افغانستان میں داعش کے مبینہ گڑھ میں اہم کمانڈر کی ہلاکت
👁️ 33 بار دیکھا گیا
افغانستان میں داعش کے مبینہ گڑھ میں اہم کمانڈر کی ہلاکت
اسلام آباد (ڈیلی اردو/وی او اے) افغانستان میں برسرِ اقتدار طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے پاکستان کی سرحد کے ساتھ واقع مشرقی صوبے ننگرہار میں کارروائی کے دوران ایک اہم داعش کمانڈر کو ہلاک کر دیا ہے۔
طالبان سے منسلک ذرائع ابلاغ کے ایک ادارے کی رپورٹ کے مطابق انسدادِ دہشت گردی کی ایک کارروائی میں داعش کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ اس خطے میں شدت پسند تنظیم خود کو ‘داعش خراسان’ کے نام سے پُکارتی ہے۔
‘المرساد’ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اتوار کو کی گئی کارروائی میں داعش کے کمانڈر ابو شیر کو نشانہ بنایا گیا۔ ابو شیر کا اصل نام ذاکر اللہ تھا۔
ذاکر اللہ خود کو داعش خراسان کا ننگرہار میں ضلع اچین کا کمانڈر قرار دیتا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان کی اسپیشل فورسز نے ضلع مہمند درا میں کارروائی کے دوران داعش کے کمانڈر کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
‘المرساد’ میں شائع ہونے والی رپورٹس کی آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہیں ہو سکی ہے۔ طالبان کی جانب سے بھی اس کارروائی کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
داعش نے 2015 میں ننگرہار میں اس خطے میں اپنی سرگرمیاں شروع کی تھیں۔ داعش خراسان نے اچین کو اپنا مرکز قرار دیا تھا۔
افغانستان میں طالبان اگست 2021 میں اس وقت برسرِ اقتدار آئے تھے جب امریکہ کی قیادت میں اتحادی افواج نے 20 سالہ جنگ کا خاتمہ کرتے ہوئے اپنی فورسز کا انخلا مکمل کیا تھا۔ امریکی افواج خطے میں داعش خراسان کے خلاف تواتر سے کارروائیاں کرتی رہی تھی جس میں اس کے کئی اعلیٰ کمانڈرز مارے گئے تھے۔
طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد داعش نے افغانستان میں سیکیورٹی اہلکاروں اور اقلیتی اہلِ تشیع برادری پر خود کش حملے کیے ہیں۔
داعش کے حملوں میں سینکڑوں اموات ہوئی ہیں جن میں طالبان کے اہم رہنما اور متعدد مذہبی شخصیات شامل ہیں۔
طالبان کا دعویٰ ہے کہ ان کی داعش خراسان کے خلاف مسلسل کارروائیوں سے اس کے افغانستان یا خطے میں کہیں اور خطرہ بننے کی صلاحیت برقرار نہیں رہی ہے۔
کابل میں قائم طالبان کی حکومت پاکستان اور ازبکستان پر الزام عائد کرتی ہے کہ ان کی سرزمین پر داعش کے جنگجوؤں کی تربیت اور پرورش ہو رہی ہے۔
افغانستان کے دونوں پڑوسی ممالک نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے جوابی الزام عائد کیا ہے کہ کابل کے حکمران افغان سر زمین کو دہشت گرد گروہوں کے استعمال سے روکنے میں ناکام رہے جو پورے خطے کے لیے خطرہ بن رہے ہیں۔
امریکہ کے محکمۂ دفاع کی ایک سہہ ماہی رپورٹ رواں برس مئی میں سامنے آئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ داعش خراسان خطے میں دوسرے مقامات پر ہلاکت خیز حملوں کی اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کیا ہے۔
اس رپورٹ میں افغانستان کے پڑوسی ملک ایران کے شہر کرمان میں جنوری میں ہونے والے خود کش حملے کا بھی ذکر کیا گیا تھا۔ اس حملے میں ایران کے اعلیٰ فوجی کمانڈر سمیت 100 سے زائد افراد مارے گئے تھے۔
اس کے ساتھ ساتھ روس کے شہر ماسکو میں مارچ میں ہونے والے حملے کا بھی ذکر کیا گیا تھا جس میں مسلح افراد نے ایک کنسرٹ میں حملہ کر کے 140 افراد کو قتل کیا تھا۔ یہ روس میں دو دہائیوں کے دوران ہونے والا ہلاکت خیز حملہ تھا۔
مارچ میں امریکہ کی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل مائیکل کوریلا نے کانگریس کو افغانستان سے بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے خدشات پر بتایا تھا کہ داعش سے منسلک گروہ اور افراد امریکہ اور یورپی ممالک پر حملوں کی صلاحیتوں کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔
جنوری میں ایک رپورٹ میں اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی جانب سے کہا گیا تھا کہ داعش خراسان اپنے زیر قبضہ علاقوں سے محروم ہونے، جنگجوؤں کی اموات اور اعلیٰ قیادت کی ہلاکتوں کے باوجود افغانستان اور خطے کے لیے مستقل ایک بڑا خطرہ ہے۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ بندی کو وقت کا ضیاع قرار دے دیا، معاہدے پر اپنے سابقہ مؤقف سے پیچھے ہٹ گئے
27/October/2026 👁️ 87 بار دیکھا گیا
محسن رضائی: تہران اجلاس علاقائی اتحاد کی تشکیل میں اہم پیش رفت ثابت ہوسکتا ہے، بیرونی مداخلت کے بغیر سلامتی پر زور
27/October/2026 👁️ 79 بار دیکھا گیا
بنوں کے علاقے سردی خیل میں کواڈ کاپٹر حملہ، 65 سالہ شہری ہلاک، حجرے اور سولر سسٹم کو نقصان
27/October/2026 👁️ 100 بار دیکھا گیا
تہران : ایران، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ حکام کی اہم ملاقات ختم، علاقائی امن کے لیے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق
27/October/2026 👁️ 79 بار دیکھا گیا
اردن کے جنوبی شام پر فضائی حملے، چرچ پر حملے سے منسلک گروپوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ، ہلاکتوں کی اطلاعات
27/October/2026 👁️ 80 بار دیکھا گیا
خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں مسلح گروپوں کے انخلا کے لیے مشاورت کا فیصلہ، اے آر ڈی سی کو ذمہ داریاں سونپ دی گئیں
27/October/2026 👁️ 91 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
ٹرمپ کا ایران کو آخری الٹی میٹم، ڈیل نہ ہوئی تو تباہ کن کارروائی کی دھمکی
04/August/2026 👁️ 26406 بار دیکھا گیاایران میں موساد کیلئے جاسوسی کا الزام، دو افراد کو پھانسی دے دی گئی
04/August/2026 👁️ 15643 بار دیکھا گیاحوثیوں کا سعودی عرب کے نجران ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ
05/August/2026 👁️ 11940 بار دیکھا گیاجنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 9301 بار دیکھا گیایمن میں حوثی باغیوں کے میزائل اور ڈرون حملے، 36 فوجی اہلکار ہلاک
07/August/2026 👁️ 7554 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 5520 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C