لاہور: توہین رسالت کے ملزمان کی وکالت کرنے والے وکیل کو انتہا پسندوں سے جان کا خطرہ
👁️ 100 بار دیکھا گیا
لاہور: توہین رسالت کے ملزمان کی وکالت کرنے والے وکیل کو انتہا پسندوں سے جان کا خطرہ
لاہور (ڈیلی اردو/بی بی سی) پاکستان میں توہین مذہب کے کئی ملزمان کی کامیابی سے وکالت کرنے والے وکیل سیف الملوک کا کہنا ہے کہ ان کی جان کو انتہا پسندوں کی جانب سے خطرہ ہے۔
سیف الملوک نے حال ہی میں توہین رسالت کے الزام میں موت کی سزا پانے والے ایک مسیحی جوڑے کی وکالت کر کے انہیں بری کرانے میں کامیابی حاصل کی۔
سیف الملوک نے بی بی سی کو سوشل میڈیا پر ایک پیغام دکھایا جس میں انھیں اس جوڑے کو بری کرانے پر قتل کی دھمکی دی گئی تھی۔
توہین رسالت مسلم اکثریتی ملک پاکستان میں ایک انتہائی حساس نوعیت کا معاملہ ہے اور توہین رسالت قانون کے تحت ایک قابل تعزیر جرم ہے جس کی زیادہ سے زیادہ سزا پھانسی ہے۔
پاکستان میں اب تک توہین رسالت کے جرم میں کسی کو پھانسی کی سزا نہیں ہوئی ہے لیکن متعدد لوگوں کو جن پر توہین رسالت کا الزام لگا انھیں انتہا پسند عناصر نے ہلاک کر دیا۔
انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنانے کے لیے توہین رسالت کے قوانین کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے اور اس قانون کو ذاتی دشمنیاں نکالنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
اس ماہ کے اوائل میں لاہور ہائی کورٹ نے مسیحی جوڑے شگفتہ کوثر اور ان کے شوہر شفقت ایمینوئل کی سزا ناکافی ثبوت کی بنیاد پر کالعدم قرار دے دی تھی۔
اس جوڑے کو سنہ 2014 میں پیغمبر اسلام کے بارے میں نامناسب ٹیکسٹ میسج کرنے کے الزامات پر موت کی سزا سنائی گئی تھی۔ ان کا اصرار تھا کہ وہ بے گناہ ہیں۔ کوثر کے بھائی نے بی بی سی کو گذشتہ سال بتایا تھا کہ ان کی بہن بہنوئی پڑھے لکھے نہیں اور وہ تحریری پیغامات نہیں بھیج سکتے۔
سیف الملوک ماضی میں ایک مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی وکالت بھی کر چکے ہیں جنہوں نے توہین رسالت کے الزامات میں آٹھ سال جیل میں کاٹے تھے اور جن کی سزا کے خلاف بین الاقوامی سطح رد عمل سامنے آیا تھا۔
آسیہ بی بی کو آخر کار سپریم کورٹ سے رہائی ملی اور جس کے بعد وہ بیرون ملک چلی گئیں۔
آسیہ بی بی کے حق میں فیصلے پر ایک مذہبی رہنما کے کہنے پر ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔
سیف الملوک کا کہنا تھا کہ ’اب جو دھمکیاں انھیں مل رہی ہیں ان کی نوعیت بہت زیادہ سنگین ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ آسیہ بی بی کے فیصلے کے وقت بھی انہیں اس نوعیت کی دھمکیاں نہیں ملی تھیں۔
ان کے مطابق انتہا پسند عناصر کو لگتا ہے اب صرف وہ ان کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ انھوں نے حکومت کو انھیں مناسب سکیورٹی فراہم نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ ‘حکومتِ پاکستان کے کسی کلرک نے بھی مجھ سے رابطہ نہیں کیا ہے۔’
انھوں نے کہا ان کی طرف سے سرکار کو دی گئی متعدد درخواستوں کا بھی کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔
یہ واضح نہیں ہے کہ سیف الملوک کو دی جانے والی دھمکیاں کتنی سنگین ہیں لیکن یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ چند سال قبل توہین رسالت کے ملزماں کی پیروی کرنے والے ایک اور وکیل راشد رحمان کو انتہا پسندوں نے ہلاک کر دیا تھا۔
راشد رحمان اپنے دفتر میں بیٹھے ہوئے تھے جب ان کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا اور ان کے دو نائب زخمی ہو گئے تھے۔
توہین رسالت کے جن ملزمان کو ضلعی یا مقامی عدالتوں سے سزا سنا دی جاتی ان کی اپیلیں اکثر اعلی عدالتوں میں منظور کر لی جاتی ہیں۔ انسانی حقوق کے وکلا کا خیال ہے کہ مقامی عدالتوں کے ججوں کو اکثر ڈرایا اور دھمکایا جاتا ہے اور مقدمات میں سقم ہونے کے باوجود انھیں اپنی مرضی کے فیصلے سنانے پر مجبور کر دیا جاتا ہے۔
ہائی کورٹ میں مسماۃ کوثر جو ایک مسیحی سکول میں کام کرتی ہیں اور ان کے اپاہج شوہر کا مقدمہ لاہور ہائی کورٹ میں طویل التوا کا شکار رہا۔ سیف الملوک کا خیال تھا کہ ہائی کورٹ کے جج بھی اس خوف کا شکار تھے کہ کہیں ان کو نشانہ نہ بنا دیا جائے۔
یورپی پارلیمان نے اس سال اپریل میں ایک قرار داد کے ذریعے پاکستان سے ان قوانین میں ترمیم کرنے اور مسماۃ کوثر کے مقدمے کو خارج کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
سیف الملوک نے کہا کہ اگر اس مقدمے پر بین الاقوامی سطح پر بات نہ کی جاتی تو یہ بھی غیر معینہ مدت تک التوا کا شکار رہتا۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
امریکہ ایران معاہدہ مکمل، آبنائے ہرمز کھل گئی، صدر ٹرمپ کا اعلان
15/June/2026 👁️ 125 بار دیکھا گیا
امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا، پاکستانی وزیراعظم
15/June/2026 👁️ 130 بار دیکھا گیا
غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 6 فلسطینی ہلاک
15/June/2026 👁️ 107 بار دیکھا گیا
بیروت پر اسرائیلی حملے کے بعد ایران کا سخت ردعمل
15/June/2026 👁️ 116 بار دیکھا گیا
خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے 10 واقعات میں مائننگ بارودی مواد کے استعمال کا انکشاف
15/June/2026 👁️ 178 بار دیکھا گیا
بیروت پر اسرائیلی حملہ، حزب اللہ کے سینئر کمانڈر علی موسی دقدوق 5 ساتھیوں سمیت ہلاک
15/June/2026 👁️ 107 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8828 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4555 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3269 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2449 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2089 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ نے پولیس افسر قیصر حسین کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرلی
26/August/2025 👁️ 1896 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C