتے میں دو صحافی ہلاک
👁️ 143 بار دیکھا گیا
پاکستان میں ایک ہفتے میں دو صحافی ہلاک
اسلام آباد (ڈیلی اردو/وی او اے) پاکستان میں نامعلوم مسلح افراد نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دو صحافیوں کو ہلاک کر دیا، ایک معروف کالم نگار کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ پولیس نے ایک رپورٹر، ٹاک شو کے میزبان اور یو ٹیوب پر سیاسی شو کے میزبان کو ایسے میں گرفتار کیا ہے جب حکومت کو اپنے سیاسی مخالفین کی پکڑ دھکڑ کے الزامات کا سامنا ہے۔
یہ حملے یکم جولائی سے شروع ہوئے جب سندھ کے خیر پور ضلع میں مقامی رپورٹر اشتیاق سودھاڑو کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ مقتول صحافی سندھی زبان میں شائع ہونے والے ایک ہفت روزہ کے ساتھ وابستہ تھے۔ ان کی بیوہ نے الزام عائد کیا ہے کہ علاقے کے ایک پولیس افسر نے ان کے شوہر پر مہلک حملے کا حکم دیا تھا۔
اس کے ایک دن بعد اردو کے روزنامے ایکسپریس سے وابستہ افتخار احمد کو خیبرپختونخوا میں نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر کے اس وقت ہلاک کر دیا جب وہ کام سے واپس گھر جا رہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ افتخار کی ہلاکت کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں اور اس بات پر بھی غور کیا جا رہا ہے کہ ان کی کسی کے ساتھ ذاتی دشمنی تو نہیں تھی۔
صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس نے ان ہلاکتوں کی مذمت کی ہے اور پاکستانی حکام پر زور دیا ہے کہ وہ ملک کے آئین اور بین الاقوامی معاہدوں کے تحت پریس کی آزادی کو تحفظ فراہم کریں۔
آئی ایف جے نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی حکومت کو صحافیوں کے تحفظ کو یقنینی بنانے کے لیے مناسب اقدامات کرنے چاہیئیں جیسا کہ قانون اس کا تقاضا کرتا ہے اور صحافیوں پر حملے روکے جائیں تاکہ وہ کسی خوف کے بغیر اپنا کام کر سکیں۔
گزشتہ جمعے کو پاکستان کے شہر لاہور میں سینئر صحافی اور سیاسی تجزیہ کار ایاز امیر پر نقاب پوش افراد نے حملہ کیا۔ وہ اپنے پرائم ٹائم ٹی وی شو کے بعد گھر جا رہے تھے جب ان کو روکا گیا۔
72 سالہ ملکی سطح پر معروف صحافی نے رپورٹروں کو بتایا کہ حملہ آووروں نے ان کے دفتر کے نزدیک ان کو ایک مصروف سڑک پر روکا، ان کے چہرے پر مکے برسائے اور گاڑی سے کھینچ کر باہر نکالا۔
ایاز امیر نے بتایا تھا کہ حملہ آوروں نے ان کے کپڑے بھی پھاڑ دیے اور ان کا اور ان کے ڈرائیور کا سیل فون بھی ساتھ لے گئے۔
اس حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔
ایاز امیر نے اس حملے سے ایک روز قبل دارلحکومت اسلام آباد میں وکلا کی تنظیم کی طرف سے منعقدہ ایک سیمینار میں تقریر کی تھی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور ملک کی طاقتور فوج کے سیاست میں کردار پر سخت تنقید کی تھی۔ سابق وزیراعظم عمران خان بھی اس سیمینار میں موجود تھے۔
ایاز امیر پر حملے کی وزیراعظم شہباز شریف نے بھی مذمت کی۔ حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ شہباز شریف اس حملے کی مذمت کر تے ہیں اور انہوں نے پنجاب میں حکام کو ہدایت کر دی ہے کہ وہ ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔
ایک الگ واقعے میں پنجاب پولیس نے منگل کو دیر گئے ایک مشہور ٹی وی اینکر عمران ریاض خان کو اسلام آباد کے نواح سے گرفتار کر لیا۔ ان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج ہے۔
گرفتار صحافی، جن کے یوٹیوب چینل پر تیس لاکھ سے زیادہ فالوور ہیں، پاکستان کی سیاست میں فوج کے کردار پر تنقید کرتے رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے عمران ریاض خان کی گرفتاری کی مذمت کی اور کہا کہ پاکستان فاشزم کی طرف جا رہا ہے۔ عمران خان کی تقریبا چار سالہ حکومت ان کے خلاف عدم اعتماد کے ووٹ کی کامیابی کے نتیجے میں ختم ہو چکی ہے وہ امریکہ پر الزام عائد کرتے ہیں کہ انہیں ایک سازش کے تحت ہٹایا گیا۔ اور اس حکومتی تبدیلی میں مقامی سیاستدانوں کے ساتھ مل کر سازش کی گئی۔ امریکہ بار ہا ان الزامات کی تردید کر چکا ہے۔
پاکستان کی فوج بھی ملکی سیاست میں کسی طرح کی دخل اندازی سے انکار کرتی ہے۔ شہباز شریف کی حکومت بھی ان الزامات کو مسترد کرتی ہے کہ وہ میڈیا کی آزادی کے خلاف کاروائیاں کر رہی ہے۔
تاہم پاکستان کی پولیس نے حالیہ دنوں میں متعدد صحافیوں اور سیاسی ٹاک شوز کے میزبانوں کے خلاف مقدمات قائم کیے ہیں کہ وہ حکومت اور فوج پر سخت تنقید کرتے ہیں۔
پاکستان صحافیوں کے لیے دنیا کے خطرناک ترین ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔ تاہم نقادوں کا کہنا ہے کہ کبھی بھی ایک ہفتے کے اندر اتنے صحافیوں کو متشدد حملوں یا مقدمات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
تازہ ترین ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس کے مطابق پاکستان 180 ممالک کی فہرست میں 145 ویں نمبر پر ہے۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
لندن : ایرانی صحافیوں کے قتل کی منصوبہ بندی، جاسوسی کے الزام میں دو ایرانی شہری مجرم قرار
13/November/2026 👁️ 66 بار دیکھا گیا
ایران کے جوہری پروگرام پر عالمی نگرانی کا بحران گہرا، آئی اے ای اے نے اصفہان کی تنصیب تک رسائی کا مطالبہ کردیا
13/November/2026 👁️ 59 بار دیکھا گیا
لنڈی کوتل کا رہائشی کالعدم تنظیم کی مبینہ سہولت کاری کے الزام میں گرفتار، تین روزہ ریمانڈ منظور
13/November/2026 👁️ 49 بار دیکھا گیا
حوثیوں کا سعودی عرب کی اہم تیل تنصیبات پر حملوں کا دعویٰ، سلامتی کونسل نے یمن پر پابندیاں ایک سال بڑھا دیں
13/November/2026 👁️ 64 بار دیکھا گیا
آبنائے ہرمز میں بحری بارودی سرنگ کا مبینہ دھماکہ، گیس بردار جہاز میں آگ لگنے کا ایرانی دعویٰ
13/November/2026 👁️ 96 بار دیکھا گیا
کوئٹہ، شمالی وزیرستان اور اورکزئی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 74 دہشتگرد ہلاک: آئی ایس پی آر
13/November/2026 👁️ 51 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
ٹرمپ کا ایران کو آخری الٹی میٹم، ڈیل نہ ہوئی تو تباہ کن کارروائی کی دھمکی
04/August/2026 👁️ 26462 بار دیکھا گیاایران میں موساد کیلئے جاسوسی کا الزام، دو افراد کو پھانسی دے دی گئی
04/August/2026 👁️ 15688 بار دیکھا گیاحوثیوں کا سعودی عرب کے نجران ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ
05/August/2026 👁️ 11991 بار دیکھا گیاجنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 9368 بار دیکھا گیایمن میں حوثی باغیوں کے میزائل اور ڈرون حملے، 36 فوجی اہلکار ہلاک
07/August/2026 👁️ 7633 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 5631 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C