03/September/2026

پشاور میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 4 دہشتگرد ہلاک، اسلحہ برآمد

👁️ 43 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
پشاور میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 4 دہشتگرد ہلاک، اسلحہ برآمد

پشاور میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 4 دہشتگرد ہلاک، اسلحہ برآمد

پشاور(ڈیلی اردو) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پشاور نے بڈھ بیر کے علاقے میں مبینہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 4 مسلح دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ فائرنگ کے بعد بعض دیگر دہشتگرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا کے مطابق بڈھ بیر میں دہشتگردوں کی موجودگی اور نقل و حرکت سے متعلق خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ اطلاعات میں بتایا گیا تھا کہ طاہر عرف معاویہ، جو ضلع خیبر کے علاقے شاکس کا رہائشی بتایا جاتا ہے، اپنے ساتھیوں کے ہمراہ علاقے میں مبینہ طور پر دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے سرگرم تھا۔

خفیہ اطلاع کی بنیاد پر سی ٹی ڈی پشاور نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں اور دہشتگردوں کی ممکنہ آمد و رفت کے راستوں پر نگرانی کے ساتھ گھات لگانے کی کارروائی کی گئی۔

سی ٹی ڈی کے مطابق دو موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم انہوں نے موٹر سائیکلیں چھوڑ کر اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی۔ اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 20 سے 30 منٹ تک جاری رہا۔

فائرنگ ختم ہونے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن کیا، جہاں سے 4 دہشتگردوں کی لاشیں ملیں۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے، جبکہ دیگر ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔

کارروائی کے دوران ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے 3 ایس ایم جیز، ایک پستول، دستی بم، موبائل فون، 3 میگزین اور متعدد کارتوس برآمد کیے گئے۔ پولیس نے دہشتگردوں کے زیر استعمال دونوں موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لے لیں۔

سی ٹی ڈی کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران ایک ہلاک دہشتگرد کی جیب سے افغان تذکرہ بھی ملا، جو امان خان ولد علی خان، ساکن کنڑ، افغانستان کے نام سے جاری کیا گیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دستاویز پر موجود تصویر ہلاک دہشتگرد سے مشابہت رکھتی ہے، تاہم شناخت کی حتمی تصدیق اور دیگر قانونی کارروائی جاری ہے۔

جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرنے اور تکنیکی کارروائی کے لیے بم ڈسپوزل یونٹ اور کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کیا گیا، جنہوں نے موقع پر پہنچ کر ضروری کارروائی شروع کردی۔

سی ٹی ڈی کے مطابق فرار ہونے والے دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے بڈھ بیر اور گردونواح میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

پولیس حکام نے کارروائی میں حصہ لینے والے سی ٹی ڈی افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
 

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C