22/December/2025

جموں و کشمیر: حساس بھارتی تنصیبات کے قریب سنائپر ٹیلی اسکوپ برآمد، سیکیورٹی گشت سخت

👁️ 182 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
جموں و کشمیر: حساس بھارتی تنصیبات کے قریب سنائپر ٹیلی اسکوپ برآمد، سیکیورٹی گشت سخت

جموں و کشمیر: حساس بھارتی تنصیبات کے قریب سنائپر ٹیلی اسکوپ برآمد، سیکیورٹی گشت سخت

جموں (ڈیلی اردو) انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے خطے جموں کے سِدھرا قصبے میں ایک چھ سالہ بچے کو کچرے کے ڈھیر سے سنائپر رائفل پر لگائی جانے والی ٹیلی اسکوپ ملنے کے بعد سکیورٹی اداروں نے علاقے میں گشت سخت کر دیا ہے۔

 

جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے اتوار کو بتایا کہ سِدھرا کے ایک گاؤں میں سکیورٹی اہلکاروں نے ایک بچے کو دوربین نما آلے کے ساتھ کھیلتے دیکھا، جس پر فوراً اس آلے کو تحویل میں لے کر مقامی تھانے منتقل کر دیا گیا۔ ابتدائی جانچ کے بعد معلوم ہوا کہ یہ چینی ساخت کا سنائپر ٹیلی اسکوپ ہے، جسے کسی بھی اسالٹ یا سنائپر رائفل پر نصب کیا جا سکتا ہے۔

 

پولیس کے مطابق بچے کے والدین سے پوچھ گچھ کی گئی، جنہوں نے بتایا کہ بچے کو یہ ٹیلی اسکوپ اپنے گھر کے قریب واقع کچرے کے ایک ڈھیر سے ملی تھی۔

 

اس واقعے کے بعد پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں نے سِدھرا قصبے اور اس کے گرد و نواح میں گشت تیز کر دیا ہے۔

 

دوسری جانب ایک علیحدہ واقعے میں قریبی ضلع سانبہ سے ایک کشمیری نوجوان تنویر احمد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وادی کے ضلع اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے تنویر کے موبائل فون سے ایک پاکستانی نمبر ملنے کے بعد اسے تفتیش کے لیے حراست میں لیا گیا۔

 

پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خوفزدہ نہ ہوں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔

 

واضح رہے کہ جس مقام سے چینی ساخت کا ٹیلی اسکوپ ملا ہے، وہاں انڈیا کی سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور دیگر نیم فوجی اداروں کے بڑے کیمپ قائم ہیں، جبکہ اسی علاقے میں انسدادِ دہشت گردی سے متعلق نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کا صوبائی ہیڈکوارٹر بھی واقع ہے۔

 

واقعے کے بعد تمام حساس فوجی اور نیم فوجی تنصیبات کے اطراف سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ شاہراہوں پر گاڑیوں اور مسافروں کی تلاشی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ 

 

پولیس کے مطابق سانبہ اور سِدھرا میں پیش آنے والے دونوں واقعات کی گہرائی سے تحقیقات جاری ہیں۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C