یوکرین وار: روسی صدر پوٹن نے وزیر دفاع کو عہدے سے ہٹا دیا
👁️ 53 بار دیکھا گیا
یوکرین وار: روسی صدر پوٹن نے وزیر دفاع کو عہدے سے ہٹا دیا
ماسکو (ڈیلی اردو/اے پی/اے ایف پی/رائٹرز/ڈی پی اے) روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے یہ غیر معمولی اقدام ایسے وقت پر کیا ہے جب روسی افواج مشرقی یوکرین میں پیش قدمی کررہی ہیں اور اُس نے شمال مشرقی علاقے خارکیف میں ایک بڑا آپریشن شروع کیا ہے۔
روسی پارلیمان کے ایوان بالا، فیڈریشن کونسل، کی طرف سے اتوار کے روز شائع کردہ وزراء کی نئی فہرست کے مطابق صدر ولادیمیر پوٹن نے سرگئی شوئیگو کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے اور ان کی جگہ ماہر اقتصادیات آندرے بیلوسوف کو ملک کا نیا وزیر دفاع مقرر کیا ہے۔
یوکرین کے خلاف جنگ شروع کرنے کے بعد سے پچھلے دو سالوں میں روس کی دفاعی قیادت میں یہ ایک بہت بڑی تبدیلی ہے۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب روسی افواج مشرقی یوکرین میں پیش قدمی کررہی ہیں اور اُس نے شمال مشرقی خارکیف علاقے کے خلاف ایک بڑا آپریشن شروع کیا ہے۔
یوکرین کے خلاف فوجی کارروائیوں کے پہلے سال کئی فوجی ناکامیوں، بشمول یوکرین کے دارالحکومت کییف پر قبضہ کرنے میں ناکامی اور خارکیف اور جنوبی خیرسون علاقوں سے پسپائی، کے باوجود صدر پوٹن اب تک سرگئی شوئیگو کے ساتھ کھڑے تھے۔ گزشتہ سال جب ویگنر نیم فوجی دستوں کے سربراہ یوگینی پریگوژین نے خونریز بغاوت شروع کی اور شوئیگو کی برطرفی کا مطالبہ کیا تھا، اس وقت بھی پوٹن نے اپنے وزیر دفاع کا ساتھ دیا تھا۔
اس تبدیلی کی ضرورت کیوں پیش آئی؟
کریملن نے اتوار کے روز کہا کہ صدر پوٹن چاہتے ہیں کہ سن 2012 سے وزیر دفاع کے عہدے پر فائز شوئیگو کو روس کی طاقت ور سکیورٹی کونسل کا سکریٹری بنایا جائے۔
تاہم شوئیگو کی جگہ ایک سویلین اہلکار بیلوسوف، جنہیں میدان جنگ کی جانکاری کی بجائے معاشی فیصلہ سازی کے لیے جانا جاتا ہے، کی تقرری نے لوگوں کو حیرت زدہ کردیا ہے۔ بیلوسوف ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے پوٹن کے سب سے زیادہ بااثر معاشی مشیروں میں سے ایک ہیں۔
کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ یہ تبدیلی اس لیے اہم ہے کیونکہ روس سن 1980 کی دہائی کے وسط میں سابقہ سوویت یونین جیسی صورت حال کی طرف بڑھ رہا تھا، جب فوج اور قانون نافذ کرنے والے حکام پر ریاستی اخراجات کا 7.4 فیصد خرچ ہوتا تھا۔
پیسکوف کا کہنا تھا کہ اس کا مطلب یہ تھا کہ اس طرح کے اخراجات کو ملک کے مجموعی مفادات کے مطابق یقینی بنانا بہت ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پوٹن اب وزارت دفاع میں معاشی پس منظر کے حامل سویلین عہدیدار چاہتے ہیں۔
پیسکوف کے مطابق، ”جو کوئی اختراعات کے حوالے سے زیادہ کھلا ذہن ہوگا وہیں میدان جنگ میں فتح یاب ہوگا۔‘‘
اس تبدیلی کو پوٹن کی جانب سے دفاعی اخراجات کو زیادہ جانچ پڑتال سے مشروط کرنے کی کوشش کے طورپر بھی دیکھا جاسکتا ہے، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ا س فنڈ کو زیادہ موثر طریقے سے خرچ کیا جائے۔ خیال رہے کہ شوئیگو کے حامی، نائب وزیر دفاع پر رشوت لینے کے الزامات عائد کیے جاچکے ہیں۔
سرگئی لاوروف اپنے عہدے پر برقرار
اتوار کے روز وزارت میں ہونے والی تبدیلی سے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔ فیڈریشن کونسل کے اعلان کے مطابق وہ اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔
سرگئی لاوروف پچھلے تقریباً بیس سال سے روس کے وزیر خارجہ ہیں۔ وہ دنیا میں سب سے طویل عرصے تک وزیرخارجہ رہنے والوں میں سے ایک ہیں۔ انہیں پوٹن کا قریبی حلیف اور کسی بھی طرح کے بحران سے ملک کو نکالنے میں اہم کردار ادا کرنے والا سمجھا جاتا ہے۔
شوئیگو کو نکولائی پیٹرو شیف کی جگہ روس کی قومی سلامتی کونسل کا سکریٹری بنادیا گیا ہے۔ اس نئی تقرری کو ان کی ترقی قرار دیا جارہا ہے۔ پیٹروشیف کے نئے عہدے کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
ایران معاہدے پر قائم نہ رہا تو "جہنم برپا کر دینگے"، امریکی صدر ٹرمپ
18/June/2026 👁️ 92 بار دیکھا گیا
مردان میں گردوارے کے اندر فائرنگ، معمر سکھ میاں بیوی ہلاک
18/June/2026 👁️ 166 بار دیکھا گیا
یوکرین جنگ پر جی سیون کا سخت فیصلہ، روس کیخلاف نئی پابندیوں کا اعلان
18/June/2026 👁️ 253 بار دیکھا گیا
جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے ساتھ بفر زون کم کردیا، پابندیوں میں نرمی کا اعلان
18/June/2026 👁️ 141 بار دیکھا گیا
اسرائیل کے جنوبی لبنان پر متعدد نئے فضائی حملے
18/June/2026 👁️ 117 بار دیکھا گیا
ٹانک میں گھر پر کواڈ کاپٹر حملہ، خاتون سمیت 4 افراد زخمی
18/June/2026 👁️ 182 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8835 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4576 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3279 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2460 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2102 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ نے پولیس افسر قیصر حسین کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرلی
26/August/2025 👁️ 1906 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C