13/October/2025

روس نے یوکرین پر 3,100 سے زائد ڈرونز، 92 میزائل اور تقریباً 1,360 گلائیڈ بم داغے

👁️ 269 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
روس نے یوکرین پر 3,100 سے زائد ڈرونز، 92 میزائل اور تقریباً 1,360 گلائیڈ بم داغے

روس نے یوکرین پر 3,100 سے زائد ڈرونز، 92 میزائل اور تقریباً 1,360 گلائیڈ بم داغے

ماسکو + کییف (ڈیلی اردو/اے ایف پی/ڈی پی اے)  ماسکو نے اتوار کی رات یوکرین کے بجلی کے نظام پر حملہ کیا، جو سردیوں سے قبل یوکرینی توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو مفلوج کرنے کی جاری مہم کا حصہ ہے۔ یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے جب روس نے امریکہ کی جانب سے یوکرین کو ٹام ہاک کروز میزائل فراہم کرنے کے امکان پر ’’شدید تشویش‘‘ کا اظہار کیا۔

 

کییف کے علاقائی گورنر میکولا کالاشنیک نے بتایا کہ یوکرین کی سب سے بڑی نجی توانائی کمپنی DTEK کے دو ملازمین روسی حملوں میں زخمی ہوئے۔ ان حملوں کا نشانہ  ایک سب وے اسٹیشن تھا۔ یوکرین کی وزارت توانائی کے مطابق ڈونیٹسک، اوڈیسا اور چیرنہیف کے علاقوں میں بھی توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے کیے گئے۔

 

یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر لکھا، ’’روس ہمارے شہروں اور کمیونٹیز پر فضائی دہشت گردی جاری رکھے ہوئے ہے، اور توانائی کے نظام پر حملے تیز کر رہا ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران روس نے یوکرین پر  ’’ 3,100 سے زائد ڈرونز، 92 میزائل اور تقریباً 1,360 گلائیڈ بم‘‘ داغے۔

 

زیلنسکی نے روسی تیل کے خریداروں پر مزید سخت ثانوی پابندیوں کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا، ’’پابندیاں، محصولات اور روسی تیل کے خریداروں کے خلاف مشترکہ اقدامات، جو اس جنگ کی مالی معاونت کرتے ہیں، سب زیر غور رہنے چاہییں۔‘‘

 

یوکرینی صدر نے ہفتے کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے فون پر بات چیت کی تھی۔ انہوں نے اس گفتگو کو  ’’انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز‘‘ قرار دیا تھا۔ اس بات چیت میں انہوں نے یوکرین کے توانائی نظام پر روسی حملوں اور فضائی دفاع کو مضبوط بنانے کے مواقع پر بات کی۔ 

 

ایک روز قبل زیلنسکی نے کہا تھا کہ وہ امریکی حکام سے مختلف طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں، بشمول ٹام ہاک میزائل اور مزید ATACMS ٹیکٹیکل بیلسٹک میزائلوں کی فراہمی پر بات چیت کر رہے ہیں۔

 

ادھر کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے اتوار کو شائع ہونے والے بیان میں کہا، ’’ٹام ہاک میزائلوں کا موضوع انتہائی تشویشناک ہے۔‘‘

 

انہوں نے روسی سرکاری ٹی وی کے رپورٹر پاویل زاروبن سے گفتگو میں کہا، ’’ یہ واقعی ایک نہایت نازک لمحہ ہے، کیونکہ ہر طرف سے کشیدگی بڑھ رہی ہے۔‘‘

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C