26/October/2024

ایران کے خلاف اسرائیلی حملوں پر عالمی ردعمل

👁️ 66 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
ایران کے خلاف اسرائیلی حملوں پر عالمی ردعمل

ایران کے خلاف اسرائیلی حملوں پر عالمی ردعمل

برلن (ڈیلی اردو/رائٹرز/ڈی پی اے/بی بی سی) اسرائیل کی جانب سے ایرانی عسکری اہداف پر بمباری کے بعد عالمی سطح پر واضح ردعمل دیکھا گیا ہے۔ امریکی حکومت نے ان حملوں کو محدود اور مناسب ردعمل قرار دیا ہے۔ خلیجی اور ایران کے حلیف ممالک نے ان حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

اسرائیلی بیان میں ایرانی عسکری تنصیبات پر فضائی حملوں کی کارروائی کو ”یوم توبہ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس میں ایران میں کئی مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ امریکی حکام کے مطابق ان حملوں سے قبلاسرائیل نے امریکہ کو اطلاع دی تھی، تاہم امریکی فورسز ان حملوں میں شامل نہیں ہیں۔

امریکی ردعمل

بائیڈن انتظامیہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ یہ حملے بظاہر ایرانی حملوں کا مناسب اسرائیلی جواب ہیں۔ خبر رساں ادارے رائٹرز نے اس امریکی عہدیدار کا نام ظاہر نہیں کیا تاہم کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان براہ راست لڑائی اب مزید نہ پھیلے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ ایران کے ساتھ بلواسطہ اور بلاواسطہ ذریعوں سے اپنا موقف دوہرا رہا ہے۔ تاہم ان کا ساتھ ہی یہ بھی کہنا تھا، ”اگر ایران اس کا جواب دینے کا راستہ چنتا ہے، تو امریکہ اسرائیل کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ اگر ایران یہ غلط فیصلہ لیتا ہے، تو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔‘‘

برطانوی وزیراعظم اسٹارمر کا ردعمل

برطانوی وزیراعظم کیر اسٹارمر نے کہا ہے کہ وہ ایرانی جارحیت کے خلاف اسرائیلی دفاع کے مکمل حامی ہیں، مگر ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ علاقائی کشیدگی میں کمی کے بھی خواہاں ہیں۔ انہوں نے فریقین سے برداشت کی اپیل کی اور کہا کہ ایران اس کا جواب دینے سے گریز کرے۔

سعودی عرب کا ردعمل

سعودی عرب کی جانب سے سرکاری نیوز ایجنسی کے ذریعے سامنے آنے والے بیان میں ایران پراسرائیلی حملوں کی مذمت کی گئی ہے، ”سعودی عرب اسلامی جمہوریہ ایران پر عسکری حملوں کی مذمت کرتا ہے اور اسے ایرانی خودمختاری کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی قوانین اور اقدار کی خلاف ورزی قرار دیتا ہے۔‘‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب خطے میں تنازعے کے پھیلاؤ اور سلامتی و استحکام کو لاحق خطرات کے راستے کو مسترد کرتا ہے۔ اس سعودی بیان میں فریقین سے کہا گیا ہے کہ وہ تمام ممکنہ حد تک تحمل اور برداشت سے کام لیں۔

شہباز شریف کی ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت: ’پاکستان ایران کے ساتھ کھڑا ہے‘

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے خلاف اسرائیل کے حالیہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان قیام امن اور کشیدگی کم کرنے کے لیے ایران اور اپنے دیگر پڑوسی ممالک کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں اسرائیل کے ایران پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’اس قسم کی کارروائی نہ صرف خطے میں امن واستحکام کے لیے خطرہ ہے بلکہ خود مختاری کے اصولوں اور عالمی قوانین کی بھی خلاف ہیں۔

وزیراعظم نے فریقوں پر زور دیا کہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے تحمل کا مظاہرہ کریں۔

پاکستان کی ایران پر حملے کی مذمت

پاکستانی وزارت خارجہ نے ایران کے خلاف اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے، ”پاکستان اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت کرتا ہے۔ یہ حملے علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں اور پہلے سے کشیدگی سے متاثرہ خطے کو مزید خطرات کا شکار بنا رہے ہیں۔‘‘

عراقی وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان

عراقی وزیراعظم محمد شیعہ السوڈانی کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے، ”اسرائیل کی جارحانہ اور تنازعے کے پھیلاؤ کی پالیسیاں جاری ہیں، جس میں وہ کسی بھی سطح کی جارحیت سے باز آنے کو تیار نہیں۔ اس بار اسرائیلی جارحیت کا نشانہ اسلامی جمہوریہ ایران بنا ہے، جسے آج صبح فضائی حملوں سے ہدف بنایا گیا۔‘‘

اس بیان میں مزید کہا گیا ہے، ”عراقغزہ اور لبنان میں مکمل فائربندی کے اپنے بیان کو دوہراتا ہے اور خطے میں استحکام کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کا مطالبہ کرتاہے۔‘‘

اسرائیلی حملے ایرانی خودمختاری کی سراسر خلاف ورزی ہیں، حماس

ایرانی حمایت یافتہ تنظیم حماس نے رات گئے ایران میں فوجی مقامات پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

سنیچر کے روز ایک بیان میں حماس نے کہا کہ یہ حملے ایرانی خودمختاری کی سراسر خلاف ورزی‘ اور ’خطے کی سلامتی کو نشانہ بنانے کی کوششیں ہیں۔‘

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایران اسرائیلی حملوں کے اثرات کو زائل کرنے میں کامیاب ہوا ہے اور حماس فلسطینی عوام اور ان کے مقاصد کے حصول کے لیے ایران کی حمایت کا خیر مقدم کرتا ہے۔

یاد رہے کہ ایران کے مطابق ان حملوں میں اس کے چار فوجی مارے گئے ہیں۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C