21/January/2026

اسرائیل نے یروشلم میں اقوامِ متحدہ کے کمپاؤنڈ کی عمارتیں مسمار کر دیں

👁️ 160 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
اسرائیل نے یروشلم میں اقوامِ متحدہ کے کمپاؤنڈ کی عمارتیں مسمار کر دیں

اسرائیل نے یروشلم میں اقوامِ متحدہ کے کمپاؤنڈ کی عمارتیں مسمار کر دیں

نیو یارک (ڈیلی اردو) اسرائیل نے آج منگل 20 جنوری کو مشرقی یروشلم میں اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین کے کمپاؤنڈ کے اندر موجود عمارتوں کو مسمار کر دیا۔ ایجنسی نے اس کارروائی کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے۔ اسرائیل نے اس کمپاؤنڈ کو گزشتہ برس اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔

 

اسرائیلی افواج کے محاصرے میں بلڈوزروں نے ’’یونائیٹڈ نیشنز ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ‘‘ (یو این آر ڈبلیو اے) کے کمپاؤنڈ کے اندر کئی بڑی عمارتوں اور دیگر چھوٹی تعمیرات کو گرا دیا، جہاں کبھی ایجنسی کے درجنوں ملازمین کام کرتے تھے۔

 

یو این آر ڈبلیو  اے گزشتہ سال کے آغاز سے اس عمارت کو استعمال نہیں کر رہی تھی۔ اس وقت آیا جب اسرائیل نے ایجنسی کو اپنی تمام عمارتیں خالی کرنے اور آپریشن بند کرنے کا حکم دیا تھا۔

 

اقوام متحدہ کی اس ایجنسی کے ترجمان جوناتھن فاؤلر نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ اسرائیلی افواج مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے کمپاؤنڈ میں داخل ہوئیں، وہاں موجود سکیورٹی گارڈز کو زبردستی باہر نکالا اور پھر عمارتوں کو مسمار کرنے کے لیے بلڈوزر اندر لے آئے۔

 

فاؤلر نے کہا، ’’یہ یو این آر ڈبلیو  اے اور اس کی املاک پر ایک بے مثال حملہ ہے اور یہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے مراعات و استثنیٰ کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے۔‘‘

 

ایجنسی کے مشرقی یروشلم ہیڈ کوارٹر کے سابق چیف آف اسٹاف حکم شہوان کے مطابق، ’’اسرائیلی قابض قوت کی طرف سے آج کی گئی یہ تباہی دنیا کے لیے ایک اور پیغام ہے کہ اسرائیل وہ واحد ملک ہے جو بین الاقوامی قانون کی دھجیاں اڑا سکتا ہے اور اسے کوئی پوچھنے والا نہیں۔‘‘

 

اسرائیلی پارلیمنٹ نے اکتوبر 2024 میں ایک قانون منظور کیا تھا، جس کے تحت ایجنسی کے ملک میں کام کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی اور حکام کو ایجنسی کے ساتھ رابطے سے روک دیا گیا تھا۔

 

اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے وزیر برائے قومی سلامتی، اتمار بن گویر نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں وہ اقوام متحدہ کی اس ایجنسی کے کمپاؤنڈ کے سامنے کھڑے ہیں جبکہ ایک بلڈوزر اسے گرانا شروع کر رہا ہے۔ بن گویر نے کہا، ’’یہ ایک تاریخی دن ہے، یہ خوشی کا دن ہے۔‘‘

 

اسرائیل کا الزام ہے کہ یو این آر ڈبلیو اے کے کچھ ملازمین فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کے رکن تھے اور انہوں نے سات اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر ہونے والے حملے میں حصہ لیا تھا۔ اس حملے میں تقریباً 1,200 اسرائیلی ہلاک ہوئے تھے، جس کے بعد حماس کے خلاف اسرائیل کی جنگ شروع ہوئی، جس میں غزہکے حکام کے مطابق اب تک 71,000 سے زائد فلسطینی مارے جا چکے ہیں۔

 

ان الزامات کے بعد ایجنسی نے عملے کے کئی ارکان کو برطرف کر دیا لیکن اس کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے اپنے عملے کے خلاف تمام الزامات کے ثبوت فراہم نہیں کیے۔ فاؤلر نے اس سے قبل روئٹرز کو بتایا تھا کہ اسرائیل یو این آر ڈبلیو اے کے خلاف ایک ’’مسلسل غلط معلومات کی مہم‘‘ چلا رہا ہے۔

 

اسرائیلی وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق، ’’اس کمپاؤنڈ کو کوئی استثنیٰ حاصل نہیں ہے اور اسرائیلی حکام کی جانب سے اس کمپاؤنڈ پر قبضہ اسرائیلی اور بین الاقوامی دونوں قوانین کے مطابق کیا گیا تھا۔‘‘

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C