29/April/2025

بھارتی فوج سرحد پار دہشتگردی میں براہ راست ملوث ہے، پاکستانی فوج کا دعویٰ

👁️ 96 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
بھارتی فوج سرحد پار دہشتگردی میں براہ راست ملوث ہے، پاکستانی فوج کا دعویٰ

بھارتی فوج سرحد پار دہشتگردی میں براہ راست ملوث ہے، پاکستانی فوج کا دعویٰ

راولپنڈی (ڈیلی اردو) پاکستانی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ انڈیا سرحد پار دہشتگردی میں ملوث ہے اور اس حوالے سے ’ٹھوس شواہد‘ موجود ہیں جن سے گرفتار شدہ افراد کو انڈین ’ریاستی سرپرستی‘ میں ہونے والی کارروائیوں سے جوڑا گیا ہے۔

فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس بریفنگ میں دعویٰ کیا کہ 25 اپریل کو پنجاب کے شہر جہلم سے ایک شخص عبدالمجید کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے آئی ای ڈی بم اور ایک انڈین ڈرون برآمد ہوا۔ ان کے مطابق یہ کارروائی انڈیا سے ہدایت لینے والے نیٹ ورک کا حصہ تھی۔

میجر جنرل احمد شریف نے الزام لگایا کہ عبدالمجید اور دیگر افراد کی انڈیا سے کی گئی سیل کالز کی ریکارڈنگز موجود ہیں، جن میں وہ بلوچستان سے لاہور تک دہشتگردی میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں کی مالی معاونت بھی انڈیا سے فراہم کی جا رہی ہے۔

آئی ایس پی آر سربراہ کے مطابق، پاکستان کے پاس ایسے شواہد موجود ہیں جو ان کارروائیوں کو انڈین فوج کے حاضر سروس جونیئر رینک افسران سے جوڑتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ محض “را” کی کاروائیاں نہیں بلکہ انڈین فوج خود ان کی نگرانی کر رہی ہے، جو کہ ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی (State-Sponsored Terrorism) کی واضح مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ انٹیلیجنس معلومات کے مطابق انڈین زیرِ انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کے بعد، پاکستان میں دہشتگرد نیٹ ورکس کو فعال کرنے کی کوشش کی گئی، جن میں کالعدم تنظیم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور دیگر آزاد سیلز شامل تھے۔ تاہم پاکستانی سکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کوششوں کو ناکام بنایا۔

میجر جنرل احمد شریف کے مطابق، انٹیلیجنس معلومات اور آپریشنز کے نتیجے میں پہلگام حملے کے بعد پاکستان میں اب تک 71 شدت پسند ہلاک کیے جا چکے ہیں۔

تاحال انڈیا کی جانب سے ان الزامات پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم ماضی میں وہ ایسے دعوؤں کی تردید کرتا رہا ہے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C