موٹرے وے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد ملہی گرفتار
👁️ 42 بار دیکھا گیا
موٹرے وے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد ملہی گرفتار
لاہور (ڈیلی اردو) موٹر وے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو فیصل آباد سے گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق موٹر وے پر خاتون سے زیادتی کے مرتکب دو ملزمان میں سے ملزم شفقت کے بعد اب مرکزی ملزم عابد ملہی کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کو فیصل آباد کے علاقے مانگا منڈی سے گرفتار کیا گیا جسے لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گِل نے ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ ملزم کو قانون کے مطابق سزا ملے گی۔
عابد ملہی گرفتار ہو گیا ہے۔ انشااللہ قانون کے مطابق سزا ملے گی۔
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) October 12, 2020
اطلاعات کے مطابق پولیس نے عابد کی گرفتاری کے لیے جال بچھایا اور اس کی بیوی کو فون اور نمبر فراہم کیا، یہ نمبر بیوی نے عابد سے رابطے کیلئے استعمال کیا۔
ذرائع کے مطابق عابد نے اہلیہ کو اسی فون پر کال کر کے بتایا کہ وہ فیصل آباد آئے گا جس کے بعد اس کی اہلیہ کو فیصل آباد پہنچایا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے اس کی اہلیہ کو فیصل آباد پہنچا کر سادہ لباس اہلکاروں کا جال بچھایا اور جیسے ہی ملزم ملاقات کے لیے پہنچا تو اس کو حکمت عملی کے تحت بغیر کسی مزاحمت کے گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم عابد کو کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) لاہور کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 4 مرتبہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عابد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا تاہم آج اسے پکڑ لیا گیا۔
موٹر وے پر خاتون سے زیادتی کا معاملہ ہائی پروفائل کیس بننے کے بعد سے عابد اپنے گھر سے فرار تھا اور چھلاوہ بن گیا تھا۔ پولیس نے ملزم کی بیوی، کئی عزیزوں اور دوستوں کو بھی گرفتار کیا اور ہر طرح کی معلومات حاصل کیں تاہم ملزم کسی طور ہاتھ نہ آیا۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے خفیہ اطلاعات پر پولیس نے چار بار چھاپے مارے تاہم ہر بار وہ چھاپے سے کچھ دیر قبل فرار ہوجاتا تھا۔
پنجاب پولیس نے عابد کو موسٹ وانٹڈ ملزم قرار دیتے ہوئے اس کی گرفتاری پر 25 لاکھ روپے انعام مقرر کر رکھا تھا جب کہ پنجاب بھر میں مختلف سیکیورٹی اداروں کی متعدد ٹیموں اور اہل کاروں کو ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک دیا ہوا تھا۔
پنجاب پولیس نے ملزم کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لیے اس کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرتے ہوئے اطلاع ملک بھر کے ایئرپورٹس اور بارڈر تک پہنچائی گئی تاکہ ملزم کسی بھی طرح ملک سے باہر نہ جاسکے۔
پولیس نے عابد ملہی کا شناختی کارڈ بلاک کیا، ملزم کے سات مختلف خاکے جاری کیے تاکہ وہ بہروپ بدلنے پر بھی پہچانا جاسکے تاکہ کورونا وائرس کی وبا کے سبب ماسک پہننے کے باعث ہر بار ملزم کو بچ نکلنے میں آسانی ہوئی۔
ایک اور ملزم شفقت پہلے سے گرفتار
زیادتی کیس میں ملوث ایک ملزم شفقت پہلے سے گرفتار ہے جسے دیپالپور سے حراست میں لیا گیا جسے لاہور منتقل کیا گیا۔ ملزم شفقت سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے اور اس نے پولیس کے سامنے اعتراف جرم بھی کیا۔ ملزم تاحال جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے۔
شفقت کا ڈی این اے بھی متاثرہ خاتون کے نمونوں سے میچ کرگیا تھا جس کے نتیجے میں پولیس کے ہاتھ حتمی ثبوت آگیا۔ ملزم شفقت علی بہاونگر کی تحصیل ہارون آباد چک نمبر 192 سیون آر کا رہائشی ہے۔
موٹروے زیادتی کیس کا پس منظر
گجرپورہ کے علاقے میں موٹروے پر انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا تھا۔ گوجرانوالہ کی رہائشی خاتون اپنی بہن سے ملنے کے لیے لاہور آئی تھیں۔ واپسی کے دوران کار کا پیٹرول ختم ہوگیا، خاتون نے اپنے عزیز کو اطلاع کردی اور وہ مدد کے انتظار میں گاڑی سے اتر کر کھڑی ہوگئیں۔
اس دوران دو مشکوک افراد خاتون کی جانب آئے، جنہیں دیکھ کرخاتون اپنے بچوں کے ساتھ گاڑی میں محصور ہو گئیں۔ ڈاکوؤں نے خاتون کو شیشے کھولنے کے لیے کہا جب خاتون نے شیشے نہ کھولے تو ڈاکوؤں نے شیشے توڑ کر گن پوائنٹ پر انہیں گاڑی سے اتار کر کیرول گھاٹی میں واقع کھیتوں میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ملزم شفقت نے اپنے بیان میں بتایا کہ ڈاکوؤں نے خاتون کو اس کے بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا، خاتون گاڑی کے شیشے نہیں کھول رہی تھیں اور شیشے ٹوٹنے پر گرفت میں آنے کے بعد مزاحمت کررہی تھیں جس پر خاتون کے بچوں کے سر پر اسلحہ رکھ کر انہیں زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
بعد ازاں خاتون کی حالت غیر ہونے پر دونوں خاتون کو وہیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ ڈاکو خاتون سے ایک لاکھ نقدی، 2 تولے طلائی زیورات، ایک عدد طلائی کڑا، گاڑی کا رجسٹریشن کارڈ اور 3 اے ٹی ایم کارڈز لے کر فرار ہو گئے۔
خاتون کا عزیز جب گاڑی کے پاس پہنچا تو خاتون وہاں سے غائب تھیں اور گاڑی کے شیشے پر خون لگا ہوا تھا۔ تلاش کرنے پر خاتون کے عزیز کو کرول گھاٹی کے جنگل کے پاس خاتون گاڑی کی طرف آتی ہوئی ملیں جس پر خاتون نے روتے ہوئے ساری بات بتائی۔
پولیس نے خاتون اور ان کے عزیز کے بیان پر مقدمہ کرکے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کی۔ خاتون کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں بھی زیادتی ثابت ہوئی۔ پولیس نے خاتون کی شناخت ظاہر نہ کرنے کا فیصلہ کیا، ابتدائی کئی روز تک خاتون بیان دینے کے قابل نہیں رہیں بعدازاں وہ باقاعدہ بیان دینے پر آمادہ ہوئیں۔
خاتون سے زیادتی کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی تھی، تمام میڈیا چینل اسے نشر کرتے رہے، نیوز وائرل ہونے پر وزیراعظم عمران خان نے موٹر وے زیادتی کیس اور کراچی میں پانچ سالہ بچی مروہ کے زیادتی و قتل کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں کیسز کو فوری حل کرنے کی ہدایت کی تاہم ملزم عابد کے مفرور ہونے کے سبب معاملہ طول پکڑ گیا تھا۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
پاکستانی وزیراعظم امریکہ، ایران مذاکرات میں شرکت کیلئے سوئٹزرلینڈ روانہ
21/June/2026 👁️ 135 بار دیکھا گیا
لبنان میں جھڑپیں جاری، ایک اور اسرائیلی فوجی ہلاک
20/June/2026 👁️ 191 بار دیکھا گیا
بنوں میں مسافر گاڑیوں کے قریب دو دھماکے، 7 افراد ہلاک، 6 زخمی
20/June/2026 👁️ 120 بار دیکھا گیا
غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 5 افراد ہلاک، 12 زخمی
20/June/2026 👁️ 109 بار دیکھا گیا
لکی مروت: دو مختلف مقامات سے تین افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد
20/June/2026 👁️ 115 بار دیکھا گیا
ایران کا آبنائے ہرمز بند کرنے کا اعلان، امریکہ کی تردید
20/June/2026 👁️ 197 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8845 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4593 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3296 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2465 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2114 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ نے پولیس افسر قیصر حسین کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرلی
26/August/2025 👁️ 1914 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C