ماہ رنگ بلوچ کی گرفتاری کے خلاف بلوچستان میں شٹرڈاؤن ہڑتال، سمی دین دوبارہ گرفتار
👁️ 178 بار دیکھا گیا
ماہ رنگ بلوچ کی گرفتاری کے خلاف بلوچستان میں شٹرڈاؤن ہڑتال، سمی دین دوبارہ گرفتار
کوئٹہ + کراچی (ڈیلی اردو/بی بی سی) بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، سمّی دین بلوچ اور دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف پاکستان کے صوبے بلوچستان کے متعدد شہروں میں شٹرڈائون ہڑتال کی جا رہی ہے۔
شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال بلوچستان نیشنل پارٹی نے دی تھی۔
بلوچستان نیشنل پارٹی کی کال کے بعد اب بلوچ آبادی والے ان شہروں میں بھی ہڑتال کی جارہی ہے جو گذشتہ دو روز سے ان گرفتاریوں کے خلاف احتجاجاً بند نہیں تھے۔ شٹرڈائون ہڑتال کے باعث ان شہروں میں بیشتر کاروباری مراکز بند ہیں۔
بلوچستان نیشنل پارٹی کی جانب سے جمعرات کے روز بلوچستان بھر میں احتجاجی مظاہروں جبکہ 28 مارچ کو خضدار کے علاقے وڈھ سے کوئٹہ تک لانگ مارچ کا اعلان کیا گیا ہے۔
کوئٹہ شہر میں سریاب اور مغربی بائی پاس کے بعض علاقوں میں کسی بھی احتجاج کو روکنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کے دیگر رہنماؤں کو سنیچر کو ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔
سمی دین بلوچ کو رہائی کے بعد کراچی میں احاطۂ عدالت سے ایم پی او کے تحت دوبارہ گرفتار کر لیا گیا
ادھر کراچی میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما سمی دین بلوچ کو پولیس کی جانب سے نقصِ امن کے خدشے کے باعث ایم پی او کے تحت احاطۂ عدالت سے دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سمی دین بلوچ کو ایم پی او آرڈر کے تحت 30 روز کے لیے جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے سندھ حکومت نے اپنے حکم نامے میں لکھا ہے کہ سمی بلوچ سمیت پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے کیونکہ وہ عوام کو مشتعل کر رہے تھے اور ان کی وجہ سے نقصِ امن کا خطرہ تھا۔
منگل کی صبح پولیس نے سمی دین سمیت پانچ افراد کو سینٹرل جیل میں جوڈیشل میجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔
خیال رہے کہ پیر کو بلوچ یکجہتی کمیٹی اور سول سوسائٹی کراچی کے اراکین نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، بیبرگ بلوچ اور دیگر کارکنوں کی حراست کے خلاف پریس کلب کے باہر احتجاج کی کال دے رکھی تھی جب سمی بلوچ اور دیگر مظاہرین کو گرفتار کیا گیا۔
منگل کو عدالت میں جبران ناصر سمیت دیگر وکلا پیش ہوئے اور عدالت کو آگاہ کیا کہ سمی بلوچ کو بے گناہ اور غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا ہے اور شہر میں دفعہ 144 کا نفاذ غلط ہے۔
عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد سمی دین محمد اور وہاب بلوچ سمیت پانچ افراد کو رہا کرنے کا حکم جاری کیا۔
تاہم ان کی رہائی کے فوری بعد پولیس نے سمی کو دوبارہ حراست میں لے لیا اور بتایا کہ انھیں ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کی جانب سے سمی بلوچ کو دوبارہ گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی جس پر وکلا کی جانب سے گرفتاری کی مزاحمت کی گئی اور پولیس اور وکلا کے درمیان دھکم پیل ہوئی۔ اس موقع پر عدالت نے پولیس سے ایم پی او کا آرڈر طلب کیا تھا تاہم پولیس نے آرڈر عدالت میں پیش کیا اور عدالت کو آگاہ کیا کہ وہ قانون کے مطابق ایم پی او کے آرڈر پر آرڈر نہیں کر سکتے۔
خیال رہے کہ ایم پی او کے تحت ان افراد کو حراست میں لیا جاتا ہے یا نظر بند کیا جاتا ہے جن کے آزاد گھومنے پھرنے سے، حکومت کے مطابق، امن و عامہ کے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔
سمی دین کی چھوٹی بہن مہلب بلوچ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سمی دین کو غیر مشروط رہا کیا جائے اور بلوچ خواتین پر تشدد اور ظلم میں ملوث افسران اور اہلکاروں کو سزا دی جائے۔
انھوں نے کہا کہ اگر ریاستی ظلم و ستم کا سلسلہ جاری رہا تو بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے سخت احتجاج کیا جائے گا۔
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر بلوچستان ہائی کورٹ کا نوٹس
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی گرفتاری کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ میں ان کی بہن نادیہ بلوچ کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔
درخواست گزار کے وکیل عمران بلوچ نے بتایا کہ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بی وائی سی کی سربراہ کو کسی قانونی پروسیجر کے بغیر گرفتار کیا گیا ہے کیونکہ گرفتاری کے بعد انھیں براہ راست ہدہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
عمران بلوچ نے بتایا کہ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کو ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے جس کے باعث اس بات کا خدشہ ہے کہ ایم پی او کے بعد مختلف تھانوں میں درج مقدمات میں ان کی گرفتاری ظاہر کر دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ درخواست میں بی وائی سی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف درج تمام مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس شوکت رخشانی پر مشتمل بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل اور پراسیکیوٹر جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔ عمران بلوچ نے بتایا کہ عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے حکومت کو ایک ہفتے کے اندر اندر ڈاکٹر ماہ رنگ کے خلاف درج تمام مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
عمران بلوچ کا کہنا تھا کہ ایڈووکیٹ جنرل اور پراسیکوٹر جنرل نےڈاکٹر ماہ رنگ کے خلاف مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کے لیے ایک ہفتے کی مہلت مانگی۔
عدالت نے مقدمے کی سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کرتے ہوئے ڈاکٹر ماہ رنگ کے خاندان کے افراد اور وکیل کو ان سے ملاقات کی اجازت دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔
سریاب روڈ سے حراست میں لی جانے والی ایف ایس سی کی طالبہ رہا
گزشتہ روز سریاب روڈ سے احتجاج کے موقع پر حراست میں لی جانے والی ایف ایس سی کی طالبہ مذلفہ قمبرانی کو رہا کردیا گیا ہے۔
مزلفہ قمبرانی کے خاندان کے مطابق وہ ٹیوشن سینٹر سے اپنی بہن کے ہمراہ گھر آرہی تھی کہ جب انھیں ایک ڈالے میں سوار سادہ کپٹروں میں ملبوس اہلکاروں نے مبینہ طور پر حراست میں لے لیا۔ تاہم رات کو ساڑھے 12 بجے کے بعد طالبہ کو چھوڑ دیا گیا۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
کرم میں نادرا کی موبائل وین پر مسلح افراد کی فائرنگ
21/July/2026 👁️ 278 بار دیکھا گیا
تجارتی جہازوں پر حملہ کیا تو طاقت سے جواب دینگے، سعودی فوجی اتحاد کی حوثیوں کو وارننگ
21/July/2026 👁️ 360 بار دیکھا گیا
ایران میں سرکردہ سنی عالم محمد انور ریگی فائرنگ سے ہلاک
21/July/2026 👁️ 707 بار دیکھا گیا
روسی دارالحکومت ماسکو پر یوکرین کا بڑا ڈرون حملہ، 400 سے زائد ڈرونز استعمال، جنگ میں نئی شدت
21/July/2026 👁️ 618 بار دیکھا گیا
نوشہرہ میں امن جرگہ کے رہنما اعجاز خان ٹارگٹ کلنگ میں ہلاک، تحقیقات شروع
21/July/2026 👁️ 230 بار دیکھا گیا
پاکستان بھارت سرحد پر رات بھر گولہ باری
20/July/2026 👁️ 325 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8964 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4815 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3576 بار دیکھا گیاسعودی عرب کا پاکستانی شہریوں کیلئے ویزا فیسوں میں کمی کا اعلان
16/February/2019 👁️ 3486 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2567 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2320 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C