امریکی ریاست وسکانسن میں کرسمس پریڈ پر کار سے مبینہ حملہ، 5 افراد ہلاک، 40 زخمی
👁️ 74 بار دیکھا گیا
امریکی ریاست وسکانسن میں کرسمس پریڈ پر کار سے مبینہ حملہ، 5 افراد ہلاک، 40 زخمی
واشنگٹن (ڈیلی اردو/روئٹرز/اے پی) امریکی ریاست وسکانسن میں کرسمس پریڈ پر ایک تیز رفتار کار چڑھا دینے کے واقعے میں کم از کم پانچ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ اس واقعے میں 20 سے زائد زخمی ہیں۔
امریکی پولیس کا کہنا ہے کہ وسکانسن کے شہر ملواوکی کے قریب کرسمس پریڈ کے شرکاء پر ایک تیز رفتار کار چڑھانے کے واقعے میں متعدد افراد ہلاک اور 20 سے زائدزخمی ہو گئے۔ پولیس نے حملے کے بعد ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ اتوار کے روز واؤکیشا میں پیش آیا، جو ملواوکی میٹروپولیٹن ایریا کے حدود میں آتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس حملے میں ملوث ہونے کے شبے میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
کیا ہوا تھا؟
پریڈ کی براہ راست نشر کی جانے والے ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شام ساڑھے چار بجے کے قریب سرخ رنگ کی ایک ایس یو وی (جیپ) رکاوٹوں کو توڑتے ہوئے پریڈ کی جانب تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
پولیس سربراہ ڈین تھامسن نے نامہ نگاروں کو بتایا،”واؤکیشا میں کرسمس پریڈ جاری تھی کہ ایک سرخ رنگ کی ایس یو وی نے رکاوٹوں کو توڑ دیا۔ وہ مغرب کی طرف سے مین اسٹریٹ کی جانب انتہائی تیزی سے آگے بڑھتی چلی گئی۔ اس نے 20 سے زائد افراد کو ٹکر مار دی۔ ان میں بعض بچے تھے اور اس حادثے کے نتیجے میں کئی جانیں بھی ضائع ہوئی ہیں۔”
سوشل میڈیا پر موجود ایک اور ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کار پریڈ کے مارچنگ بینڈ کو کچلتے ہوئے جا رہی ہے، جس کی وجہ سے کئی افراد زخمی ہو گئے۔ حکام نے بتایا کہ ایک پولیس افسر نے کار کو روکنے کی کوشش میں ڈرائیور پر فائرنگ کی۔
حادثے کی تحقیقات جاری
واؤکیشا پولیس کے سربراہ کے مطابق گیارہ بالغ مردوں اور 12بچوں کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
تھامسن نے بتایا،”واؤکیشا پولیس نے ایک مشتبہ گاڑی بھی برآمد کی ہے۔ مختلف پہلوؤں سے اس حادثے کی تحقیقات جاری ہے۔”
مقامی میڈیا کے مطابق حادثے کے بعد پولیس نے واؤکیشا کے رہائشیوں کو گھروں کے اندر ہی رہنے کی اپیل کی کیونکہ پولیس مشتبہ افراد کو تلاش کر رہی ہے۔ پولیس سربراہ نے بتایا کہ متاثرین کو ایمبیولنس، پولیس اور متاثرین کے رشتہ داروں کی گاڑیوں میں ہسپتال پہنچایا گیا۔
ایک مقامی تاجر کرس جرمین کا کہنا تھا،”سڑک پر چھوٹے چھوٹے بچے زخمی حالت میں پڑے ہوئے تھے۔ پولیس افسران اور دیگر اہلکار بے ہوش پڑے لوگوں کو ہوش میں لانے کی کوشش کر رہے تھے۔ ” انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اپنی ڈانس اسٹوڈیو کی 70 لڑکیوں کے ساتھ اس پریڈ میں شامل ہوئے تھے۔
سیاسی رہنماؤں کا اظہار رنج و غم
ایک مقامی عہدیدار انجلیٹو ٹینوریو نے بتایا کہ وہ اس وقت پریڈ میں موجود تھے، جب یہ واقعہ پیش آیا۔ انہوں نے بتایا، “ہم نے ایک زور دار آواز سنی۔ اس کے بعد گاڑی سے کچل جانے والے لوگوں کے رونے اور چیخنے کی آوازیں آنے لگی۔ اس کے بعد ہم نے دیکھا کہ لوگ بھاگ رہے ہیں یا چیخ رہے ہیں۔ اس کے بعد کچھ لوگ زمین پر پڑے ہوئے دکھائی دیے جو شاید گاڑی سے کچلے گئے تھے۔”
پولیس افسر تھامسن نے کہا،” یہ انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے، بہت افراتفری ہے۔ کوئی دوسرا خطرہ بہرحال نہیں ہے۔ جائے واقعہ اب محفوظ ہے۔”
وسکانسن کے گورنر ٹونی ایورز نے اسے “انتہائی سنگدل واقعہ ” قرار دیتے ہوئے ٹوئٹر پر کہا،”کیتھی اور میں واؤکیشا کے تمام بچوں، کنبوں اور اس دلخراش واقعے کے متاثرین کے ساتھ ہیں اور ان کے لیے دعاگو ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے آگے بڑھ کر متاثرین کی مدد کی،”میں ان کا مشکور ہوں۔ ہم متعلقہ محکموں سے رابطے میں ہیں اور مزید اطلاعات کے منتظر ہیں۔‘‘
ریاست کے سینیٹر ران جان اور ٹیمی بالڈون نے بھی اس حادثے پر اپنے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب رواں ہفتے وسکانسن میں حالات کشیدہ رہے ہیں۔
گزشتہ سال واؤکیشا کے قریب شہر کینوشا میں سیاہ فاموں کے ساتھ پولیس کے امتیازی سلوک کے خلاف مظاہرے میں فائرنگ کر کے دو افراد کو ہلاک کرنے والے سفید فام نوجوان کائل رٹن ہاؤس کو ایک عدالت نے رواں ہفتے بری کرنے کا حکم دیا، جس پر نہ صرف وسکانسن بلکہ کئی اور امریکی شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
پاکستانی وزیراعظم امریکہ، ایران مذاکرات میں شرکت کیلئے سوئٹزرلینڈ روانہ
21/June/2026 👁️ 137 بار دیکھا گیا
لبنان میں جھڑپیں جاری، ایک اور اسرائیلی فوجی ہلاک
20/June/2026 👁️ 193 بار دیکھا گیا
بنوں میں مسافر گاڑیوں کے قریب دو دھماکے، 7 افراد ہلاک، 6 زخمی
20/June/2026 👁️ 122 بار دیکھا گیا
غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 5 افراد ہلاک، 12 زخمی
20/June/2026 👁️ 110 بار دیکھا گیا
لکی مروت: دو مختلف مقامات سے تین افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد
20/June/2026 👁️ 119 بار دیکھا گیا
ایران کا آبنائے ہرمز بند کرنے کا اعلان، امریکہ کی تردید
20/June/2026 👁️ 198 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8845 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4593 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3296 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2466 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2114 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ نے پولیس افسر قیصر حسین کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرلی
26/August/2025 👁️ 1914 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C