12/December/2024

گزشتہ 10 ماہ کے دوران دہشتگردی کے واقعات میں 924 افراد ہلاک ہوئے

👁️ 28 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
گزشتہ 10 ماہ کے دوران دہشتگردی کے واقعات میں 924 افراد ہلاک ہوئے

گزشتہ 10 ماہ کے دوران دہشتگردی کے واقعات میں 924 افراد ہلاک ہوئے

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان بھر میں گزشتہ 10 ماہ کے دوران پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں اس دوران ایک ہزار 566 واقعات رپورٹ ہوئے اور 573 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 924 افراد ہلاک ہوئے جبکہ انٹیلیجنس آپریشن میں 341 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

ڈیلی اردو کے مطابق دہشت گردی کے واقعات اور جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ موصول ہوئی ہے، اور اس دوران دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث 800 اور دہشت گردوں کی مالی معاونت پر2 ہزار466 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 526 مجرمان کو سی ایف ٹی کے تحت سزا دی گئی۔

سرکاری دستاویز کے مطابق سال 2024 کے گزشتہ 10 ماہ کے دوران ملک میں دہشت گردی کے 1566 واقعات میں 924 افراد ہلاک، دو ہزار 121 زخمی اور انٹیلیجینس کی بنیاد پر 12 ہزار 801 کارروائیوں میں 341 دہشت گرد مارے گئے۔

دہشت گردی کی کارروائیوں میں 573 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور ایک ہزار 353 زخمی ہوئے، دہشت گردی کارروائیوں میں 351 عام شہری ہلاک اور 768عام شہری زخمی ہوئے۔

دستاویز کے مطابق سب سے زیادہ 948 واقعات خیبر پختونخوا، 582 بلوچستان، 24 سندھ، 10 پنجاب اور 2 اسلام آباد میں رونما ہوئے۔

خیبر پختونخوا

رپورٹ میں بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں 583 افراد ہلاک اور 1375 زخمی ہوئے، جن میں 437 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور 1059 زخمی ہوئے، 146 شہری ہلاک اور 316 زخمی ہوئے۔

بلوچستان

بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے 307 افراد میں 110 سیکیورٹی اہلکاراور 197 شہری شامل ہیں، اسی طرح 644 زخمیوں میں 263 سیکیورٹی اہلکار اور 381 شہری شامل ہیں۔

سندھ

صوبہ سندھ میں دہشت گردی کی 24 کارروائیوں میں 17 افراد ہلاک اور 38 زخمی ہوئے جن میں 13 سیکورٹی اہلکار ہلاک اور 11 زخمی ہوئے، 4 شہری ہلاک اور 27 زخمی ہوئے۔

پنجاب

پنجاب میں دہشت گردی کے 10 واقعات میں 16 افراد ہلاک اور 63 زخمی ہوئے، جن میں 13 سیکورٹی اہلکار ہلاک اور 19 زخمی ہوئے، 3 شہری ہلاک اور 44 زخمی ہوئے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دہشت گردی کے دو واقعات میں ایک شہری ہلاک اور ایک سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوا۔

341 دہشت گرد ہلاک

دستاویز کے مطابق گزشتہ 10 ماہ کے دوران ملک بھر میں 12 ہزار 801 انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائیاں کی گئیں، جس میں 341 دہشت گرد مارے گئے ہیں اور دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث 800 افراد کو گرفتار کیا گیاہے۔

ریاست مخالف گرفتاریاں

ریاست مخالف دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث 400 افراد کو پنجاب، 203 کو خیبر پختونخوا، 173 کو بلوچستان، 21 کو سندھ اور 3 افراد کو گلگت بلتستان سے گرفتار کرکے فورتھ شیڈول میں ڈالا گیا۔

مالی معاونت

دستاویز کے مطابق دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت پر دو ہزار 466 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 526 مجرمان کو سی ایف ٹی کے تحت سزا دی گئی، اسی طرح دہشت گردوں سے منسلک 58 کروڑ روپے کی رقم وصول ہوئی۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C