03/January/2026

امریکی حملہ: کولمبیا نے وینزویلا کی سرحد پر فوج تعینات کر دی

👁️ 171 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
امریکی حملہ: کولمبیا نے وینزویلا کی سرحد پر فوج تعینات کر دی

امریکی حملہ: کولمبیا نے وینزویلا کی سرحد پر فوج تعینات کر دی

بوگوٹا (ڈیلی اردو/اے ایف پی) کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو  نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے وینزویلا کی سرحد پر فوجی دستے تعینات کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ یہ اقدام ان امریکی حملوں کے بعد کیا گیا، جن کے بارے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے نتیجے میں وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو کو گرفتار کر لیا گیا۔

 

پیٹرو نے واشنگٹن کی کارروائیوں کو لاطینی امریکہ کی خودمختاری پر ’’حملہ‘‘ قرار دیا اور کہا کہ اس کے نتیجے میں انسانی بحران جنم لے سکتا ہے۔ 

 

انہوں نے اگرچہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ صورتحال کو ’’مکالمے‘‘ کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے، تاہم ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا کہ انہوں نے وینزویلا کی سرحد پر سکیورٹی فورسز کی تعیناتی کا حکم دے دیا ہے۔

 

پیٹرو نے اپنے بیان میں مادورو کی گرفتاری کا براہِ راست ذکر نہیں کیا، حالانکہ وینزویلا کے صدر خطے میں ان کی حکومت کے قریبی اتحادیوں میں شمار ہوتے ہیں۔

 

اس سے قبل کولمبیا کے صدر نے امریکی اقدامات کی ’’بین الاقوامی قانونی حیثیت‘‘ جانچنے کے لیے امریکی ریاستوں کی تنظیم  (او اے ایس) اور اقوام متحدہ کے فوری اجلاس کا مطالبہ کیا تھا۔ کولمبیا اس وقت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن ہے، جس کے باعث اس نے کونسل کا اجلاس بلانے کی درخواست دی۔

 

پیٹرو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے منشیات اسمگلنگ کے خلاف کیریبین میں فوجی تعیناتیوں کے ناقد رہے ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر مزید کہا کہ سرحد پر ’’استحکام برقرار رکھنے‘‘ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

 

اے ایف پی کے ایک نامہ نگار کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مرکزی سرحدی گزرگاہ پر معمول کے حالات دیکھے گئے۔ کولمبیا کے وزیر دفاع پیڈرو سانچیز نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے غیرقانونی گروہوں، جن میں نیشنل لبریشن آرمی بھی شامل ہے، کی جانب سے کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کارروائی کو روکنے کے لیے ’’تمام صلاحیتیں‘‘ بروئے کار لانا شروع کر دی ہیں۔

 

اپنی انسدادِ منشیات حکمتِ عملی کے تحت، صدر ٹرمپ نے حال ہی میں کہا تھا کہ وہ کولمبیا میں منشیات تیار کرنے والی لیبارٹریوں پر حملوں کے امکان کو رد نہیں کرتے، جسے پیٹرو نے اس وقت حملے کی دھمکی قرار دیتے ہوئے مذمت کی تھی۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C