25/July/2026

جنوبی وزیرستان: چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام، خودکش حملہ آور سمیت 4 حملہ آور ہلاک

👁️ 16 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
جنوبی وزیرستان: چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام، خودکش حملہ آور سمیت 4 حملہ آور ہلاک

جنوبی وزیرستان: چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام، خودکش حملہ آور سمیت 4 حملہ آور ہلاک

راولپنڈی (نمائندہ ڈیلی اردو) پاکستان کے شورش زدہ صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے ایک چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے خودکش حملہ آور سمیت چار حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

 

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے چیک پوسٹ کی سکیورٹی توڑنے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ان کی پیش قدمی روک دی۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے بارود سے بھری گاڑی کو چیک پوسٹ کی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود خودکش حملہ آور ہلاک ہوگیا۔ فوج کے مطابق اس کارروائی سے چیک پوسٹ محفوظ رہی اور سکیورٹی فورسز کو کوئی جانی نقصان نہیں پہنچا۔

 

بیان کے مطابق دھماکے کے بعد فرار ہونے والے تین حملہ آور قریبی ایک عمارت میں جا کر چھپ گئے، جن کا سکیورٹی فورسز نے تعاقب کیا۔ بعد ازاں کیے گئے آپریشن میں تینوں حملہ آور بھی ہلاک کر دیے گئے۔

 

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ اگر مزید حملہ آور موجود ہوں تو انہیں تلاش کیا جا سکے۔ فوج کے مطابق کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک علاقے سے مسلح عناصر کا مکمل خاتمہ یقینی نہیں بنایا جاتا۔

 

دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے میں شامل ایک کمانڈر سمیت چار ارکان ہلاک ہوئے ہیں۔

 

حکام کی جانب سے واقعے سے متعلق مزید معلومات سامنے آنے کا انتظار ہے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C