02/September/2026

کراچی : ٹی ٹی پی کے دو مبینہ دہشتگرد گرفتار، دستی بم برآمد

👁️ 52 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
کراچی : ٹی ٹی پی کے دو مبینہ دہشتگرد گرفتار، دستی بم برآمد

کراچی : ٹی ٹی پی کے دو مبینہ دہشتگرد گرفتار، دستی بم برآمد

کراچی(ڈیلی اردو) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) سندھ نے وفاقی سویلین انٹیلی جنس ادارے کے تعاون سے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے وابستہ دو مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عمر فاروق اور عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق ٹی ٹی پی کے مفتی سعد گروپ سے بتایا گیا ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے دو دستی بم بھی برآمد کیے گئے۔

حکام کے مطابق دونوں ملزمان افغانستان سے اپنے کمانڈر کی ہدایت پر کراچی پہنچے تھے، جہاں انہیں مختلف دہشتگرد سرگرمیوں کے لیے ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔ تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزمان شہر میں اہم مقامات کے علاوہ پولیس اور رینجرز اہلکاروں سے متعلق معلومات بھی جمع کر رہے تھے۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزمان کی جانب سے حاصل کی جانے والی معلومات مبینہ طور پر اپنے کمانڈر تک پہنچائی جا رہی تھیں تاکہ ان کی بنیاد پر مزید کارروائیوں کی منصوبہ بندی کی جاسکے۔ برآمد ہونے والے دستی بم بھی کمانڈر کی ہدایت پر ایک دوسرے ساتھی تک پہنچائے جانے تھے اور انہیں اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔

گرفتار ملزمان کے خلاف سی ٹی ڈی آپریشنز کراچی تھانے میں مقدمات درج کرلیے گئے ہیں، جن میں انسداد دہشتگردی ایکٹ اور دھماکہ خیز مواد ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

یہ کارروائی ایک روز قبل ہونے والے آپریشن کے بعد سامنے آئی ہے۔ یکم ستمبر کو خداداد کالونی میں فٹ بال گراؤنڈ کے قریب ٹی ٹی پی سے وابستہ مبینہ دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سی ٹی ڈی اور وفاقی انٹیلی جنس ادارے نے مشترکہ کارروائی کی تھی۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق اہلکاروں کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کردی، جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کارروائی کے دوران ایک دہشتگرد زخمی ہوا جو اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران ہلاک ہوگیا۔ اس کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جبکہ دو دیگر ملزمان موقع سے فرار ہوگئے تھے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار عمر فاروق اور عبداللہ سے مزید تفتیش جاری ہے، جس کے دوران ان کے دیگر ساتھیوں، کمانڈروں اور ممکنہ اہداف سے متعلق معلومات حاصل ہونے کی توقع ہے۔ حکام نے فرار ہونے والے ملزمان اور نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی ہیں۔

 

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C