25/July/2026

محسن نقوی کی سرفراز بگٹی سے ملاقات، دہشت گردی کے خلاف اقدامات مزید تیز کرنے پر اتفاق

👁️ 13 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
محسن نقوی کی سرفراز بگٹی سے ملاقات، دہشت گردی کے خلاف اقدامات مزید تیز کرنے پر اتفاق

محسن نقوی کی سرفراز بگٹی سے ملاقات، دہشت گردی کے خلاف اقدامات مزید تیز کرنے پر اتفاق

کوئٹہ (نمائندہ ڈیلی اردو) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں اور سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

ملاقات کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی مشترکہ زیر صدارت بلوچستان میں امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال، انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

 

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان نے صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں بلوچستان پولیس اور انسداد دہشت گردی فورس (سی ٹی ڈی) کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے، جدید تربیت فراہم کرنے اور انہیں جدید آلات و وسائل سے لیس کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

 

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ بلوچستان پولیس کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پہلے سے کیے گئے فیصلوں پر تیز رفتاری سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ وفاقی وزارت داخلہ نے اس مقصد کے لیے درکار وسائل، جدید ٹیکنالوجی اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

 

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کا قیام وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بحالی امن کے لیے تیار کیے گئے ماسٹر پلان پر فوری، مربوط اور مؤثر انداز میں عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی حکمت عملی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے صوبائی پولیس کے سابق سربراہان کے تجربات اور مشاورت سے بھی بھرپور استفادہ کیا جائے گا تاکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔

 

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جدید ٹیکنالوجی، مؤثر انٹیلی جنس نظام، بین الادارہ تعاون اور مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور بلوچستان حکومتیں مکمل یکجہتی کے ساتھ امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

 

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت ہر محاذ پر ایک قدم آگے رہے گی اور کسی بھی دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی رٹ ہر قیمت پر برقرار رکھی جائے گی اور دہشت گردوں کے لیے بلوچستان میں کوئی جگہ نہیں چھوڑی جائے گی۔

 

وزیراعلیٰ نے کہا کہ امن کے قیام کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا بھی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرٹ کے فروغ اور شفاف طرز حکمرانی کے ذریعے نوجوانوں کا ریاستی اداروں پر اعتماد مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ امن، ترقی اور خوشحالی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، اور وفاقی حکومت کے تعاون سے بلوچستان میں امن و امان کے قیام، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر مزید تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

 

اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دہشت گردی کے خاتمے، امن کے فروغ اور بلوچستان میں پائیدار استحکام کے لیے وفاق اور صوبائی حکومت باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی کوششیں مزید مؤثر بنائیں گے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C