افغانستان میں خواتین کیخلاف کریک ڈاؤن جاری، اقوام متحدہ
👁️ 127 بار دیکھا گیا
افغانستان میں خواتین کیخلاف کریک ڈاؤن جاری، اقوام متحدہ
نیو یارک (ڈیلی اردو/رائٹرز/اے پی/ڈی پی اے) اقوام متحدہ کی ایک تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں خواتین کے حقوق کے خلاف طالبان اپنی سختیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ طالبان کا کہنا ہے کہ وہ مرد و خواتین پر اسلامی شریعت کو مکمل طور پر نافذ کرنا چاہتے ہیں۔
پیر کے روز شائع ہونے والی اقوام متحدہ کی ایک نئی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں طالبان کی جانب سے خواتین کے حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں اور حال یہ ہے کہ اگر کوئی خاتون غیر شادی شدہ ہو، یا پھر ان کے ساتھ کوئی مرد سرپرست نہ ہو، تو کام، سفر اور صحت کی دیکھ بھال تک ان کی رسائی کو پوری طرح سے محدود کیا جا رہا ہے۔
افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن نے اکتوبر سے دسمبر کے دوران کی اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ طالبان حکمرانوں کی جانب سے افغان خواتین کی عوامی زندگی تک رسائی کے خلاف کریک ڈاؤن پوری طرح سے جاری ہے۔
افغان خواتین پر مزید پابندیاں
افغانستان میں مرد کی سرپرستی سے متعلق کوئی باضابطہ قوانین موجود نہیں ہیں، تاہم طالبان کا کہنا ہے کہ خواتین کسی ایسے مرد کے بغیر باہر گھوم پھر نہیں سکتیں اور نہ ہی ایک خاص فاصلے تک سفر کر سکتی ہیں، جس سے ان کا خونی رشتہ نہ ہو یا پھر وہ شادی کے ذریعے رشتے میں نہ ہوں۔
تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ اکتوبر میں صرف اس لیے ان تین خواتین ہیلتھ ورکرز کو حراست میں لے لیا گیا تھا، کیونکہ وہ مرد سرپرست کے بغیر کام پر جا رہی تھیں۔
پیر کو جاری ہونے والی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ان خواتین کو صرف اس شرط پر رہا کیا گیا، جب ان کے اہل خانہ نے تحریری طور پر اس ضمانت پر دستخط کیے کہ خواتین اس فعل کو دوبارہ نہیں دہرائیں گی۔
جنوب مشرقی افغانستان کے صوبہ پکتیا میں دینی امور کی وزارت ‘نہی عن المنکر’ نے گزشتہ دسمبر سے مرد سرپرستوں کے بغیر خواتین کی صحت کے مراکز تک بھی رسائی کو روک دیا ہے۔
خواتین پر تعلیمی پابندیاں
سن 2021 میں امریکی اور نیٹو افواج کے انخلا کے بعد جب طالبان نے افغانستان پر قبضہ کیا، تو اس کے فوری بعد ہی طالبان نے خواتین کو نشانہ بنانے کے لیے کئی طرح کی پابندیاں عائد کر دی تھیں۔
رواں ماہ کے اوائل میں ہی، طالبان حکومت نے کہا تھا کہ سن 2022 میں خواتین کے لیے جو ڈریس کوڈ نافذ کیا گیا تھا، اس پر عمل نہ کرنے والی خواتین کے خلاف کریک ڈاؤن کے تحت پہلی بار ایک خاتون کو ”شرعی حجاب” نہ پہننے پر گرفتار کیا گیا۔
طالبان نے افغان لڑکیوں کو چھٹی جماعت سے آگے سکول جانے سے بھی روک دیا اور خواتین کو مقامی ملازمتوں اور غیر سرکاری تنظیموں میں شامل ہونے سے بھی منع کر دیا ہے۔ انہوں نے بیوٹی سیلون بند کرنے کے ساتھ ہی خواتین کے جم اور پارکوں میں جانے پر بھی پابندی لگا رکھی ہے۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ پر طالبان کا ردعمل
خواتین کے حقوق کے خلاف سخت اقدامات کی وجہ سے بہت سے ممالک نے طالبان کی ان حرکتوں پر شدید ردعمل کا اظہار کیا اور دنیا کے بیشتر ممالک نے ان کی حکومت کو ابھی تک تسلیم بھی نہیں کیا ہے۔
افغان طالبان کے مرکزی ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اقوام متحدہ کی تازہ رپورٹ پر اپنے رد عمل میں کہا کہ یہ رپورٹ زیادہ تر غلط فہمیوں پر مبنی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے مشن پر اسلامی قانون یا شریعت کو نظر انداز یا پھر اس پر تنقید کرنے کا الزام بھی لگایا۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ افغانستان میں اسلامی حکومت کے پاس اقتدار ہے اور اس کو چاہیے کہ وہ، ”مردوں اور عورتوں دونوں کے لیے یکساں طور پر شریعت کے تمام پہلوؤں کو مکمل طور پر نافذ کرے۔”
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
لکی مروت: سول کیمپ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ
21/October/2026 👁️ 61 بار دیکھا گیا
حوثی حملوں کے بعد فرانسیسی صدر میکخواں کا سعودی عرب کا اچانک دورہ، تیل تنصیبات کے تحفظ پر بات چیت
21/October/2026 👁️ 72 بار دیکھا گیا
ڈیرہ اسماعیل خان: کلاچی میں سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن، دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہری ہلاک
21/October/2026 👁️ 64 بار دیکھا گیا
سوڈان اور جنوبی سوڈان کے درمیان متنازع ابیئی خطے میں بازار پر ڈرون حملہ، ہلاکتیں 153 ہو گئیں
21/October/2026 👁️ 74 بار دیکھا گیا
پاکستان میں لاپتا افراد کے 11 ہزار سے زائد کیسز میں سے 9,596 حل ہونے کا دعویٰ، 1,439 تاحال زیرِ تفتیش
21/October/2026 👁️ 58 بار دیکھا گیا
ٹانک: جنڈولہ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، مطلوب دہشت گرد ہدایت عرف بدری ہلاک
21/October/2026 👁️ 70 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
ٹرمپ کا ایران کو آخری الٹی میٹم، ڈیل نہ ہوئی تو تباہ کن کارروائی کی دھمکی
04/August/2026 👁️ 26388 بار دیکھا گیاایران میں موساد کیلئے جاسوسی کا الزام، دو افراد کو پھانسی دے دی گئی
04/August/2026 👁️ 15625 بار دیکھا گیاحوثیوں کا سعودی عرب کے نجران ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ
05/August/2026 👁️ 11921 بار دیکھا گیاجنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 9275 بار دیکھا گیایمن میں حوثی باغیوں کے میزائل اور ڈرون حملے، 36 فوجی اہلکار ہلاک
07/August/2026 👁️ 7535 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 5489 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C