23/September/2026

جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی آپریشن، ٹی ٹی پی کمانڈر تراب محسود ہلاک

👁️ 66 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی آپریشن، ٹی ٹی پی کمانڈر تراب محسود ہلاک

جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی آپریشن، ٹی ٹی پی کمانڈر تراب محسود ہلاک

جنوبی وزیرستان(ڈیلی اردو) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخواہ کے شورش زدہ قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے اہم کمانڈر تراب محسود کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی مکین کے گاؤں دشکہ میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی، جہاں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی اہلکاروں نے کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران تراب محسود کو نشانہ بنایا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تراب محسود مکین اور گردونواح میں ٹی ٹی پی کے مقامی نیٹ ورک کا اہم کمانڈر تھا اور علاقے میں کافی عرصے سے سرگرم تھا۔ حالیہ دنوں میں مبینہ طور پر اس کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز بھی شیئر کی گئی تھیں جن میں وہ دیگر مسلح افراد کے ہمراہ مکین بازار میں گشت کرتے دکھائی دیا۔

سکیورٹی ذرائع نے تراب محسود پر بنوں میں مصالحہ جات کی دکان کے مالک کے مبینہ اغوا میں ملوث ہونے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وہ دیگر دہشتگرد سرگرمیوں میں بھی سرگرم رہا۔

مکین کے دشکہ گاؤں میں ہونے والی کارروائی کو جنوبی وزیرستان میں دہشتگرد نیٹ ورک کے خلاف جاری انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔ سکیورٹی ادارے علاقے میں دہشتگرد عناصر کی نقل و حرکت اور ان کے ممکنہ ٹھکانوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کارروائی کا مقصد دہشتگرد عناصر کے نیٹ ورک کو توڑنا، ان کی نقل و حرکت محدود کرنا اور علاقے میں ان کے ممکنہ حملوں کی منصوبہ بندی کو ناکام بنانا ہے۔

حکام کی جانب سے کارروائی کے دوران دیگر افراد کی موجودگی یا مزید تفصیلات کے بارے میں تاحال کوئی حتمی معلومات جاری نہیں کی گئیں۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C