افغان طالبان نے پاکستان کو مطلوب کچھ افراد کو گرفتار کیا ہے، نگراں وزیرِ خارجہ کا دعویٰ
👁️ 49 بار دیکھا گیا
افغان طالبان نے پاکستان کو مطلوب کچھ افراد کو گرفتار کیا ہے، نگراں وزیرِ خارجہ کا دعویٰ
اسلام آباد (ڈیلی اردو/وی او اے) پاکستان کے نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت نے کچھ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے جو پاکستان میں حملوں میں ملوث ہیں۔
بدھ کو صحافیوں کے ساتھ ایک غیر رسمی بریفنگ میں نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے مزید کہا کہ طالبان حکومت نے پاکستان میں حملوں میں ملوث کچھ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے اسلام آباد کو آگاہ کیا ہے۔
پاکستان کی حکومت ملک میں دہشت گردی کی کارروائیوں کا الزام افغانستان میں مبینہ طور پر پناہ لینے والے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے جنگجوؤں پر عائد کرتی رہی ہے۔ تاہم افغان طالبان کا مؤقف رہا ہے کہ ان کی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہو رہی۔
خیال رہے کہ کالعدم تحریکِ طالبان (ٹی ٹی پی) کا معاملہ حکومتِ پاکستان اور طالبان حکومت کے درمیان بداعتمادی کی وجہ بنتا رہا ہے۔
پاکستان کا یہ الزام رہا ہے کہ ٹی ٹی پی کے جنگجوؤں نے افغانستان میں پناہ لے رکھی ہے اور وہ وقتاً فوقتاً سرحد عبور کر کے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔
پاکستانی حکام یہ عندیہ بھی دے چکے ہیں کہ طالبان حکومت پاکستان کو مطلوب ٹی ٹی پی کے جنگجوؤں کے خلاف کارروائی کرے، بصورتِ دیگر پاکستان خود افغانستان کے اندر کارروائی کر سکتا ہے۔
پاکستان کی اس دھمکی پر طالبان حکومت بھی سخت ردِعمل دیتے ہوئے واضح کر چکی ہے کہ ایسی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
جلیل عباس جیلانی کے اس دعوے پر طالبان حکومت کا تاحال کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے تاہم ماضی میں افغان طالبان ٹی ٹی پی کے ساتھ پاکستان کے مذاکرات کی میزبانی کرتے رہے ہیں۔
ٹی ٹی پی کی افغانستان میں مبینہ محفوظ پناہ گاہوں پر پاکستان کی تشویش کے پس منظر میں وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلام آباد اس معاملے پر طالبان حکومت کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہے۔
اس بریفنگ میں شریک خارجہ امور کے صحافی متین حیدر نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ کابل نے اسلام آباد کو باضابطہ آگاہ کیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
متین حیدر کہتے ہیں کہ وزیر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان کے افغانستان کے ساتھ سیاسی، سفارتی اور تجارتی تعلقات بہتر چل رہے ہیں۔ تاہم ہمسایہ ملک کے ساتھ سرحدی علاقوں میں دہشت گردی کی نقل و حرکت اور ان کی کارروائیوں پر تشویش پائی جاتی ہے۔
افغان امور کے تجزیہ نگار طاہر خان کہتے ہیں کہ اگر افغان طالبان اس بات کی تصدیق کریں کہ انہوں نے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث افراد کو گرفتار کیا ہے تو یہ بہت بڑی پیش رفت سمجھی جائے گی۔
وائس آف امریکہ سے گفتگو میں اُن کا کہنا تھا کہ جولائی میں بلوچستان کے ژوب کینٹ پر ہونے والے حملے کے بعد پاکستان کے مؤقف میں سختی آئی ہے۔
بارہ جولائی کو ژوب چھاؤنی پر دہشت گردوں کے حملے میں نو سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ پاکستانی فوج نے اس کارروائی کے دوران پانچ دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا جب کہ پاکستان کے دفترِ خارجہ نے کہا تھا کہ ژوب کینٹ پر حملہ کرنے والے تین دہشت گردوں کا تعلق افغان صوبے قندھار سے تھا۔
اُن کے بقول پاکستان کے آرمی چیف نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ ٹی ٹی پی کو افغانستان میں آزادی حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے ردِعمل پر افغان طالبان رہنماؤں نے بھی سخت جوابی بیانات دیے جس سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں سرد مہری آئی۔
وہ کہتے ہیں کہ افغان طالبان کے لیے ٹی ٹی پی کے خلاف کوئی اقدام کرنا بہت مشکل فیصلہ ہے۔ لیکن اسلام آباد کے تحفظات کم کرنے کے لیے اُنہوں نے کچھ اقدامات کیے ہیں۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
یمن کے صوبہ الجوف میں سعودی فضائی حملے، حوثیوں کا 14 افراد کی ہلاکت اور 15 کے زخمی ہونے کا دعویٰ
29/October/2026 👁️ 54 بار دیکھا گیا
اسرائیل میں حکومت کسی کی بھی ہو، حزب اللہ اپنی پالیسی جاری رکھے گی، نعیم قاسم
29/October/2026 👁️ 63 بار دیکھا گیا
سعودی عرب میں سکیورٹی خدشات، امریکہ کا غیر ہنگامی عملے اور اہلِ خانہ کو ملک چھوڑنے کا حکم
29/October/2026 👁️ 73 بار دیکھا گیا
عدن ایئرپورٹ پر حوثیوں کا حملہ، شہری زخمی، املاک کو نقصان؛ فضائی آمدورفت معطل
29/October/2026 👁️ 76 بار دیکھا گیا
ایران کا سات روزہ منصوبہ نافذ کرانے کے لیے ثالثوں سے رابطہ جاری ہے، عباس عراقچی؛ قطر کی نئی تجاویز پر بھی اختلافات برقرار
29/October/2026 👁️ 83 بار دیکھا گیا
جنگی خطرات کے باوجود روس کا ایران کے بوشہر جوہری پاور پلانٹ میں تعمیراتی سرگرمیاں تیز کرنے کا اعلان
28/October/2026 👁️ 97 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
ٹرمپ کا ایران کو آخری الٹی میٹم، ڈیل نہ ہوئی تو تباہ کن کارروائی کی دھمکی
04/August/2026 👁️ 26408 بار دیکھا گیاایران میں موساد کیلئے جاسوسی کا الزام، دو افراد کو پھانسی دے دی گئی
04/August/2026 👁️ 15646 بار دیکھا گیاحوثیوں کا سعودی عرب کے نجران ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ
05/August/2026 👁️ 11950 بار دیکھا گیاجنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 9308 بار دیکھا گیایمن میں حوثی باغیوں کے میزائل اور ڈرون حملے، 36 فوجی اہلکار ہلاک
07/August/2026 👁️ 7562 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 5532 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C