09/May/2026

آسٹریلیا نے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی پر پابندی عائد کردی

👁️ 140 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
آسٹریلیا نے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی پر پابندی عائد کردی

آسٹریلیا نے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی پر پابندی عائد کردی

کینبرا (نمائندہ ڈیلی اردو) آسٹریلیا نے کالعدم بی ایل اے اور تنظیم کے 3 سینئر رہنماؤں پر پابندیاں عائد کردیں۔

 

آسٹریلوی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ  بلوچستان لبریشن آرمی پاکستان میں دہشتگردانہ حملوں میں ملوث ہے،  ان حملوں میں پاکستانی اور غیر ملکی شہریوں، اہم تنصیبات اور  ریاستی اداروں کو نشانہ بنایا گیا۔

 

آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی لوپ یینگ یین وونگ کے مطابق آسٹریلیا کا دہشتگردی اور پرتشدد انتہا پسندی کے خلاف مقابلہ کرنے کا عزم غیرمتزلزل ہے۔ 

 

انھوں نے مزید کہا کہ بلوچستان لبریشن آرمی پاکستان میں دہشتگردانہ حملوں میں ملوث ہے

بیان کے مطابق پابندیوں کا مقصد دہشتگروں کی مالی معاونت روکنا ہے تاکہ ان کے لیے کارروائیاں کرنا، بھرتیاں کرنا اور انتہاپسند نظریات پھیلانا مشکل بنایا جاسکے۔

 

آسٹریلوی حکومت نے کہا کہ وہ عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایسے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی جو علاقائی اور عالمی سلامتی کے لیے خطرات کا باعث بنتے ہیں۔

 

بیان میں مزید کہا گیا کہ پابندیوں کی زد میں آنے والے افراد اور تنظیم کے اثاثوں کا استعمال، لین دین یا انہیں مالی وسائل فراہم کرنا آسٹریلوی قانون کے تحت جرم ہوگا، خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانے اور 10 سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

 

آسٹریلوی حکومت کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف پابندیوں کا  مقصد عالمی امن و سلامتی کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

 

آسٹریلیا کی حکومت نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ کالعدم بی ایل اے کے بشیر زیب سمیت تین لوگوں پر مالی پابندیاں لگائیں، اس کے کارندوں سے لین دین پر قانونی کارروائی ہوگی۔

 

بی ایل اے نے جنوری 2026 میں “آپریشن ہیروف 2.0” کے نام سے مختلف اضلاع میں خودکش حملے اور مسلح کارروائیاں کیں ۔تنظیم پر غیر بلوچ افراد کے قتل، اجتماعی پھانسیوں اور انفراسٹرکچر پر بم حملوں کے الزامات بھی ہیں۔

 

اگست 2025 میں امریکا نے بھی کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشتگرد تنظیم قرار دیا تھا۔

 

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کالعدم بی ایل اے اور اس کا ذیلی گروپ مجید بریگیڈ غیر ملکی دہشتگرد تنظیم ہے۔

 

بیان میں کہا گیا تھا کہ کالعدم بی ایل اے 2019 سے عالمی دہشتگرد تنظیموں کی فہرست میں شامل ہے ، اس نے 2024 میں کراچی ایئرپورٹ، گوادر پورٹ پر خودکش حملوں کی ذمہ داری قبول کی جبکہ 2025 میں جعفر ایکسپریس ہائی جیکنگ اور 31 افراد کے قتل کا اعتراف کیا، ٹرین ہائی جیکنگ میں 300 سے زائد مسافر یرغمال بنائے گئے۔

 

امریکی محکمہ خارجہ نے کہا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کا دہشتگردی کے خلاف عزم برقرار رہے گا۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C