27/June/2026

جنوبی کوریا: پانچ لاکھ ڈرون جنگجو تیار کیے جائیں گے

👁️ 62 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
جنوبی کوریا: پانچ لاکھ ڈرون جنگجو تیار کیے جائیں گے

جنوبی کوریا: پانچ لاکھ ڈرون جنگجو تیار کیے جائیں گے

سیول (ڈیلی اردو) جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول سے جمعہ 26 جون کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ملکی وزارت دفاع نے بتایا کہ حکومت نے شمالی کوریا کے ساتھ عشروں پرانی فوجی کشیدگی کے تناظر میں اپنی ڈرون فورسز اور کمیونسٹ کوریا کی طرف سے ممکنہ حملوں کی صورت میں اپنی کاؤنٹر ڈرون فورسز کی تعداد اور اہلیت دونوں میں واضح اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

وزارت دفاع کے مطابق اس منصوبے کے تحت سیول پانچ لاکھ ایسے آپریٹرز کو باقاعدہ تربیت دے گا، جن کے لیے حکام نے ''ڈرون جنگجوؤں‘‘ کی اصطلاح استعمال کی۔

 

اس کے علاوہ شمالی کوریا کے ساتھ ساری سرحد پر اگلی صفوں کے فوجی یونٹوں کو بیسیوں ہزار عسکری ڈرونز مہیا کیے جائیں گے، جو ہمہ وقت تیار رکھے جائیں گے اور بوقت ضرورت بغیر انسانوں کے پرواز کرنے والے فضائی دفاعی سسٹمز کے طور پر استعمال میں لائے جا سکیں گے۔

 

جنوبی کوریائی وزیر دفاع آن گیو باک نے جمعے کے روز ایک بریفنگ میں کہا کہ ملکی مسلح افواج نے پہلے یہ منصوبہ بنایا ہے کہ 2029ء تک ملک بھر میں تعیناتی کے لیے 110,000 فوجی ڈرون اندرون ملک ہی تیار کیے جائیں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ بعد میں اس منصوبے میں کچھ ترمیم کر دی گئی اور اب ملکی بحریہ، فضائیہ اور زمینی فوج کے استعمال میں آنے والے ایسے 60,000 ڈرونز 2029ء تک تیار کیے جائیں گے۔ ان میں سے تقریباﹰ 11,000 ڈرونز اسی سال ملکی مسلح افواج کو مہیا کر دیے جائیں گے۔

 

جنوبی کوریائی وزارت دفاع کے مطابق یہ ملٹری ڈرونز آئندہ اس وسیع پیمانے پر استعمال کیے جائیں گے کہ تینوں آرمڈ فورسز کے ہر رکن کے لیے اس کا ڈرون اس کے اہلیت اور اسلحے کا لازمی حصہ ہو گا۔

 

وزیر دفاع آن گیو باک کے الفاظ میں، ''ڈرونز کوئی ایسا عسکری ہتھیار نہیں ہونا چاہییں، جنہیں مسلح افواج کے صرف محدود یونٹ ہی استعمال کریں۔ اب یہ ہر فوجی کا جنگی ہتھیار ہوں گے۔‘‘

 

آن گیو باک نے صحافیوں کو بتایا، ''ملکی مسلح افواج کے ہر فوجی کے لیے یہ ڈرونز آئندہ اس کا دوسرا ذاتی ہتھیار ہوں گے۔‘‘

 

ان ڈرونز کی اندرون ملک تیاری کے لیے سیول آئندہ صرف انہی پرزوں پر انحصار کرے گا جو جنوبی کوریا کے اپنے تیار کردہ ہو‌ں گے۔ ان ڈرونز کی تیاری میں چین سے درآمد کردہ پرزے استعمال نہیں کیے جائیں گے، جس کی وجہ اس حوالے سے پائے جانے والے سکیورٹی خدشات ہیں۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C