23/November/2026

لکی مروت : پولیس وین پر آئی ای ڈی دھماکہ دو اہلکاروں سمیت پانچ افراد زخمی

👁️ 46 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
لکی مروت : پولیس وین پر آئی ای ڈی دھماکہ دو اہلکاروں سمیت پانچ افراد زخمی

لکی مروت : پولیس وین پر آئی ای ڈی دھماکہ دو اہلکاروں سمیت پانچ افراد زخمی

لکی مروت (ڈیلی اردو) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے شورش زدہ ضلع لکی مروت میں لنڈ احمد خیل روڈ پر تھانہ صدر کی پولیس گاڑی کو دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) دھماکے سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں اور تین شہریوں سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے پولیس وین کو بھی نقصان پہنچا، تاہم واقعے میں کسی شخص کی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔

پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب تھانہ صدر کی پولیس گاڑی لنڈ احمد خیل روڈ سے گزر رہی تھی۔ دھماکے کی زد میں آکر پولیس اہلکار کامران اور سجاد جبکہ تین شہری ثناء اللہ، شفقت اللہ اور محمد ذیشان زخمی ہوگئے۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان جلال خان کے مطابق اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں ایمبولینسوں کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد سٹی ہسپتال لکی سٹی منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

دھماکے کے بعد پولیس اور سکیورٹی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور شواہد جمع کرنے کے لیے کارروائی شروع کردی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں سڑک کنارے نصب بارودی مواد استعمال کیا گیا، تاہم اس حوالے سے مزید تکنیکی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔ تاحال کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مسلسل سکیورٹی خطرات کا سامنا ہے۔ حالیہ مہینوں میں ان علاقوں میں پولیس گاڑیوں اور اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے لیے دیسی ساختہ بموں اور دیگر طریقوں کے استعمال کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
 

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C