31/October/2026

عراق: کرکوک میں داعش کی مبینہ کارروائی گاؤں میں داخل ہو کر شہری کو اغوا کرلیا

👁️ 51 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
عراق: کرکوک میں داعش کی مبینہ کارروائی گاؤں میں داخل ہو کر شہری کو اغوا کرلیا

عراق: کرکوک میں داعش کی مبینہ کارروائی گاؤں میں داخل ہو کر شہری کو اغوا کرلیا

کرکوک (ڈیلی اردو) عراق کے صوبہ کرکوک کے جنوب مغرب میں شدت پسند تنظیم داعش کے ارکان نے مبینہ طور پر ایک گاؤں میں داخل ہوکر مقامی شہری کو اغوا کرلیا۔ واقعہ ضلع الحویجہ کے گاؤں السیحہ میں پیش آیا، جہاں ملزمان نے خراب موسم اور حدِ نگاہ متاثر ہونے کا فائدہ اٹھایا۔

عراقی ذرائع کے مطابق اغوا کی واردات بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب دیر گئے پیش آئی۔ بتایا گیا ہے کہ علاقے میں موسم کی خرابی کے باعث حدِ نگاہ کم ہوگئی تھی، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے داعش کے مبینہ ارکان گاؤں میں داخل ہوئے اور ایک شہری کو اپنے ساتھ لے گئے۔

واقعے کے بعد مغوی شہری کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے میں کارروائیاں شروع کردی ہیں اور مغوی کی تلاش کے ساتھ اغوا کاروں کے فرار کے ممکنہ راستوں کا بھی سراغ لگایا جا رہا ہے۔ تاحال مغوی کی شناخت، اغوا کی وجوہات یا اس کی رہائی سے متعلق کسی مطالبے کی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب کرکوک اور بالخصوص الحویجہ کے دیہی علاقوں میں داعش کی سرگرمیوں کے متعدد واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 5 اکتوبر کو الحویجہ کے علاقے میں وفاقی پولیس کی ایک چوکی پر داعش کے جنگجوؤں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور چار زخمی ہوگئے تھے۔ حملہ آوروں نے خودکار ہتھیاروں اور سنائپر فائر کا استعمال کیا تھا۔

اسی علاقے میں 6 اکتوبر کو پاپولر موبلائزیشن فورسز کی ایک چوکی اور نگرانی کے لیے نصب حرارتی کیمرے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ بعد ازاں 10 اکتوبر کو اسی علاقے میں سکیورٹی فورسز اور مشتبہ داعش جنگجوؤں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔

شفق نیوز کی اکتوبر کے دوران ہونے والے واقعات پر مبنی ایک تفصیلی رپورٹ کے مطابق کرکوک میں داعش کے حملوں میں سکیورٹی چوکیوں اور رات کے وقت نگرانی کرنے والے آلات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ دیہی علاقوں میں سکیورٹی فورسز کے درمیان بعض مقامات پر فاصلے اور نگرانی کے محدود انتظامات چھوٹے جنگجو گروہوں کو نقل و حرکت کا موقع فراہم کرسکتے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق عراق میں امریکی قیادت والے بین الاقوامی اتحاد کا فوجی مشن 30 ستمبر کو ختم ہوگیا تھا، تاہم واشنگٹن نے عراقی فورسز کو تربیت اور انٹیلی جنس معاونت جاری رکھنے کا عندیہ دیا تھا۔ عراق میں داعش کی علاقائی حکومت 2017 میں ختم کردی گئی تھی، لیکن تنظیم کے باقی ماندہ جنگجو اب بھی بعض دور دراز اور دیہی علاقوں میں چھوٹے گروہوں کی صورت میں حملے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

 

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C