09/November/2026

ایران کے جنوبی علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں، قشم جزیرے پر چار دھماکوں کی اطلاع

👁️ 58 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
ایران کے جنوبی علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں، قشم جزیرے پر چار دھماکوں کی اطلاع

ایران کے جنوبی علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں، قشم جزیرے پر چار دھماکوں کی اطلاع

ایران (ڈیلی اردو) ایران کے جنوبی ساحلی علاقوں بندر عباس، جزیرہ قشم، سیریک اور جاسک میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، جبکہ جزیرہ قشم میں چار دھماکوں کی اطلاع بھی سامنے آئی ہے۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق دھماکوں کی نوعیت اور وجوہات تاحال واضح نہیں ہو سکیں اور حکام کی جانب سے کسی بڑے حملے یا نقصان کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔

ایرانی خبر رساں اداروں نے مقامی رہائشیوں کے حوالے سے بتایا کہ اتوار کی شب بندر عباس اور قشم کے مختلف علاقوں میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ بعض شہریوں نے دھماکوں کے بعد زمین میں لرزش محسوس ہونے کی بھی اطلاع دی۔ جزیرہ قشم کے علاقے نریمان میں فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنائے جانے کا دعویٰ بھی سامنے آیا، تاہم اس کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔

ایرانی میڈیا کی رپورٹس میں دھماکوں کی وجوہات کے حوالے سے مختلف بیانات سامنے آئے ہیں۔ پاسدارانِ انقلاب کے قریب سمجھے جانے والے ذرائع ابلاغ نے امکان ظاہر کیا کہ بعض آوازیں آبنائے ہرمز میں مبینہ طور پر غیر مجاز راستے سے گزرنے والے جہازوں کو روکنے کے لیے فائرنگ کے نتیجے میں پیدا ہوئیں۔ دوسری جانب بعض رپورٹس میں قشم جزیرے پر حملے اور میزائل گرنے کا دعویٰ کیا گیا، تاہم ایرانی سرکاری ٹیلی وژن نے واضح کیا کہ متعلقہ علاقوں میں میزائل حملوں کی تصدیق نہیں ہوئی۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اس سے قبل ہفتے کی شام بھی قشم جزیرے اور بندرگاہی شہر جاسک سمیت جنوبی ایران کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں۔ ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے نے ان واقعات کو آبنائے ہرمز میں ایرانی فوجی سرگرمیوں سے منسلک ہونے کا امکان ظاہر کیا تھا، جبکہ تسنیم نیوز ایجنسی نے ابتدائی طور پر قشم میں دو میزائل گرنے کی اطلاع دی، بعد ازاں ایک ذریعے کے حوالے سے کہا کہ دھماکوں کا تعلق میزائل حملوں سے نہیں تھا۔

یہ واقعات ایسے وقت میں پیش آئے ہیں جب آبنائے ہرمز میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چھ نومبر کو قشم جزیرے پر امریکی افواج کی جانب سے محدود کارروائی کی تصدیق کی تھی۔ امریکی حکام کے مطابق اس کارروائی میں ایرانی فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا گیا تھا، تاہم اسے بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن کی بحالی قرار نہیں دیا گیا۔

دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے اتوار کو دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز سے مبینہ طور پر غیر مجاز راستے سے گزرنے کی کوشش کے دوران دو تیل بردار جہاز بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آگئے۔ ان واقعات اور جنوبی ایران میں ہونے والے دھماکوں کے درمیان کسی براہِ راست تعلق کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی اور عالمی توانائی کی ترسیل کو بھی خطرات لاحق ہیں۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C