06/February/2026

امریکا کے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملے

👁️ 169 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
امریکا کے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملے

امریکا کے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملے

واشنگٹن (ش ح ط) امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے کہا ہے کہ 27 جنوری سے 2 فروری کے دوران شام میں داعش کے متعدد اہداف کے خلاف پانچ فضائی حملے کیے گئے ہیں۔

 

امریکی فوج کے مطابق یہ کارروائیاں اتحادی اور شراکت دار فورسز کے ساتھ مل کر کی گئیں، جن کا مقصد داعش کے نیٹ ورک کو دوبارہ منظم ہونے سے روکنا اور اس کے مستقل خاتمے کو یقینی بنانا ہے۔

 

سینٹ کام کی جانب سے جاری تفصیلی بیان کے مطابق ان حملوں میں داعش کے ایک کمیونیکیشن مرکز، اہم لاجسٹک نوڈ اور اسلحہ ذخیرہ کرنے کی متعدد تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کے دوران فکسڈ وِنگ طیاروں، ہیلی کاپٹروں اور بغیر پائلٹ فضائی نظام کے ذریعے مجموعی طور پر 50 درست نشانہ لگانے والے ہتھیار استعمال کیے گئے۔

 

امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا کہ ان اہداف پر حملے شام میں داعش کی دوبارہ سرگرمیوں کو روکنے کے لیے امریکا کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اتحادی اور شراکت دار فورسز کے ساتھ قریبی رابطے اور ہم آہنگی کے تحت کی جانے والی یہ کارروائیاں نہ صرف امریکا بلکہ پورے خطے اور دنیا کی سلامتی کے لیے اہم ہیں۔

 

بیان میں بتایا گیا ہے کہ امریکی اور شراکت دار فورسز نے آپریشن ہاک آئی اسٹرائیک کا آغاز 13 دسمبر کو پالمیرا کے علاقے میں امریکی اور شامی فورسز پر ہونے والے حملے کے بعد کیا تھا۔ داعش کی جانب سے کیے گئے اس گھات لگا کر حملے میں دو امریکی فوجی اہلکار اور ایک امریکی مترجم ہلاک ہو گئے تھے۔

 

سینٹ کام کے مطابق گزشتہ تقریباً دو ماہ کے دوران جاری ان ہدفی کارروائیوں کے نتیجے میں 50 سے زائد داعش جنگجوؤں کو ہلاک یا گرفتار کیا جا چکا ہے۔ امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کارروائیوں کے ذریعے داعش کی کمانڈ، لاجسٹکس اور آپریشنل صلاحیت کو نمایاں نقصان پہنچایا گیا ہے۔

 

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 16 جنوری کو شمال مغربی شام میں کی گئی ایک الگ کارروائی کے دوران داعش کے اہم رہنما بلال حسن الجاسم کو ہلاک کیا گیا۔ امریکی حکام کے مطابق بلال حسن الجاسم کا براہِ راست تعلق اس داعش حملہ آور سے تھا جو 13 دسمبر کے حملے میں ملوث تھا۔

 

امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ داعش کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ تنظیم کو دوبارہ منظم ہونے، حملے کرنے یا خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کا موقع نہ مل سکے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C