28/February/2026

امریکہ ، اسرائیل کا ایران پر مشترکہ حملہ ، متعدد ہلاکتیں ، ایران کا جوابی حملہ

👁️ 1221 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
امریکہ ، اسرائیل کا ایران پر مشترکہ حملہ ، متعدد ہلاکتیں ، ایران کا جوابی حملہ

امریکہ ، اسرائیل کا ایران پر مشترکہ حملہ ، متعدد ہلاکتیں ، ایران کا جوابی حملہ

تہران/تل ابیب / واشنگٹن (ڈیلی اردو) تہران میں صورتحال اس وقت انتہائی کشیدہ ہو گئی جب 

امریکا اور اسرائیل نے ایران کے مختلف علاقوں پر مشترکہ فضائی اور میزائل حملے شروع کر دیے، ابتدائی کارروائی میں آیت اللہ علی خامنہ ای کے دفاتر کے قریب علاقے اور صدارتی دفتر کو نشانہ بنانے کی اطلاعات سامنے آئیں جبکہ تہران سمیت ملک کے کئی شہروں میں سمندر اور فضا سے درجنوں مقامات پر میزائل داغے گئے۔

 

 ایرانی شہر میناب میں ایک لڑکیوں کے اسکول پر حملے کے نتیجے میں طالبات سمیت 53 افراد کے ہلاک  ہونے کی اطلاع ہے۔ 

 

ایرانی میڈیا کے مطابق حملوں کی پہلی لہر میں قیادت اور اہم فوجی تنصیبات کو ہدف بنایا گیا، تہران کی یونیورسٹی اسٹریٹ، جمہوریہ ایریا، مہرآباد ایئرپورٹ اور مختلف وزارتوں کے دفاتر پر دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ قم، اصفہان، تبریز، کرج اور کرمان شاہ میں بھی حملوں کی اطلاعات ملیں۔ 

 

غیر ملکی خبر رساں اداروں نے دعویٰ کیا کہ ان کارروائیوں میں پاسدارانِ انقلاب کے متعدد سینئر کمانڈر اور سیاسی شخصیات ہلاک یا زخمی ہوئے، تاہم ایرانی حکام کے مطابق رہبرِ اعلیٰ اور صدر محفوظ ہیں اور دفاعی نظام متعدد میزائل مار گرانے میں مصروف ہے۔

 

 ادھر اسرائیل نے عراق میں بغداد کے قریب حشد الشعبی کے ہیڈکوارٹر کو بھی نشانہ بنانے کی کارروائی کی جس میں ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہوئے جبکہ فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیے گئے۔

 

 ایران نے اس کے جواب میں “فتح خیبر” کے نام سے جوابی آپریشن کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیل پر درجنوں بیلسٹک میزائل اور ڈرون داغنے کا دعویٰ کیا جس کے بعد تل ابیب، شمالی اسرائیل اور مقبوضہ بیت المقدس میں سائرن بج اٹھے اور دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔

 

 عرب میڈیا کے مطابق قطر، بحرین، کویت اور متحدہ عرب امارات میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو بھی میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، بحرین میں امریکی پانچویں بحری بیڑے کے سروس سینٹر پر حملے کی تصدیق کی گئی اور متعدد خلیجی ممالک نے اپنی فضائی حدود عارضی طور پر بند کر دیں جبکہ متحدہ عرب امارات میں ایک غیر ملکی شہری کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ 

 

ایرانی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ اور وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ خطے میں موجود ہر امریکی اڈہ ہدف بن سکتا ہے اور ایران اپنا دفاع جاری رکھے گا۔ برطانیہ نے اس کارروائی میں شامل ہونے کی تردید کی جبکہ جرمنی نے پیشگی اطلاع ہونے کا کہا، روسی حکام نے امریکی مؤقف پر تنقید کی اور یوکرین نے ایرانی عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ 

 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  نے بیان دیا کہ ایران کے خلاف وسیع آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جو کئی دن جاری رہ سکتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ مقصد امریکی مفادات کا تحفظ اور ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔ حملوں کے بعد ایران میں انٹرنیٹ اور فون سروس متاثر، اسٹاک مارکیٹ بند اور ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ شہریوں کی نقل و حرکت محدود ہو گئی۔ اسرائیل میں بھی ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تعلیمی ادارے بند، عوامی اجتماعات پر پابندی اور شہریوں کو شیلٹرز میں رہنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ 

 

ادھر پاکستان کی وزارت خارجہ نے اپنے شہریوں کو ایران کے غیر ضروری سفر سے گریز اور وہاں مقیم پاکستانیوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے جبکہ پی آئی اے نے خلیجی ممالک کے لیے اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل کر دیں، ترجمان کے مطابق صورتحال کا مسلسل جائزہ لے کر آئندہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ مجموعی طور پر ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی عسکری کارروائیوں نے پورے مشرقِ وسطیٰ کو شدید عدم استحکام اور غیر یقینی کیفیت سے دوچار کر دیا ہے۔

 

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C