15/March/2026

ایران کو ’شکست ہو چکی‘، تہران ڈیل کرنا چاہتا ہے، امریکی صدر ٹرمپ

👁️ 156 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
ایران کو ’شکست ہو چکی‘، تہران ڈیل کرنا چاہتا ہے، امریکی صدر ٹرمپ

ایران کو ’شکست ہو چکی‘، تہران ڈیل کرنا چاہتا ہے، امریکی صدر ٹرمپ

واشنگٹن (ڈیلی اردو) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کے بارے میں کہا ہے کہ ایران کو “پوری طرح شکست ہو چکی” ہے اور اب تہران امریکہ کے ساتھ ایک ڈیل کرنا چاہتا ہے۔

 

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ ایران کو اس کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں “مکمل شکست” ہو چکی ہے، حالانکہ ایرانی حکام اب بھی جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کر رہے ہیں۔

 

انہوں نے مزید کہا: “فیک نیوز پھیلانے والا میڈیا یہ بالکل رپورٹ نہیں کرنا چاہتا کہ ایران کے خلاف امریکہ کی عسکری کارروائیاں کتنی نتیجہ خیز رہی ہیں۔ ایران اس جنگ میں پوری طرح ہار چکا ہے اور اب واشنگٹن کے ساتھ ڈیل کرنا چاہتا ہے، لیکن میں ایسی کسی ڈیل کو قبول نہیں کروں گا۔”

 

ٹرمپ نے واضح کیا کہ ایران ڈیل کرنا چاہتا ہے، لیکن وہ اس وقت ایسا کرنے کے لیے تیار نہیں کیونکہ شرائط ابھی مناسب نہیں ہیں۔ ہفتے کے روز امریکی نشریاتی ادارے این بی سی کو ٹیلی فونک انٹرویو میں صدر نے کہا کہ ایران کی جانب سے جوہری عزائم ترک کرنے کا وعدہ کسی ممکنہ معاہدے کا حصہ ہوگا، تاہم انہوں نے شرائط کی تفصیل بتانے سے گریز کیا۔

 

صدر نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے لیے کئی ممالک نے مدد کا وعدہ کیا ہے، لیکن ان ممالک کے نام بتانے سے گریز کیا۔

 

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکہ نے تیل کی برآمدات کے لیے اہم ایرانی جزیرے خارگ کو “مکمل طور پر تباہ” کر دیا ہے اور شاید مستقبل میں اسے دوبارہ بھی نشانہ بنایا جائے گا۔ تاہم، تیل اور گیس کی فراہمی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ بڑی مقدار موجود ہے اور جلد ہی اسے کھول دیا جائے گا۔

 

انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے ایران کے نئے رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کی حالت کے بارے میں بھی کہا: “میں نہیں جانتا کہ وہ زندہ ہیں یا نہیں۔ ابھی تک کوئی بھی انھیں سامنے نہیں لا سکا۔”

 

ٹرمپ نے مجتبیٰ خامنہ ای کی موت کی خبروں کو افواہ قرار دیتے ہوئے کہا: “میں سن رہا ہوں کہ وہ زندہ نہیں ہیں، اور اگر زندہ ہیں تو اپنے ملک کی خاطر سمجھداری سے کام لیتے ہوئے انہیں ہتھیار ڈال دینے چاہییں۔”

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C