02/April/2026

آبنائے ہرمز تنازع: برطانیہ 35 ممالک کے اہم اجلاس کا میزبان بن گیا

👁️ 166 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
آبنائے ہرمز تنازع: برطانیہ 35 ممالک کے اہم اجلاس کا میزبان بن گیا

آبنائے ہرمز تنازع: برطانیہ 35 ممالک کے اہم اجلاس کا میزبان بن گیا

لندن (ڈیلی اردو/اے ایف پی)  خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ برطانیہ مشرق وسطیٰ کی جنگ کے باعث مفلوج ہو جانے والی اسٹریٹیجک آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے طریقوں پر غور کرنے کے لیے اس ہفتے تقریباً 35 ممالک کے ایک اجلاس کی میزبانی کرے گا۔

 

اسٹارمر نے صحافیوں کو بتایا کہ برطانوی وزیر خارجہ ایویٹ کوپر ان مذاکرات کی میزبانی کریں گی۔ تاہم انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ بات چیت کس دن ہو گی۔

 

اسٹارمر کے مطابق اجلاس میں اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ کون سے ایسے سفارتی اور سیاسی اقدامات کیے جا سکتے ہیں جن کی مدد سے آبنائے ہرمز میں معمول کی تجارتی جہاز رانی بحال کی جا سکے، وہاں پھنسے ہوئے بحری جہازوں اور ان کے عملے کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے اور اہم اشیا کی نقل و حرکت دوبارہ شروع ہو سکے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ اس اجلاس کے بعد فوجی منصوبہ سازوں کو بھی اکٹھا کیا جائے گا تاکہ لڑائی ختم ہونے کے بعد آبنائے ہرمز کو دوبارہ محفوظ اور قابل استعمال بنانے کے طریقوں پر غور کیا جا سکے۔

 

اسٹارمر کے مطابق مذاکرات میں وہ ممالک بھی شامل ہوں گے جنہوں نے حال ہی میں ایک مشترکہ بیان پر دستخط کیے تھے، جس میں کہا گیا تھا کہ وہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ ایک محفوظ سمندری گزرگاہ بنانے کی کوششوں میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں۔ ان ممالک میں جرمنی، فرانس، اٹلی، جاپان اور نیدرلینڈز بھی شامل ہیں۔

 

ایران نے اپنے خلاف امریکہ اور اسرائیل کے فضائی حملوں کے ساتھ شروع ہونے والی جنگ میں اس اہم آبی گزرگاہ کو تقریباً بند کررکھا ہے، جس سے عالمی سطح پر تیل اور گیس کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

 

امن کے زمانے میں دنیا بھر کے لیے برآمدی تیل اور مائع قدرتی گیس کا تقریباً پانچواں حصہ اسی آبنائے سے گزرتا تھا۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C