04/August/2026

کراچی میں پولیس اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ، اسلحہ بھی لے گئے

👁️ 128 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
کراچی میں پولیس اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ، اسلحہ بھی لے گئے

کراچی میں پولیس اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ، اسلحہ بھی لے گئے

کراچی (ڈیلی اردو) پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں نامعلوم دہشت گردوں نے مبینہ طور پر ٹارگٹ کلنگ کی واردات میں ایک پولیس اہلکار کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا اور اس کا سرکاری اسلحہ لے کر فرار ہو گئے۔

 

پولیس کے مطابق واقعہ جمالی پل کے قریب پیش آیا، جہاں پولیس اہلکار زمان ڈیوٹی پر جانے کے لیے اپنے ساتھی اہلکار کا انتظار کر رہا تھا۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی دوسرا اہلکار موقع پر پہنچا، وہ قریب کھڑی ایک ایمبولینس میں پانی پینے چلا گیا۔ اسی دوران ایک نامعلوم دہشت گرد پولیس اہلکار زمان کے قریب آیا، اس سے مختصر بات چیت کی اور پھر اچانک پستول نکال کر اس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

 

تفتیشی حکام کے مطابق اہلکار زمین پر گرتے ہی حملہ آور نے اس کا سرکاری پستول بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔ واردات کے بعد دو موٹر سائیکلوں پر سوار دہشت گرد موقع سے فرار ہو گئے۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ حملہ آور پہلے سے اہلکار کی تاک میں موجود تھے۔ اہلکار زمان کو پانچ سے چھ گولیاں ماری گئیں، جس کے باعث وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ مقتول اہلکار کا تعلق سہراب گوٹھ ڈویژن سے تھا۔

 

واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے، جبکہ اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرکے حملہ آوروں کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔

 

وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

 

تاحال کسی گروپ یا تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، جبکہ پولیس مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C