طلبہ کو دہشتگردی پر اُکسانے کا الزام، بھارتی کشمیر میں تین اساتذہ گرفتار
👁️ 100 بار دیکھا گیا
طلبہ کو دہشتگردی پر اُکسانے کا الزام، بھارتی کشمیر میں تین اساتذہ گرفتار
سرینگر (ڈیلی اردو/وی او اے) بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں طلبہ کو دہشت گردی پر اُکسانے کے الزامات کے تحت تین اساتذہ کو ‘پبلک سیفٹی ایکٹ’ (پی ایس اے) کے تحت حراست میں لے لیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی ضلع شوپیاں کے ایک تعلیمی ادارے جامع سراج العلوم کے تین اساتذہ کے خلاف پی ایس اے کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔ اس قانون کے تحت کسی بھی شخص کو بھارتی کشمیر میں بغیر مقدمہ چلائے تین ماہ سے دو سال تک قید میں رکھا جا سکتا ہے۔ لیکن اس کے تحت نظر بندی کو عام عدالت میں چیلنج کیا جا سکتا ہے۔
پولیس افسر وجے کمار نے سری نگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ مذکورہ تعلیمی ادارے کا ایک طالب علم سجاد بٹ اُن 13 دہشت گردوں میں شامل تھا جنہوں نے گزشتہ سال ضلع پلوامہ میں سنٹرل ریزرو فورس کے قافلے پر حملے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ اس خود کش حملے میں 40 سے زائد سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس مزید چھ اساتذہ کی نگرانی کر رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر کالعدم جماعتِ اسلامی کی نگرانی میں چلائے جا رہے اس ادارے کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ پہلے ہی ہماری نظر میں تھا۔ اگر ضرورت پڑی تو اسکول کے خلاف بھی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
تاہم پولیس اور جماعت اسلامی کے ذرائع نے بتایا کہ جن تین اساتذہ عبدالاحد بٹ، رؤف بٹ اور محمد یوسف وانی پر پی ایس اے لگایا گیا انہیں علیحدگی پسندوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران کئی ماہ پہلے ہی حراست میں لے لیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ بھارتی حکومت نے گزشتہ سال فروری میں جماعت اسلامی پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات کے تحت پانچ سال کے لیے پابندی لگا دی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جامع سراج العلوم کے کئی طلبہ کا تعلق جنوبی اضلاع شوپیاں، کلگام، پلوامہ اور اننت ناگ سے ہے اور ان علاقوں میں کشمیری علیحدگی پسند برہان وانی کی سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد پرتشدد ہنگامے ہوئے تھے۔
حکام کے بقول ان علاقوں میں اب بھی حزب المجاہدین، لشکرِ طیبہ، جیشِ محمد، البدر جیسی تنظیمیں سرگرم ہیں جب کہ کئی مشتبہ عسکریت پسندوں کو مختلف آپریشنز میں ہلاک بھی کیا گیا ہے۔
جامعہ سراج العلوم ٹرسٹ کے چیئرمین محمد یوسف منٹو نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ نہ یہ ادارہ جماعتِ اسلامی چلاتی ہے اور نہ اس کے ماتحت کام کرنے والے ادارے سے منسلک اساتذہ یہاں پڑھاتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ جن طلبہ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ عسکری تنظیموں میں شامل ہوگئے ہیں دراصل ان کی تعداد تیرہ نہیں گیارہ ہے۔ وہ اس ادارےکے طلبہ ضرور رہ چکے ہیں لیکن یہاں سے فارغ ہونے کے کئی سال بعد اُنہوں نے ہتھیار اُٹھایا۔
پی ایس اے کیا ہے؟
بھارتی کشمیر میں 1978 سے نافذ پی ایس اے کے تحت کسی بھی شخص کو اُس پر مقدمہ چلائے بغیر دو سال تک قید کیا جا سکتا ہے۔ تاہم، اس طرح کی نظر بندی کو ایک عام عدالت میں چیلینج کیا جا سکتا ہے۔ نیز ایک سرکاری کمیٹی اس طرح کے معاملات کا وقفے وقفے سے جائزہ لیتی ہے۔
اس قانون کو جب بیالیس سال پہلے جموں و کشمیر میں پہلی بار متعارف کرایا گیا تھا تو اُس وقت کشمیر کے قد آور سیاست دان شیخ محمد عبداللہ ریاست کے وزیرِ اعلیٰ تھے۔ اُس وقت کہا گیا تھا کہ ریاست میں جنگلات سے لکڑی کی غیر قانونی کٹائی اور اسمگلنگ کے سدِباب کے لیے اس طرح کے سخت گیر قانون کا موجود ہونا ناگزیر ہے۔ تاہم بھارتی کشمیر میں یہ شکایات عام ہیں کہ اس قانون کو سیاسی مخالفین کی آواز دبانے کے لیے استعمال کیا جاتا رہا۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر خودکش حملہ ناکام، 4 حملہ آور ہلاک
03/June/2026 👁️ 281 بار دیکھا گیا
امریکی طیاروں نے ایک بار پھر ایران میں فضائی حملے کیے، پاسداران انقلاب کی جوابی کارروائیاں
03/June/2026 👁️ 156 بار دیکھا گیا
ٹانک میں دہشت گردوں کی فائرنگ، چھٹی پر آیا پولیس اہلکار ہلاک
03/June/2026 👁️ 155 بار دیکھا گیا
جزوی جنگ بندی کے باوجود لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جھڑپیں جاری
03/June/2026 👁️ 326 بار دیکھا گیا
بنوں: دہشت گردوں نے گیس پائپ لائن دھماکے سے اڑا دی، پشاور میں دھماکا
03/June/2026 👁️ 274 بار دیکھا گیا
لبنان میں طویل المدتی اسرائیلی قبضہ ناقابلِ قبول ہے، فرانس
03/June/2026 👁️ 481 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8783 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4464 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3190 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2366 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2049 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ نے پولیس افسر قیصر حسین کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرلی
26/August/2025 👁️ 1861 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C