پشاور خودکش حملہ: ابھی ایک بیٹے کا غم تازہ تھا کہ دوسرا اللہ کو پیارا ہو گیا
👁️ 101 بار دیکھا گیا
پشاور خودکش حملہ: ابھی ایک بیٹے کا غم تازہ تھا کہ دوسرا اللہ کو پیارا ہو گیا
پشاور (ڈیلی اردو/بی بی سی) دو روز قبل پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر پشاور میں دھماکے میں ہلاک ہونے والے افراد کے گھروں میں لوگ افسوس کے لیے آ رہے ہیں، لیکن محمد علی کے مطابق لوگ تعزیت کر رہے ہیں لیکن درد ایسے محسوس ہو رہا ہے جیسے بازو کٹ چکا ہو۔
جمعے کو ہونے والے خود کش حملے میں ہلاک ہونے والوں میں محمد علی کے بھائی بھی شامل تھے۔
پشاور کے کوہاٹی گیٹ کے سامنے سڑک پر پڑے جنازوں میں سے ایک کے قریب محمد علی بیٹھے مسلسل روئے جا رہے تھے۔ ان کے ہلاک ہونے والے بھائی تحسین ان سے عمر میں قریب تین سال بڑے تھے۔ تحسین سوگواران میں دو بیٹے اور حاملہ اہلیہ چھوڑ گئے۔
محمد علی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’ایک روز پہلے میری بات بھائی سے ہوئی تھی اور میں نے بھائی سے کہا تھا کہ ملاقات کرنی ہے جس پر بھائی نے کہا کہ وہ کل 12 بجے سے 2 بجے تک مسجد میں جمعہ نماز کی ادائیگی کے لیے ہوں گے اس لیے جب میں مسجد میں ہوں تو مجھے فون نہیں کرنا۔‘
محمد علی نے بتایا کہ ’بھائی نے کہا کہ دو بجے میں مسجد سے نکلوں گا تو اس کے بعد فون کال کرنا نماز کے دوران مجھے ہرگز فون نہیں کرنا اور اگر ارجنٹ کام ہے تو ابھی بتا دو اگر نہیں تو کل نماز کے بعد بات کریں گے یہ کہتے ہوئے محمد علی زور زور سے رونے لگا اور کہا کہ انھیں معلوم نہیں تھا کہ نماز کے بعد پھر کیسے ملاقات ہو گی۔‘
ہلاک ہونے والے متعدد افراد کی نماز جنازہ سنیچر کے روز پڑھائی گئی اور شہر کے مختلف علاقوں میں فاتحہ خوانی کی جاتی رہی۔
خیال رہے پشاور کے مشہور قصہ خوانی بازار کی گلی کوچہ رسالدار میں نمازِ جمعہ کے وقت خود کش دھماکے میں 62 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
’ابھی ایک بیٹے کا غم تازہ تھا کہ دوسرا اللہ کو پیارا ہو گیا‘
سنیچر کی صبح پشاور میں کوہاٹی گیٹ کے سامنے چوک میں دس افراد کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کر دیا گیا جبکہ 28 افراد کی نماز جنازہ کل یعنی جمعہ کو رات کے وقت ادا کر دی گئی تھی۔
دوسری جانب ہلاک ہونے والے دیگر شہروں کے افراد کی میتیں اپنے آبائی علاقوں میں پہنچا دی گئی ہیں۔ ان میں پاڑہ چنار اور ٹل کے علاقے کے افراد زیادہ تھے۔ امام مسجد کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے بتایا گیا ہے۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے افراد کی تدفین ادھر آبائی قبرستانوں میں کی گئی ہے۔
نماز جنازہ کے وقت رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔ اس وقت وہاں موجود بزرگ، جوان، بچے سب اپنے رشتہ داروں کے لیے خفا تھے کوئی رو رہا تھا تو کوئی آنکھوں میں آنسو روکنے کی ہر ممکن کوشش کر رہا تھا۔
محمد علی نے بتایا کہ ان کے ایک بھائی گذشتہ سال کینسر کے مرض سے فوت ہو گئے تھے، کل جب اس بھائی کی اطلاع آئی تو والدہ کہہ رہی تھیں کہ ’ابھی ایک بیٹے کا غم تازہ تھا کہ دوسرا بیٹا اللہ کو پیارا ہو گیا۔‘
بیٹی کی پیدائش پر خوش پولیس اہلکار نہیں رہا
اس دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کے گھرانوں میں غم چھایا ہوا ہے۔ انھی میں ایک محمد جمیل سپاہی ہیں۔ اس حملے کا شاید پہلا نشانہ پولیس اہلکار محمد جمیل تھے جنھیں حملہ آور نے فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا تھا۔
محمد جمیل کے چھوٹے بھائی نے بتایا کہ اس واقعہ سے دو روز پہلے محمد جمیل کی بیٹی پیدا ہوئی ہے اور محمد جمیل نے ساری رات ہسپتال میں گزاری تھی۔ وقعوعہ کے روز بھائی صبح سویرے ڈیوٹی پر چلے گئے تھے اور ان سے بات نہیں ہو سکی تھی۔
جمیل کے بھائی خلیل نے بتایا کہ دوران ڈیوٹی کوئی گیارہ بجے کے لگ بھگ بھائی نے فون کیا تھا اور باتیں کر رہے تھے۔ بھائی نے کہا کہ صبح تم سے ملے بغیر ڈیوٹی پر چلا گیا تھا اس لیے تمھیں فون کر رہا ہوں لیکن پھر دوپہر ایک بجے کے بعد فون آیا کہ جمیل بھی ان افراد میں شامل ہے جو خود کش حملہ آور کا نشانہ بنے ہیں۔
خلیل کا کہنا تھا کہ بھائی بیٹی کی پیدائش پر بہت خوش تھا، ان کا ایک چھوٹا ڈیڑھ سال کا بیٹا ہے اور اب بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔
پشاور کے کیپٹل سٹی پولیس آفیسر کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے یہ پوسٹ سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سانحہ پشاور میں پولیس جوان کانسٹیبل جمیل خان شہید کی دلخراش کہانی، بیٹی رات کو ہسپتال میں پیدا ہوئی، صبح فرائض کی ادائیگی کے لیے دلیر باپ صبح ڈیوٹی پر گیا اور پھر سیدھا جنت میں چلا گیا۔
اسی طرح اس حملے میں ایک باپ اور معصوم بیٹا بھی نشانہ بنے ہیں۔ معصوم بیٹا حسن عباس جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ والد شدید زخمی ہیں۔
پولیس کی تفتیش میں کیا انکشافات ہوئے؟
اس بارے میں پشاور کے پولیس افسر اعجاز خان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں سکیورٹی الرٹ تھی جہاں انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت کے علاوہ ہندو برادری کی ایک تقریب کے لیے سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے جبکہ شہر کے تمام مذہبی مقامات کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ سی ٹی ڈی یعنی محکمہ انسدادِ دہشتگردی، پشاور پولیس اور حساس اداروں پر مشتمل ٹیم نے موقع سے اہم شواہد حاصل کیے ہیں جبکہ جائے وقوعہ کے اطراف میں پانچ کلو میٹر تک سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر کے تجزیہ کیا گیا ہے۔
اس بیان کے مطابق جائے وقوعہ اور اطراف میں جیو فینسنگ بھی کی گئی اور موقع سے شواہد حاصل کیے گئے جن میں خودکش کے باڈی پارٹس، فنگر پرنٹس وغیرہ شامل ہیں۔ وقوعہ میں استعمال ہونے والی پستول سے فنگر پرنٹس اور خالی خول وغیرہ حاصل کیے گئے۔
نادرا ٹیم کو موقع پر بلا کر خود کش حملہ آور اور سہولت کاروں کی پہچان شروع کی گئی ہے اسی طرح ہیومن انٹیلی جنس کو بھی بروئے کار لاتے ہوئے رکشہ ڈرائیور تک رسائی حاصل کی گئی ہے۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ان شواہد کی روشنی میں تفتیشی ٹیم نے وقوعہ کو دو سے تین گھٹوں میں ورک آوٹ کرتے ہوئے ملوث نیٹ ورک کو توڑ دیا ہے اور خودکش حملہ آور کے خاندان تک رسائی حاصل کر لی گئی ہے۔
اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں بقایا نیٹ ورک تک بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے پہنچ جائیں گے۔
خیال رہے کہ اس حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم داعش نے اپنی ویب سائٹ پر قبول کی ہے اور خود کش حملہ آور کی تصویر اور نام بھی جاری کیا ہے۔
تاہم اس بارے میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ‘پشاور میں جو واقعہ رونما ہوا ہے، ہم اس کی تائید نہیں کرتے، اس سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں اور اس کو جہادِ پاکستان کے لیے نقصان سمجھتے ہیں۔’
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
آبنائے ہرمز میں ایک اور آئل ٹینکر میں دھماکا اور آگ، ایران کا سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کا دعویٰ
19/October/2026 👁️ 65 بار دیکھا گیا
قلات میں کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک، گوادر میں آئی ای ڈی دھماکے سے میجر بھی ہلاک
19/October/2026 👁️ 33 بار دیکھا گیا
نیتن یاہو کا نیا دفاعی منصوبہ، ایران میں حکومت کی تبدیلی اور اسلحہ سازی میں خود کفالت پر زور
19/October/2026 👁️ 110 بار دیکھا گیا
نیتن یاہو ایران کے ساتھ نئی جنگ کے لیے واشنگٹن پر دباؤ ڈال رہے ہیں، عباس عراقچی کا الزام
19/October/2026 👁️ 95 بار دیکھا گیا
تل ابیب سے ویانا جانے والی پرواز کی صوفیہ میں ہنگامی لینڈنگ، بم کی دھمکی پر مسافروں سے پوچھ گچھ
19/October/2026 👁️ 68 بار دیکھا گیا
یمن میں سعودی فضائی حملوں میں 30 سے زائد افراد ہلاک و زخمی ، حوثی باغیوں کا دعویٰ
19/October/2026 👁️ 77 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
ٹرمپ کا ایران کو آخری الٹی میٹم، ڈیل نہ ہوئی تو تباہ کن کارروائی کی دھمکی
04/August/2026 👁️ 26383 بار دیکھا گیاایران میں موساد کیلئے جاسوسی کا الزام، دو افراد کو پھانسی دے دی گئی
04/August/2026 👁️ 15621 بار دیکھا گیاحوثیوں کا سعودی عرب کے نجران ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ
05/August/2026 👁️ 11914 بار دیکھا گیاجنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 9268 بار دیکھا گیایمن میں حوثی باغیوں کے میزائل اور ڈرون حملے، 36 فوجی اہلکار ہلاک
07/August/2026 👁️ 7525 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 5477 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C