16/August/2026

پاکستان: خیبر پختونخوا میں مختلف واقعات، 5 ٹی ٹی پی دہشت گرد ہلاک، پولیس اہلکار سمیت 9 افراد زخمی

👁️ 82 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
پاکستان: خیبر پختونخوا میں مختلف واقعات، 5 ٹی ٹی پی دہشت گرد ہلاک، پولیس اہلکار سمیت 9 افراد زخمی

پاکستان: خیبر پختونخوا میں مختلف واقعات، 5 ٹی ٹی پی دہشت گرد ہلاک، پولیس اہلکار سمیت 9 افراد زخمی

پشاور (ڈیلی اردو) — پاکستان کے شورش زدہ صوبہ خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی کارروائیوں سمیت مختلف پرتشدد واقعات میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ پولیس اہلکار سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ مختلف واقعات میں مسلح دہشت گردوں کی جانب سے پولیس چیک پوسٹوں اور تھانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

 

بنوں میں 5 ٹی ٹی پی دہشت گرد ہلاک

ضلع بنوں کے علاقے ڈومیل میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔

 

پولیس کے مطابق سدرون، اکبر علی خان کلا اور ملحقہ علاقوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں کیپٹن (ر) محمد فرقان بلال کی قیادت میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔

 

کارروائی کے دوران پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی۔

 

پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ متعدد دہشت گرد زخمی بھی ہوئے جنہیں ان کے ساتھی جھاڑیوں اور دشوار گزار علاقوں میں منتقل کر گئے۔

 

سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے میں دہشت گردوں کے ممکنہ ٹھکانوں اور نقل و حرکت کے خلاف سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔

 

باجوڑ میں پولیس چیک پوسٹ پر مسلح دہشت گردوں کا حملہ، اہلکار ہلاک

قبائلی ضلع باجوڑ کی تحصیل برنگ کے علاقے کوہی سر میں مسلح دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

 

پولیس کے مطابق مسلح دہشت گردوں نے تھانہ برنگ کوہی سر کی پولیس پوسٹ کو نشانہ بنایا، جہاں تعینات اہلکاروں نے حملہ آوروں کا مقابلہ کیا۔

 

فائرنگ کے دوران پولیس اہلکار ظاہر شاہ ہلاک جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

 

ہلاک پولیس اہلکار ظاہر شاہ کی نماز جنازہ پولیس لائن باجوڑ میں ادا کی گئی، جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ، ڈپٹی کمشنر، ایس پی انویسٹی گیشن، پولیس افسران و اہلکاروں، سول انتظامیہ، باجوڑ اسکاؤٹس، عسکری قیادت، اہلخانہ، عمائدین علاقہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

 

اس موقع پر پولیس حکام نے ظاہر شاہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فرائض کی انجام دہی کے دوران بہادری کا مظاہرہ کیا۔

 

ڈی پی او باجوڑ نے ہلاک اہلکار کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ باجوڑ پولیس اپنے اہلکاروں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرے گی اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

 

ڈیرہ اسماعیل خان میں دو پولیس تھانوں پر حملے

ڈیرہ اسماعیل خان میں گزشتہ شب مسلح دہشت گردوں نے دو پولیس تھانوں کو نشانہ بنایا۔

پولیس کے مطابق مسلح دہشت گردوں نے تھانہ پروآ اور تھانہ درابن پر حملے کیے، جبکہ مقامی شہریوں نے بتایا کہ دونوں مقامات پر کافی دیر تک فائرنگ کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔

پولیس کے مطابق دونوں حملوں میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

 

واقعات کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ حملوں میں ملوث مسلح دہشت گردوں کی تلاش اور حملوں کے محرکات کا تعین کیا جا رہا ہے۔

 

ٹانک میں فائرنگ، دو افراد ہلاک

ضلع ٹانک کی سب ڈویژن جنڈولہ میں مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے سابق امن کمیٹی کے سربراہ نصراللہ نعمت خیل کے بھائی سمیت دو افراد ہلاک ہوگئے۔

 

پولیس ذرائع کے مطابق مسلح دہشت گردوں نے سنگری اور عزیز الرحمن نامی دو افراد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

 

واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور لاشوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا۔

 

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے حملہ آوروں کی تلاش اور فائرنگ کے محرکات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

 

ٹانک میں پولیس تھانے پر دستی بم حملہ

ٹانک میں مسلح دہشت گردوں نے تھانہ سٹی پر دستی بم سے حملہ کیا، تاہم اس واقعے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

 

پولیس ذرائع کے مطابق مسلح دہشت گردوں نے تھانہ سٹی پر دستی بم پھینکا اور حملے کے بعد فرار ہوگئے۔ دھماکے میں تھانے میں موجود تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے۔

 

واقعے کے فوراً بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تھانہ سٹی سمیت گردونواح میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔

پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

 

کرم میں بارودی سرنگ کا دھماکہ، ایک شخص شدید زخمی

قبائلی ضلع کرم میں پاک افغان سرحد کے قریب پیواڑ کے علاقے میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔

 

پولیس ذرائع کے مطابق پیواڑ گاؤں میں راستے میں نصب بارودی سرنگ اس وقت پھٹ گئی جب گلزار حسین نامی شخص گھر سے کھیتوں کی جانب جا رہا تھا اور اس کا پاؤں مائن پر پڑ گیا۔

دھماکے کے نتیجے میں گلزار حسین شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال پاراچنار منتقل کیا گیا۔

 

ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی شخص کے ایک پاؤں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

 

مقامی افراد کے مطابق پاک افغان سرحدی علاقوں میں اس سے قبل بھی بارودی سرنگوں کے دھماکوں کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔ شہریوں نے حکام سے علاقے کو بارودی سرنگوں سے پاک کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

 

لوئر کرم میں مارٹر گولہ گرنے سے ایک خاندان کے 6 افراد زخمی

لوئر کرم کے علاقے سرہ غوڑگہ میں مارٹر گولہ ایک گھر پر گرنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد زخمی ہوگئے۔

 

زخمیوں میں 4 خواتین، ایک بچی اور ایک مرد شامل ہیں۔ مقامی افراد نے زخمیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت قریبی بی ایچ یو مندوری منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔

 

حکام کی جانب سے مارٹر گولہ گرنے کی وجوہات اور اس کے مقام کے بارے میں مزید تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔

 

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں ایک ہی عرصے کے دوران پیش آنے والے یہ واقعات صوبے میں سیکیورٹی کی صورتحال اور مسلح دہشت گردوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے مسلسل موجود خطرات کی نشاندہی کرتے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں سرچ، کلیئرنس اور انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C