21/August/2026

پارلیمنٹ سے دفاعی افواج ایکٹ 2026 منظور، نیا کمانڈ ڈھانچہ قانونی حیثیت اختیار کرگیا

👁️ 120 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
پارلیمنٹ سے دفاعی افواج ایکٹ 2026 منظور، نیا کمانڈ ڈھانچہ قانونی حیثیت اختیار کرگیا

پارلیمنٹ سے دفاعی افواج ایکٹ 2026 منظور، نیا کمانڈ ڈھانچہ قانونی حیثیت اختیار کرگیا

اسلام آباد(ڈیلی اردو) قومی اسمبلی اور سینیٹ نے دفاعی افواج ایکٹ 2026 اور نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ ترمیمی بل 2026 منظور کرلیے، جن کے تحت چیف آف ڈیفنس فورسز کے منصب، مشترکہ ہیڈکوارٹر اور دفاعی کمان کے نئے انتظامی و عملی ڈھانچے کو قانونی شکل دے دی گئی ہے۔

 

قومی اسمبلی کے اجلاس کی صدارت اسپیکر ایاز صادق نے کی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف بھی اجلاس میں موجود تھے۔ قانون سازی کے دوران اپوزیشن ارکان نے بلوں کی نقول بروقت فراہم نہ کیے جانے پر اعتراض کرتے ہوئے مزید وقت دینے کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں اپوزیشن نے ووٹنگ کے عمل کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا، تاہم قومی اسمبلی نے دونوں بل منظور کرلیے۔

 

بعد میں بل سینیٹ میں پیش کیے گئے جہاں اپوزیشن ارکان نے بھی بحث کے لیے مزید وقت دینے پر زور دیا۔ ایمل ولی خان نے موقف اختیار کیا کہ قانون سازی شفاف انداز میں ہونی چاہیے اور کسی ایک فرد کو مدنظر رکھ کر قانون نہیں بنایا جانا چاہیے۔

 

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایوان کو بتایا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کا منصب 27ویں آئینی ترمیم کے تحت قائم کیا گیا ہے اور موجودہ قانون سازی اسی آئینی تبدیلی کے تسلسل میں کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق دفاعی افواج ایکٹ کا بنیادی مقصد چیف آف ڈیفنس فورسز کے دفتر اور سیکریٹریٹ سے متعلق انتظامی امور کو قانونی تحفظ فراہم کرنا ہے۔

 

منظور شدہ قانون کے تحت دفاعی افواج کے لیے مشترکہ ہیڈکوارٹر قائم ہوگا، جو مسلح افواج کے مشترکہ ہیڈکوارٹر کے طور پر کام کرے گا اور چیف آف ڈیفنس فورسز کے کمانڈ و اختیار میں ہوگا۔

قانون کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز قومی سلامتی، دفاع اور مسلح افواج سے متعلق معاملات میں وزیراعظم کے اعلیٰ فوجی مشیر ہوں گے اور انہیں مسلح افواج کی عملی کمانڈ و کنٹرول کے علاوہ مشترکہ آپریشنز، انضمام، رابطہ کاری اور باہمی ہم آہنگی سے متعلق اختیارات بھی حاصل ہوں گے۔

 

قانون میں چیف آف ڈیفنس فورسز کو متعلقہ قوانین کے تحت مسلح افواج کے بعض اہلکاروں کی ریٹائرمنٹ، سبکدوشی، برطرفی اور ملازمت سے متعلق دیگر معاملات میں بھی اختیارات دیے گئے ہیں۔ وفاقی حکومت قانون پر عملدرآمد کے لیے ضروری قواعد و ضوابط مرتب کرے گی۔

سینیٹ نے نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ 2026 میں ترمیم بھی منظور کی۔ حکومت کے مطابق اس کا مقصد 27ویں آئینی ترمیم کے بعد تشکیل پانے والے نئے دفاعی کمانڈ ڈھانچے کے ساتھ موجودہ قانون کو ہم آہنگ کرنا ہے۔

دفاعی افواج ایکٹ 2026 کو 13 نومبر 2026 سے نافذالعمل تصور کیا جائے گا۔

 

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C