26/November/2026

بلوچستان: کیچ میں تعمیراتی کمپنی کی سائٹ پر حملہ، 5 گاڑیاں جلا دی گئیں، مستونگ میں معدنیات بردار گاڑی کا ڈرائیور ہلاک

👁️ 93 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
بلوچستان: کیچ میں تعمیراتی کمپنی کی سائٹ پر حملہ، 5 گاڑیاں جلا دی گئیں، مستونگ میں معدنیات بردار گاڑی کا ڈرائیور ہلاک

بلوچستان: کیچ میں تعمیراتی کمپنی کی سائٹ پر حملہ، 5 گاڑیاں جلا دی گئیں، مستونگ میں معدنیات بردار گاڑی کا ڈرائیور ہلاک

کیچ (ڈیلی اردو) پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے اضلاع کیچ اور مستونگ میں نامعلوم مسلح افراد کے دو الگ الگ حملوں میں تعمیراتی کمپنی کی پانچ گاڑیاں نذرِ آتش کردی گئیں، جبکہ معدنیات لے جانے والی گاڑی پر فائرنگ سے ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے بل نگور میں مچات کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے ایک تعمیراتی کمپنی کی کیمپ سائٹ پر دھاوا بول دیا۔ حملہ آوروں نے وہاں کھڑی پانچ گاڑیوں کو آگ لگا دی، جن میں دو ٹینکر، دو ٹریکٹر اور ایک ڈبل ڈور پک اپ شامل ہیں۔ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

سرکاری اہلکار اکرم بلوچ نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آوروں نے کیمپ میں موجود دیگر سامان کو بھی آگ لگائی، تاہم وہاں کام کرنے والے ملازمین کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔ حملہ آوروں نے کارکنوں کو تعمیراتی کام بند کرنے کی وارننگ بھی دی۔

تعمیراتی کمپنی کے مالک رؤف شہزاد نے بتایا کہ حملے میں کمپنی کی پانچ گاڑیاں جل گئیں، جس سے بھاری مالی نقصان ہوا۔

دوسری جانب ضلع مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں نامعلوم مسلح افراد نے معدنیات لے جانے والی گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ڈرائیور نور علی ہلاک ہوگیا۔ ان کا تعلق ضلع قلعہ عبداللہ سے بتایا گیا ہے۔

بی بی سی کے مطابق مستونگ میں ایک سینئر سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر واقعے کی تصدیق کی۔ حملے کے محرکات اور ذمہ داروں کے بارے میں فوری طور پر مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

مستونگ میں پلوں اور معدنیات بردار گاڑیوں پر حملوں کا پس منظر

سکیورٹی صورتحال پر نظر رکھنے والے ادارے ساؤتھ ایشیا ٹیررازم پورٹل (SATP) کی رپورٹس کے مطابق نومبر کے دوران مستونگ کے کھڈکوچہ میں معدنیات لے جانے والی گاڑیوں اور قافلوں کو نشانہ بنانے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ 7 نومبر کو سائنڈک منصوبے سے معدنیات لے جانے والے کنٹینر ٹرکوں اور ان کی سکیورٹی پر مامور فورسز پر بھی حملے کی اطلاع سامنے آئی تھی۔

اسی طرح 24 نومبر کو کھڈکوچہ کے علاقے انجیری کراس کے قریب کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر ایک پل دھماکے سے تباہ کردیا گیا تھا، جس کے باعث شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگئی اور متعدد گاڑیاں پھنس گئیں۔

بلوچستان میں سرگرم بعض مسلح تنظیمیں معدنیات کی ترسیل، تعمیراتی منصوبوں اور اہم شاہراہوں کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں کو اپنی نام نہاد معاشی ناکہ بندی کی مہم کا حصہ قرار دیتی رہی ہیں، تاہم زیرِ نظر دونوں تازہ حملوں کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔

 

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C