ایران میں عدلیہ کی عمارت پر جیش العدل کا حملہ: 9 افراد ہلاک، 22 زخمی
👁️ 461 بار دیکھا گیا
ایران میں عدلیہ کی عمارت پر جیش العدل کا حملہ: 9 افراد ہلاک، 22 زخمی
تہران (ڈیلی اردو/بی بی سی/نیوز ایجنسیاں) ایران کی عدلیہ کا کہنا ہے کہ سیستان و بلوچستان کے شہر زاہدان میں عدلیہ کی عمارت پر مسلح حملے میں کم از کم نو افراد ہلاک اور 22زخمی ہوئے ہیں۔
عدل میڈیا جو عسکریت پسند گروہ جیش العدل سے منسلک ٹیلیگرام چینل ہے، کا کہنا ہے کہ اس حملے کی ذمہ داری جیش العدل نے قبول کر لی ہے۔
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک دہشت گرد گروہ (جیش العدل) کی جانب سے زاہدان میں عدلیہ کی عمارت پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
اس حملے میں کم از کم 9 افراد ہلاک اور 22 زخمی ہوئے ہیں جبکہ تمام حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
عسکریت پسند گروہ جیش العدل نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
ایران نے اس کا الزام اسرائیل پر عائد کیا ہے تاہم اسرائیلی حکومت کی جانب سے تاحال اس حوالے سے تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی ہے۔
سیستان و بلوچستان کے ڈپٹی پولیس کمانڈر علی رضا دلیری نے ارنا کو بتایا کہ دہشت گرد گروہ کے ارکان سائلین کے بھیس میں سنیچر کی صبح زاہدان میں عدلیہ کی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ خطرے کی نشاندہی کے بعد سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کی اور جھڑپ کے دوران تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا۔
دلیری کے مطابق دو حملہ آور قریبی سڑک پر فرار ہونے کی کوشش کے دوران مارے گئے، جبکہ تیسرے کو اس سے قبل ہی اس وقت ہلاک کر دیا گیا جب وہ دستی بم سے حملہ کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ دھماکے کے نتیجے میں کئی شہری ہلاک ہوئے جن میں ایک ماں اور ایک سالہ بچہ بھی شامل ہیں۔ تاہم انھوں نے مزید تفصیلات نہیں دیں۔
زاہدان میں پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس (آئی جی آر سی) نے ہلاکتوں کی تعداد چھ بتائی ہے۔ ایک علیحدہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حملے میں 22 افراد زخمی ہوئے جن میں سے زیادہ تر عام شہری تھے۔
اس سے قبل ایران کی عدلیہ نے بھی ایک بیان میں اس حملے اور جھڑپ کی تصدیق کی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ کئی افراد زخمی ہوئے اور امدادی عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ چکا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو عدلیہ کی عمارت سے نکالا اور قریبی طبی مراکز منتقل کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے سائلین اور عملے کو محفوظ طریقے سے علاقے سے نکالا اور اب عدالتی عمارت کے اطراف میں سکیورٹی فورسز تعینات ہیں۔
خیال رہے سیستان و بلوچستان کی سرحد پاکستان کے صوبہ بلوچستان سے ملحقہ ہے۔
پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے مطابق جیش العدل کے حملے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور 22 زخمی ہوئے ہیں۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون اور ایک بچہ بھی شامل ہیں۔
پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کے تعلقاتِ عامہ کے دفتر نے کہا ہے کہ تین حملہ آور بھی مارے گئے۔
عدلیہ کے اطلاعاتی مرکز نے کہا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں سے متعلق دی گئی تعداد ابتدائی اعداد و شمار ہیں۔
سیستان و بلوچستان کے ڈپٹی پولیس کمانڈر علی رضا دلیری نے کہا ہے کہ حملہ ختم ہو چکا ہے۔
سیستان و بلوچستان کے ڈپٹی پولیس کمانڈر کے مطابق حملہ آوروں نے ’مقامی وقت کے مطابق صبح 8:30 بجے حملہ کیا اور وہ ’سائلین کے بھیس میں‘ آئے تھے۔
صوبائی پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کی جانب سے کیے گئے گرینیڈ حملے کے نتیجے میں متعدد شہری ہلاک ہوئے جن میں ایک خاتون اور ایک بچہ بھی شامل ہیں۔
جیش العدل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جس حملے کو اس نے ’بازوئے عدل‘ کا نام دیا، جو ’دو مراحل‘ میں انجام دیا گیا۔
اس سے قبل فارس نیوز ایجنسی نے اطلاع دی تھی کہ جائے وقوعہ سے دھماکے کی آواز سنی گئی ہے جس کے ساتھ گولیوں کی آواز بھی آئی۔
ایرانی نشریاتی ادارے (ایس ڈی سی) نے رپورٹ کیا ہے کہ ایک حملہ آور عدالت کی عمارت کے اندر مارا گیا جبکہ دو دیگر حملہ آوروں کو سکیورٹی اور مسلح افواج کے ساتھ جھڑپ کے دوران ہلاک کر دیا گیا۔
تسنیم نیوز ایجنسی نے حملے کے ایک عینی شاہد کی ویڈیو جاری کی ہے جس میں ایک خاتون کہتی ہیں کہ ’حملہ آور تین نوجوان تھے جن کی عمریں بیس کے لگ بھگ تھیں، ان کے پاس بیگ تھے اور وہ فائرنگ کرنے لگے۔‘
جیش العدل کیا ہے؟
’جیش العدل‘ تنظیم ایک مسلح عسکریت پسند گروہ ہے جو ایرانی حکومت کا مخالف ہے۔ یہ تنظیم خود کو ’انصاف اور مساوات کی فوج‘ اور سنی تنظیم کے طور پر متعارف کراتی ہے۔ یہ گروہ خود کو ایران کے صوبہ سیستان اور بلوچستان میں ’سُنی حقوق کا محافظ‘ قرار دیتا ہے۔
بی بی سی فارسی کے مطابق سنی بلوچ ملیشیاؤں پر مشتمل ’جیش العدل‘ نامی تنظیم کا قیام سنہ 2009 میں ایران کی جانب سے عسکریت پسند گروہ ’جند اللہ‘ کے سربراہ عبدالمالک ریگی کو ’ملک و قوم کے خلاف کام کرنے‘ کے الزام میں گرفتار اور پھانسی دینے کے چند ماہ بعد عمل میں آیا تھا۔
عبدالمالک ریگی کو ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان میں بم دھماکے کرنے، ایرانی سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے اور برطانیہ اور امریکہ کے ایجنٹ ہونے کے الزامات کے تحت پھانسی دی گئی تھی۔
ریگی کی گرفتاری کے بعد ایران میں تعینات اس وقت کے پاکستانی سفارتکار محمد عباسی نے کہا تھا کہ ایران کو انتہائی مطلوب عسکریت پسند اور جنداللہ کے سابق سربراہ عبدلمالک ریگی کی گرفتاری میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ریگی کو اُس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ دبئی سے کرغزستان جانے کی کوشش کر رہے تھے۔
دوسری جانب امریکہ کے ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل انٹیلی جنس کے مطابق ’جیش العدل‘ نامی شدت پسند تنظیم (جس کا ماضی کا نام ’جنداللہ‘ ہے) سنہ 2005 میں اُس وقت کے صدر احمدی نژاد پر حملے سمیت ایران میں متعدد دھماکوں اور حملوں میں ملوث رہی ہے اور اس تنظیم کی جانب سے یہ کارروائیاں زیادہ تر بلوچستان کے سرحدی صوبے چار باہ اور زاہدان میں کی گئی ہیں۔
بی بی سی فارسی کے مطابق اپنی تشکیل کے ابتدائی برسوں میں شام میں ایران کی ’مداخلت‘ جیسے اقدام کی مخالفت کو جند اللہ کی پالیسیوں میں سے ایک سمجھا جاتا تھا۔ سنہ 2012 میں اس تنظیم نے اپنا نام تبدیل کر کے ’جیش العدل‘ رکھا ہے۔
گذشتہ سالوں کے دوران اس گروہ نے ایران کی فوج اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ مسلح اور خونریز جھڑپیں کی ہیں اور جنوب مشرقی ایران کے سرحدی علاقوں میں کئی مسلح حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
ایران کی حکومت ’جیش العدل‘ کو ’دہشت گرد گروہ‘ اور سعودی عرب اور امریکہ کی خفیہ ایجنسیوں سے منسلک سمجھتی ہے اور اسے ’جیش الظلم‘ کہتی ہے۔
ایران کی سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کا قتل اور ایرانی سرحدی محافظوں اور مسلح افواج کے اہلکاروں کا اغوا اس گروہ کی سرگرمیوں میں شامل ہے۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
پاکستان بھارت سرحد پر رات بھر گولہ باری
20/July/2026 👁️ 297 بار دیکھا گیا
ایران نواز گروہوں سے عالمی خطرہ، امریکہ نے شہریوں کیلئے سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا
20/July/2026 👁️ 150 بار دیکھا گیا
بنوں میں سیکورٹی کا آپریشن، ایک دہشت گرد ہلاک، 8 مشتبہ افراد گرفتار
20/July/2026 👁️ 197 بار دیکھا گیا
پاک افغان سرحد پر شدید جھڑپ، کرم سیکٹر میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال
20/July/2026 👁️ 166 بار دیکھا گیا
اردن میں ایرانی حملوں کے دوران دو امریکی فوجی ہلاک، متعدد زخمی، ایک لاپتہ
19/July/2026 👁️ 266 بار دیکھا گیا
غزہ میں اسرائیل کے دو فضائی حملوں میں 9 فلسطینی ہلاک
19/July/2026 👁️ 202 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8962 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4811 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3571 بار دیکھا گیاسعودی عرب کا پاکستانی شہریوں کیلئے ویزا فیسوں میں کمی کا اعلان
16/February/2019 👁️ 3412 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2566 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2318 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C