پاکستان میں دوران حراست تشدد اور موت قابل سزا جرم قرار
👁️ 29 بار دیکھا گیا
پاکستان میں دوران حراست تشدد اور موت قابل سزا جرم قرار
اسلام آباد (ڈیلی اردو) ایوان بالا سینیٹ میں دوران حراست تشدد اور موت کے انسداد اور سزا کا بل 2021 منظور کر لیا گیا۔
بل پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے پیش کیا اور وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے اس کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ تشدد میں ملوث کسی بھی سرکاری ملازم کو 10 سال تک قید اور 20 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اگر کوئی سرکاری ملازم جس کا فرض تشدد کو روکنا ہے، اگر وہ جان بوجھ کر یا غفلت برتتے ہوئے اس کی روک تھام میں ناکام رہتا ہے تو اسے 5سال قید اور ایک لاکھ روپے تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اس حوالے سے مزید کہا گیا کہ جو بھی شخص دوران حراست موت یا جنسی تشدد کے جرم کا ارتکاب یا اس کی سازش کرے گا تو اسے عمر قید اور 30لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔
مزید براں اگر کوئی سرکاری ملازم جس کا دوران حراست اموات یا جنسی تشدد کی روک تھام ہے، اگر وہ جان بوجھ کر یا غفلت کے نتیجے میں ایسا کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو انہیں کم از کم 7سال قید اور 10لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
بل کے مطابق جرمانہ مقتول یا ان کے قانونی ورثا کو ادا کیا جائے گا، اگر جرمانہ ادا نہیں کیا گیا تو جرم کا ارتکاب کرنے والے سرکاری ملازم کو بالترتیب تین اور پانچ سال تک اضافی قید کا سامنا کرنا پڑے گا۔
حراست کے بارے میں بل میں کہا گیا ہے کہ کسی کو بھی کسی بھی جرم میں “کسی ملزم کے ٹھکانے یا ثبوت کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے کسی کو تحویل میں نہیں لیا جاسکتا جبکہ خواتین کو صرف ایک خاتون اہلکار کے ذریعے تحویل میں لیا جاسکتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تشدد کے ذریعے اقبال جرم عدالت میں ناقابل قبول ہو گا.
دوران حراست تشدد اور موت(روک تھام اور سزا) کے بل 2021 میں کہا گیا کہ اس ایکٹ کے تحت دی گئی سزا ناقابل معافی اور ناقابل ضمانت تصور کی جائے گی۔
اس بل میں دوران حراست تشدد کی صورت میں شکایت کے اندراج کا طریقہ کار بھی بتایا گیا ہے، عدالت موصولہ شکایت کے نتیجے میں درخواست گزار کا بیان ریکارڈ کرے گی اور ہدایت دے گی کہ طبی اور نفسیاتی معائنہ کیا جائے اور اس معائنے کے نتائج 24 گھنٹوں میں عدالت میں پیش کرنا ہوں گے۔
اگر شواہد مل گئے کہ ہوسکتا ہے کہ تشدد ہوا ہے تو متعلقہ عدالت اس معاملے کو مزید کارروائی کے لیے سیشن کورٹ کے پاس بھیجے گی، سیشن کورٹ تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے 15 دن میں رپورٹ طلب کرے گی، بل میں کہا گیا کہ سیشن کورٹ روزانہ کی بنیاد پر شکایت کی سماعت کرے گی اور 60 دن میں فیصلہ سنائے گی۔
بل کی منظوری پر اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ پاکستان آخر کار تشدد کو جرم قرار دینے کے راستے پر گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ بل کی منظوری پر بہت خوش ہیں اور اس بل کے لیے تعاون کرنے پر تمام سینیٹرز، وفاقی وزیر انسانی حقوق اور سینیٹ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے سابق چیئرمین مصطفیٰ نواز کھوکھر کا بھی شکریہ ادا کیا۔
سی پیک اتھارٹی
اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے کے سینیٹر میاں رضا ربانی نے پاک چین اقتصادی راہداری(سی پیک) بل 2021 پیش کیا جسے سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی نے پارلیمنٹ کے ایوان بالا کی ذیلی کمیٹی کے پاس بھیج دیا۔
اس بل میں متعدد ترامیم کی تجویز پیش کی گئی ہے جس میں سی پیک اتھارٹی کی انتظامیہ کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے کنٹرول میں دینا بھی شامل ہے، ترمیمی بل کے مطابق وفاقی حکومت اتھارٹی کو پالیسی ہدایت جاری کرے گی جس پر عمل کرنا ہوگا۔
رضا ربانی نے بل کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل سی پیک اتھارٹی پر تمام کنٹرول چیف ایگزیکٹو آفیسر کا ہوتا تھا لیکن اگر اس بل کو منظوری مل جاتی ہے تو کنٹرول چیف ایگزیکٹو آفیسر کے بجائے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے پاس ہو گا جس میں صوبوں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔
تاہم اس بل کی حکومت کی جانب سے مخالفت کی گئی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ رضا ربانی جتنی ترامیم لیکر آ رہے ہیں، ایسا نہ ہو کہ سی پیک کو پیک کر دیا جائے۔
آرڈیننس
سینیٹر ربانی نے آرڈیننس کے اجرا سے متعلق آئینی (ترمیمی) بل 2021 بھی پیش کیا۔
اس بل کی مخالفت کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ ملک کے صدر کے پاس آرڈیننس جاری کرنے کا اختیار ہے، ہمیں صدر پر اعتماد کرنا چاہیے، اگر صدر کو لگتا ہے کہ اس کی ضرورت ہے تو وہ ایک آرڈیننس جاری کر سکتے ہیں۔
انہوں نے نوٹ کیا کہ آرڈیننس کو پارلیمان منظور نہ کرے تو وہ ختم ہوجاتا ہے، اس طرح آئین پر قدغن کو سپورٹ نہیں کر سکتے۔
رضا ربانی نے کہا کہ صدر سے متعلق اگر پنڈورا باکس نہ کھولتے تو بہتر ہوتا، صدر مملکت پارلیمان سے بالادست نہیں، وجہ بتائیں کہ صدر مملکت قانون سازی کے لیے پارلیمان کے اختیار کیوں استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ یہ وہی صدر ہیں جنہوں نے قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس بھیجا، یہ وہی صدر ہیں جنہوں نے سینیٹ انتخابات خفیہ یا اوپن بیلٹ پیپر سے متعلق ریفرنس بھیجا، شکر کریں کہ صدر مملکت کے خلاف مواخذے کی قرارداد نہیں لائے صرف وجہ پوچھی جا رہی ہے۔
رضا ربانی کی جانب سے بل پیش کرنے کی اجازت طلب کرنے پر ایوان میں ووٹنگ ہوئی جس میں بل پیش کرنے کے حق میں 37 جبکہ مخالفت میں 33 ووٹ آئے۔
رضا ربانی نے آرڈیننس سے متعلق بل ایوان میں پیش کردیا جسے چیئرمین سینیٹ نے متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔
سلیم مانڈوی والا نے سول ایوی ایشن (ترمیمی) بل 2021 کو پیش کیا جس کے تحت پائلٹوں کو پروازوں کے دوران روزہ نہ رکھنے کی ہدایت کی جائے گی، چیئرمین نے مانڈوی والا کو ہدایت کی کہ وہ بل میں ترمیم کے بعد اسے دوبارہ پارلیمنٹ میں پیش کریں۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
لبنان میں اسرائیلی حملے، بچے سمیت 7 افراد ہلاک، جھڑپیں شدت اختیار کر گئیں
22/June/2026 👁️ 122 بار دیکھا گیا
سوئٹزرلینڈ مذاکرات میں پیش رفت کے دعوے، مگر ٹرمپ کی ایران کو سخت دھمکی
22/June/2026 👁️ 170 بار دیکھا گیا
کریمیا پر یوکرین کا بڑا حملہ، 4 افراد ہلاک، ایندھن کی فروخت معطل
21/June/2026 👁️ 188 بار دیکھا گیا
یورینیم افزودگی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، ایرانی صدر پزشکیان
21/June/2026 👁️ 315 بار دیکھا گیا
کراچی میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، خودکش بمبار گرفتار، جیکٹ برآمد
21/June/2026 👁️ 126 بار دیکھا گیا
لبنان میں مداخلت نہ رکی تو ایران پر دوبارہ حملہ کرینگے، امریکی صدر ٹرمپ
21/June/2026 👁️ 164 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8846 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4602 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3296 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2468 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2119 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ نے پولیس افسر قیصر حسین کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرلی
26/August/2025 👁️ 1916 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C