07/December/2025

سوڈان میں آر ایس ایف کی نرسری پر بمباری؛ 33 بچوں سمیت 50 افراد ہلاک

👁️ 161 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
سوڈان میں آر ایس ایف کی نرسری پر بمباری؛ 33 بچوں سمیت 50 افراد ہلاک

سوڈان میں آر ایس ایف کی نرسری پر بمباری؛ 33 بچوں سمیت 50 افراد ہلاک

خرطوم (ڈیلی اردو)  سوڈان میں  ڈاکٹروں کے ایک گروپ نے بتایا ہے کہ جنوبی شہر کردوفان کے قصبے کالوگی میں ایک نرسری پر  نیم فوجی دستوں ریپڈ ایکشن فورسز  (آر ایس ایف)کی  بمباری کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک ہو گئے، جن میں 33 بچے شامل ہیں۔

 

ڈاکٹروں کے اس گروپ کے مطابق جائے وقوعہ پر موجود طبی امدادی کارکنوں کو بھی  ’’اچانک‘‘ کی گئی دوسری بمباری میں نشانہ بنایا گیا۔ متاثرہ علاقے میں مواصلاتی تعطل کے باعث ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

 

جمعرات کا یہ حملہ آر ایس ایف اور سوڈانی فوج کےدرمیان دو سال سے جاری جنگ کے سلسلے کی ایک تازہ ترین کارروائی ہے، جس کا مرکز اب تیل سے مالا مال کردوفان کے علاقے ہیں۔

 

یونیسف کے سوڈان میں نمائندے شیـلڈن ییٹ نے کہا،’’اسکول میں بچوں کو مارنا بچوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے‘‘ اور بچوں کو جنگ کی قیمت نہیں چکانی چاہیے۔ انہوں نے تمام فریقوں سے فوری طور پر حملے روکنے اور انسانی امداد کی محفوظ اور بلا رکاوٹ رسائی کی اپیل کی۔

 

گزشتہ چند ہفتوں میں کردوفان بھر میں سینکڑوں شہری اس وقت مارے گئے، جب لڑائی دارفور سے شدت اختیار کرتے ہوئے اس خطے میں منتقل ہوئی، خاص طور پر اس وقت جب آر ایس ایف نے محصور شہر الفاشر پر قبضہ کیا۔ اتوار کو سوڈانی فوج کی فضائی کارروائی میں جنوبی کردوفان کے کاؤڈا علاقے میں کم از کم 48 شہری ہلاک ہوئے۔

 

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ فولکر ترک نے خبردار کیا کہ کردوفان میں بھی الفاشر جیسی سنگین زیادتیوں کا خطرہ موجود ہے، جہاں آر ایس ایف کے پرتشدد قبضے کے دوران شہریوں کے ماورائے عدالت قتل، جنسی زیادتیوں اور دیگر سنگین جرائم کی اطلاعات سامنے آئیں۔ 

 

سوڈان میں سن 2023 سے جاری اس جنگ میں عالمی ادارہ صحت کے مطابق اب تک 40 ہزار سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں جبکہ تقریباً 1 کروڑ 20 لاکھ بے گھر ہو چکے ہیں، تاہم امدادی تنظیموں کا کہنا ہے کہ اصل ہلاکتیں اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہیں۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C