21/February/2025

کوئٹہ: تشدد کے دو مختلف واقعات میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد ہلاک

👁️ 58 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
کوئٹہ: تشدد کے دو مختلف واقعات میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد ہلاک

کوئٹہ: تشدد کے دو مختلف واقعات میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد ہلاک

کوئٹہ (ڈیلی اردو/بی بی سی) بلوچستان کے ضلع کوئٹہ میں گذشتہ شب تشدد کے دو مختلف واقعات میں دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

دونوں پولیس اہلکار کوئٹہ اور ہرنائی کے اضلاع کے سرحدی علاقے شعبان میں واقع ایک چوکی پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں مارے گئے۔

بلوچستان پولیس کے ایک سینیئر اہلکارنے ان ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس علاقے میں پولیس اور محکمہ جنگلات کی ایک مشترکہ چوکی تھی جس پر گذشتہ شب پانچ سے چھ کے قریب مسلح افراد نے حملہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حملے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے علاوہ ایک اہلکار زخمی بھی ہوا۔

پولیس اہلکاروں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم جبکہ زخمی اہلکار کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا۔

شعبان کوئٹہ شہر کے مشرق میں ایک دشوار گزار پہاڑی علاقہ ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پولیس اہلکاروں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پولیس کے دو جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے دہشت گردی کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔

ادھر کوئٹہ شہر کے سریاب علاقے میں قمبرانی روڈ پر ہونے والے بم دھماکے میں ہلاک ہونے والے ایک شخص کے بارے تحقیقات جاری ہیں۔

ایس ایچ او سریاب قاسم رودینی نے بتایا کہ گذشتہ شب ہلاک ہونے والے شخص کی لاش کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا جس کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔

پولیس کے ایک سینیئر اہلکار نے بتایا کہ دھماکے سے ہلاک ہونے والے شخص کے جسم کے بعض حصے اُڑ گئے ہیں۔

اہلکار نے بتایا کہ اس واقعے کے بارے تحقیقات جاری ہیں ’تاہم شبہ ہے کہ ہلاک ہونے والا شخص کوئی خود کش حملہ آور تھا یا وہ دھماکہ خیز مواد کہیں لے جارہا تھا جو ہدف سے پہلے ہی پھٹ گیا جس میں وہ شخص ہلاک ہو گیا۔‘

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C