29/June/2019

فرشتہ قتل کیس: سابق ایس ایچ او سمیت 4 پولیس اہلکار نوکری سے برطرف

👁️ 78 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
فرشتہ قتل کیس: سابق ایس ایچ او سمیت 4 پولیس اہلکار نوکری سے برطرف

فرشتہ قتل کیس: سابق ایس ایچ او سمیت 4 پولیس اہلکار نوکری سے برطرف

اسلام آباد (ڈیلی اردو) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آپریشن نے فرشتہ قتل کیس میں معطل ایس ایچ او سمیت 4 پولیس اہلکاروں کو نوکری سے برطرف کردیا۔

پولیس ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق برطرف اہلکاروں میں معطل ایس ایچ او کے علاوہ کیس کے تفتیشی افسر اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) ناصر اور 2 کانسٹیبل بھی شامل ہیں۔

کیس میں اسلام آباد شہزاد ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے ايس ايچ او غلام عباس، تفتیشی آفیسر اے ایس آئی ناصر اور دو کانسٹیبلز کو غفلت اور لاپرواہی کا مرتکب قرار ديا گيا۔

پولیس حکام کے مطابق اہلکاروں کو ڈی آئی جی آپریشن وقار الدین سید کی جانب سے برطرف کیا گیا۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کے علاقے شہزاد ٹاؤن کی رہائشی 10 سالہ فرشتہ 15 مئی کو گھر سے باہر نکلی لیکن واپس گھر نہ پہنچی تھی۔

بچی کی گمشدگی کے بعد اہلِ خانہ نے اپنی مدد آپ کے تحت اس کی تلاش کی اور اندراجِ مقدمہ کے لیے پولیس سے رابطہ کیا لیکن پولیس نے اہلِ خانہ کی درخواست پر مقدمہ درج کرنے کے بجائے کہا کہ وہ کسی کے ساتھ بھاگ گئی ہوگی۔

جس کے بعد رکنِ قومی اسمبلی کی مداخلت اور ان کی جانب سے مذکورہ معاملہ انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس محمد عامر ذوالفقار خان کے سامنے اٹھانے پر گمشدگی کے 4 روز بعد 19 مئی کو واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا۔

مقدمے کے اگلے ہی روز بچی کی مسخ شدہ لاش تمہ گاؤں کی جھاڑیوں سے برآمد ہوئی جب گاؤں کے کچھ افراد نے لاش دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی، بعد ازاں متاثرہ بچی کے والد غلام نبی نے اس کے کپڑوں کی مدد سے لاش کی شناخت کی۔

پولیس کے مطابق لاش 4 روز پرانی تھی اور امکان ظاہر کیا گیا کہ اسے گینگ ریپ اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا تاہم اس کی تصدیق اور لاش کی حتمی شناخت کے لیے ڈی این اے کے نمونے حاصل کیے اور پوسٹ مارٹم کیا گیا۔

لواحقین کے احتجاج کرنے پر تھانہ شہزاد ٹاؤن کے ایس ایچ او کو معطل کردیا گیا جبکہ پولیس حکام نے مقدمہ درج کرنے میں تاخیر کی تردید کی۔

22مئی کو وزیر اعظم عمران خان نے بچی فرشتہ کے اغوا، مبینہ ریپ اور قتل کے کیس میں ایس ایچ او شہزاد ٹاﺅن اسلام آباد کی گرفتاری میں تاخیر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز اور انسپکٹر جنرل پولیس سے وضاحت طلب کر لی تھی۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C