30/October/2026

ترکیہ کا پاک افغان سرحدی خطے میں داعش خراسان کے مبینہ رکن کے خلاف آپریشن، ترک شہری گرفتار

👁️ 46 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
ترکیہ کا پاک افغان سرحدی خطے میں داعش خراسان کے مبینہ رکن کے خلاف آپریشن، ترک شہری گرفتار

ترکیہ کا پاک افغان سرحدی خطے میں داعش خراسان کے مبینہ رکن کے خلاف آپریشن، ترک شہری گرفتار

انقرہ (ڈیلی اردو) ترکیہ کی قومی انٹیلی جنس تنظیم (ایم آئی ٹی) نے افغانستان اور پاکستان کے سرحدی خطے میں کارروائی کرتے ہوئے داعش خراسان سے وابستہ مبینہ ترک شہری اوغور بہادر کو گرفتار کرکے ترکیہ منتقل کر دیا ہے۔ ترک خبر رساں ادارے انادولو ایجنسی کے مطابق ’’عبداللہ‘‘ کے خفیہ نام سے سرگرم اوغور بہادر 2024 میں ترکیہ سے افغانستان اور پاکستان کے سرحدی علاقے میں پہنچا تھا، جہاں اس نے داعش خراسان میں شمولیت اختیار کی اور تنظیم کے مختلف کیمپوں میں ذمہ داریاں انجام دیتا رہا۔

ترک حکام کے مطابق بہادر نے ابتدائی تفتیش کے دوران داعش کے لیے بھرتیوں اور افراد کی منتقلی کے نیٹ ورک، تنظیم میں حاصل کی گئی تربیت اور اسے سونپی گئی ذمہ داریوں سے متعلق معلومات فراہم کی ہیں۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ وہ ترکیہ سے افغانستان اور پاکستان کے سرحدی علاقے میں داعش کے ارکان کی منتقلی کا انتظام کرنے والے اوزگور آلتون، المعروف ابو یاسر الترکی، سے رابطے میں تھا۔ اس کے علاوہ وہ داعش کے میڈیا شعبے سے وابستہ احمد کازانجی، المعروف ابو عبیدہ اور ابو ابراہیم، کے ساتھ بھی کام کرتا رہا تھا۔

ترک میڈیا کے مطابق اوزگور آلتون کو 2025 کے آغاز میں جبکہ احمد کازانجی کو 2026 کے اوائل میں گرفتار کیا گیا تھا۔ انادولو ایجنسی نے بتایا کہ بہادر کی گرفتاری کے بعد سامنے آنے والی معلومات سے ترکیہ اور افغانستان، پاکستان کے سرحدی خطے میں داعش کے مبینہ نیٹ ورک اور اس کی سرگرمیوں سے متعلق مزید تفصیلات حاصل ہوئی ہیں۔ ترکیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس کارروائیوں کے ذریعے ملک میں داعش کے ممکنہ حملوں کی منصوبہ بندی ناکام بنائی گئی ہے۔

یہ کارروائی خطے میں داعش کے نیٹ ورک کے خلاف ترکیہ کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔ جون 2025 میں پاکستان اور ترکیہ کے انٹیلی جنس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اوزگور آلتون کو پاک افغان سرحد کے قریب گرفتار کیا تھا، جس کے بعد اسے ترکیہ منتقل کر دیا گیا تھا۔ اس وقت انادولو ایجنسی اور پاکستان کے اخبار ڈان نے بھی اس گرفتاری کی تفصیلات رپورٹ کی تھیں۔ تاہم اوغور بہادر کی حالیہ گرفتاری کے بارے میں جاری اطلاعات میں پاکستان کے کسی ادارے کی براہِ راست شمولیت کی تصدیق نہیں کی گئی۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C