12/November/2026

لندن : ایرانی انٹیلی جنس کے لیے نگرانی کرنے والے دو شہری مجرم قرار، صحافیوں پر حملے کی منصوبہ بندی کا انکشاف

👁️ 54 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
لندن : ایرانی انٹیلی جنس کے لیے نگرانی کرنے والے دو شہری مجرم قرار، صحافیوں پر حملے کی منصوبہ بندی کا انکشاف

لندن : ایرانی انٹیلی جنس کے لیے نگرانی کرنے والے دو شہری مجرم قرار، صحافیوں پر حملے کی منصوبہ بندی کا انکشاف

لندن (ڈیلی اردو) برطانیہ کی عدالت نے ایرانی انٹیلی جنس سروس کی معاونت کرتے ہوئے لندن میں صحافیوں اور ایک وکیل کی نگرانی کرنے کے الزام میں دو ایرانی شہریوں کو مجرم قرار دے دیا ہے۔ استغاثہ کے مطابق دونوں افراد ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے لیے معلومات جمع کر رہے تھے اور ان کا مقصد کم از کم ایک ہدف کے خلاف پرتشدد کارروائی کی تیاری کرنا تھا۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق 41 سالہ مصطفیٰ سپہوند اور 46 سالہ فرہاد جوادی منش کو وول وچ کراؤن کورٹ نے غیر ملکی انٹیلی جنس سروس کی معاونت سے متعلق الزامات میں قصوروار قرار دیا۔ عدالت میں بتایا گیا کہ دونوں نے اگست 2024 سے مارچ 2025 کے دوران مختلف افراد کی نقل و حرکت، رہائش گاہوں اور دیگر تفصیلات کی نگرانی کی۔ تیسرے ملزم 57 سالہ شاپور قلعہ علی خانی نوری کو اسی مقدمے میں بری کردیا گیا۔

استغاثہ کے مطابق نگرانی کیے جانے والے افراد میں لندن سے نشریات پیش کرنے والے فارسی زبان کے ٹی وی چینل ایران انٹرنیشنل کے صحافی مجتبیٰ پورمحسن اور کامبیز حسینی، جبکہ برطانیہ میں اسرائیل کے حامی وکلا کی تنظیم کے بانی رکن جوناتھن ٹرنر شامل تھے۔ ملزمان نے مبینہ طور پر ان افراد سے متعلق مقامات کی تصاویر اور ویڈیوز بنائیں اور مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے آن لائن ذرائع اور چیٹ جی پی ٹی بھی استعمال کیا۔

عدالتی کارروائی میں پیش کیے گئے شواہد کے مطابق سپہوند کو اہداف کے بارے میں تصاویر، رہائشی پتے اور دیگر معلومات پر مشتمل دستاویزات فراہم کی گئی تھیں۔ استغاثہ کا مؤقف تھا کہ وہ نگرانی سے آگے بڑھ کر کم از کم ایک شخص پر جسمانی حملہ کرنے کے لیے تیار تھا، جبکہ جوادی منش نے منصوبہ بندی میں معاونت کی۔ تاہم جوادی منش کو سنگین تشدد کی تیاری سے متعلق اضافی الزام میں بری کردیا گیا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق دونوں افراد کو چھ ہفتے تک جاری رہنے والے مقدمے کے بعد مجرم قرار دیا گیا۔ برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ پولیس نے ممکنہ حملے سے پہلے ہی کارروائی کرتے ہوئے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ استغاثہ نے مقدمے کو برطانیہ میں ایرانی حکومت کے ناقدین کو نشانہ بنانے کے لیے مبینہ طور پر مقامی افراد کے استعمال کی ایک مثال قرار دیا ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق برطانوی پولیس نے اس مقدمے کو ایران انٹرنیشنل کے صحافیوں کو درپیش حالیہ براہِ راست خطرات کے سلسلے کی ایک اور کڑی قرار دیا۔ دوسری جانب لندن میں ایرانی سفارت خانے نے برطانیہ میں پرتشدد سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات کی تردید کی ہے۔

دونوں مجرموں کو 17 دسمبر کو اولڈ بیلی عدالت میں سزا سنائی جائے گی۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C