15/April/2026

پشاور: سی ٹی ڈی آپریشن میں 2 دہشت گرد ہلاک، ڈیرہ اسماعیل خان میں بڑا حملہ ناکام

👁️ 194 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
پشاور: سی ٹی ڈی آپریشن میں 2 دہشت گرد ہلاک، ڈیرہ اسماعیل خان  میں بڑا حملہ ناکام

پشاور: سی ٹی ڈی آپریشن میں 2 دہشت گرد ہلاک، ڈیرہ اسماعیل خان میں بڑا حملہ ناکام

پشاور/ڈی آئی خان (نمائندگان ڈیلی اردو ) پاکستان کے شورش زدہ صوبے  خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دو مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

 

سی ٹی ڈی کے مطابق مصدقہ اطلاع پر ریگی ناردرن بائی پاس کے قریب کارروائی کی گئی، جہاں دہشت گرد مبینہ طور پر کارروائی کی تیاری کر رہے تھے۔ 

 

سی ٹی ڈی کی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیم کے پہنچنے پر دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے جواب میں اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران دو دہشت گرد ہلاک پائے گئے۔

 

سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک افراد کی شناخت عباس قسمت خان اور عثمان کستور خان کے ناموں سے ہوئی ہے، جو شاہی بالا کے رہائشی تھے۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور کارتوس برآمد ہوئے، جبکہ عباس کے قبضے سے شہید کانسٹیبل ثنا اللہ کا موبائل فون بھی ملا۔ دونوں ملزمان کانسٹیبل ثنا اللہ کے قتل میں مطلوب تھے۔

 

ادھر ڈیرہ اسماعیل خان میں تھانہ درازندہ کی حدود میں واقع چوکی امان میلہ پر دہشت گردوں کا حملہ پولیس کی بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا گیا۔

 

پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے چوکی کو نشانہ بنایا، تاہم اہلکاروں کی مؤثر جوابی فائرنگ کے باعث حملہ آور فرار ہو گئے۔ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

 

بعد ازاں سرچ آپریشن کے دوران پولیس نے چوکی کے اطراف سے 25 کلو اور 3 کلو بارودی مواد پر مشتمل دو دیسی ساختہ بم برآمد کیے، جنہیں بم ڈسپوزل یونٹ نے ناکارہ بنا دیا۔

 

پولیس حکام نے کارروائی میں شامل اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور امن دشمن عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C