07/November/2025

میکسیکو: اسرائیلی سفیر کے قتل کی ایرانی کوشش ناکام بنادی گئی

👁️ 311 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
میکسیکو: اسرائیلی سفیر کے قتل کی ایرانی کوشش ناکام بنادی گئی

میکسیکو: اسرائیلی سفیر کے قتل کی ایرانی کوشش ناکام بنادی گئی

میکسیکو (ڈیلی اردو) امریکی اور اسرائیلی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ ایران نے چند ماہ قبل میکسیکو میں تعینات اسرائیلی سفیر ایانات کرانز نیگر کے قتل کی کوشش کی تھی، تاہم میکسیکو کی سیکیورٹی ایجنسیوں نے منصوبہ بروقت ناکام بنا دیا۔

 

اسرائیلی چینل 12 کے مطابق، اس سازش کے پیچھے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا ذیلی ادارہ فيلق القدس ملوث تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ ناکام حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ایران نے لاطینی امریکہ میں ایک وسیع دہشت گرد نیٹ ورک قائم کر رکھا ہے جو اسرائیلی اور امریکی اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے سرگرم ہے۔

رپورٹ کے مطابق، اس نیٹ ورک کی زیادہ تر سرگرمیاں وینیزویلا میں ایرانی سفارتخانے سے چلائی جاتی ہیں۔

 

چینل 12 نے مزید بتایا کہ قتل کی منصوبہ بندی 2024 کے اختتام پر شروع ہوئی تھی اور اس کی قیادت حسن ایزادی نامی ایک ایرانی ایجنٹ کر رہا تھا جو فیلق القدس کی یونٹ 11000 سے وابستہ ہے۔ ایزادی ماضی میں وینیزویلا میں ایرانی سفارتخانے سے کام کرتا رہا ہے اور وہاں سے مختلف ایجنٹوں کو بھرتی کرتا تھا۔

 

یہ کارروائی 2025 کے پہلے نصف تک جاری رہی، مگر سیکیورٹی اداروں نے اسے گزشتہ موسمِ گرما میں ناکام بنا دیا۔ ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار نے تصدیق کی کہ "سازش کو ناکام بنا دیا گیا ہے اور اس وقت کوئی فعال خطرہ موجود نہیں ہے۔"

 

انہوں نے مزید کہا کہ "یہ صرف ایران کی طویل تاریخ میں ایک اور مثال ہے، جو دنیا بھر میں اپنے مخالفین، سفارتکاروں، صحافیوں اور ناقدین کے خلاف قاتلانہ کارروائیاں کرتا رہا ہے۔ یہ معاملہ ہر اس ملک کے لیے تشویش کا باعث ہونا چاہیے جہاں ایرانی موجودگی پائی جاتی ہے۔"

 

اسرائیلی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ "اسرائیل میکسیکو کی سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا شکر گزار ہے جنہوں نے ایرانی حمایت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جو اسرائیلی سفیر کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔"

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C