01/November/2026

امریکا پاکستان کو دہشتگردی کا نشانہ بنتے نہیں دیکھنا چاہتا، افغان طالبان حملے روکنے میں ناکام رہے ہیں، مارکو روبیو

👁️ 40 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
امریکا پاکستان کو دہشتگردی کا نشانہ بنتے نہیں دیکھنا چاہتا، افغان طالبان حملے روکنے میں ناکام رہے ہیں، مارکو روبیو

امریکا پاکستان کو دہشتگردی کا نشانہ بنتے نہیں دیکھنا چاہتا، افغان طالبان حملے روکنے میں ناکام رہے ہیں، مارکو روبیو

اٹلانٹا(ڈیلی اردو) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے سکیورٹی خدشات کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا نہیں چاہتا کہ پاکستان دہشتگرد حملوں کا نشانہ بنے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو تشویش ہے کہ افغانستان کی سرزمین سے اس کے خلاف دہشتگرد حملے کیے جا رہے ہیں، جبکہ افغان طالبان ان حملوں کو روکنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کر رہے۔

جی 20 وزرائے خارجہ کے اجلاس کے اختتام پر اٹلانٹا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ واشنگٹن پاکستان کے تحفظات سے آگاہ ہے اور اس نے افغانستان سے منسلک دہشتگرد حملوں کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے پیش کیے گئے شواہد اور واقعات کا بھی مشاہدہ کیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کے مطابق پاکستان کا مؤقف ہے کہ افغان طالبان نے اپنی سرزمین سے ہونے والے حملوں کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے، جس کے نتیجے میں پاکستان نے دہشتگردی کے خطرات کے خلاف کارروائیاں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کو دہشتگردی کا ہدف بنتے نہیں دیکھنا چاہتا اور اگر واشنگٹن اس معاملے میں کوئی مثبت کردار ادا کر سکتا ہے تو وہ ایسا کرنے کے لیے تیار ہے۔

مارکو روبیو نے مزید کہا کہ امریکا کے افغان طالبان کے ساتھ قریبی تعلقات نہیں ہیں، تاہم پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے تحفظات کو سنا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا دہشتگردی کے خلاف ہے، چاہے اس کا منبع کوئی بھی ہو اور اس کا نشانہ کوئی بھی ملک بنے۔

امریکی نشریاتی ادارے وائس آف امریکا کے مطابق روبیو کے یہ بیانات پاکستان اور افغانستان کی عبوری طالبان حکومت کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں سامنے آئے ہیں۔ پاکستان مسلسل مؤقف اختیار کرتا رہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان سمیت مسلح گروہوں کو افغان سرزمین پر پناہ اور سرگرمیوں کی اجازت دی جا رہی ہے، جس سے پاکستان کی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں۔

دوسری جانب افغان طالبان حکام پاکستان کے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہتے رہے ہیں کہ افغانستان کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جا رہی۔ دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی کشیدگی اور دہشتگردی کے الزامات کے باعث تعلقات میں تناؤ برقرار ہے۔

روبیو نے اپنے بیان میں پاکستان کے خدشات کو تسلیم کرنے کے ساتھ یہ بھی واضح کیا کہ امریکا خطے میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے، تاہم انہوں نے کسی مخصوص سفارتی یا عملی اقدام کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

 

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C