08/July/2026

امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کو تباہی کی دھمکی دے دی، تہران کا سخت جوابی انتباہ

👁️ 21 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کو تباہی کی دھمکی دے دی، تہران کا سخت جوابی انتباہ

امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کو تباہی کی دھمکی دے دی، تہران کا سخت جوابی انتباہ

واشنگٹن (ڈیلی اردو/روئٹرز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’یا تو ہم معاہدہ کریں گے یا پھر کام مکمل کر دیں گے، اور یہ کام مکمل کرنا ہمارے لیے مشکل نہیں ہوگا۔ تاہم میری ترجیح معاہدہ ہے کیونکہ میں 9 کروڑ 10 لاکھ نفوس پر مشتملایرانی عوام کو متاثر نہیں کرنا چاہتا۔‘‘

 

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکہ ایک گھنٹے کے اندر ایران کے پل تباہ کرنے اور اس کے توانائی کے نظام کو مفلوج کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا، ’’اس وقت ایران کے پاس پیسہ بھی نہیں ہے اور ہم نے انہیں کوئی مالی مدد فراہم نہیں کی۔‘‘

 

یہ بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب گزشتہ ہفتے امریکہ اور ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کسی نمایاں پیش رفت کے بغیر ختم ہو گئے۔ یہ مذاکرات 60 روزہ جنگ بندی کے دوران کیے گئے تھے، جس کا مقصد امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کم کرنا اور سفارتی حل کی راہ ہموار کرنا تھا۔

 

دوسری جانب ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سکریٹری محمد باقر ذوالقدر نے ٹرمپ کے بیان کو ’وہم پر مبنی‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ایرانی عوام دھمکیوں کے عادی نہیں۔ ان سے احترام کے ساتھ بات کریں۔   ورنہ ہم بھی دوسری زبان میں جواب دیں گے۔‘‘

 

ایران ان دنوں اپنے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں مصروف ہے جہاں منگل کی صبح قم کی مسجد جمکران میں بھی نماز جنازہ ادا کی گئی۔

 

قم کے بعد علی خامنہ ای کے جسد خاکی کو عراق لے جایا جائے گا جہاں نجف اور کربلا سے واپسی پر مشہد میں ان کی تدفین کی جائے گی۔

 

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ اگر امریکہ کی جانب سے دھمکیوں کا سلسلہ جاری رہا تو تہران اور واشنگٹن کے درمیان حتمی معاہدے کے لیے مذاکرات شروع نہیں ہو سکیں گے۔

 

منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں عباس عراقچی نے کہا، ’’اگر دھمکیاں جاری رہیں تو حتمی معاہدے کے لیے مذاکرات کا آغاز نہیں ہوگا۔ اپنے دستخط کا احترام کریں۔‘‘

 

عباس عراقچی کا اشارہ گزشتہ ماہ ایران اور امریکہ کے درمیان طے پانے والے عبوری معاہدے کی جانب تھا، جس کے تحت دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے خلاف طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی سے گریز کرنے کا عہد کیا تھا۔

 

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C